عمران خان کی گرفتاری کیلئے گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرنے کیلئے گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کرلیاگیا 1200 اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ زمان پارک کے باہر پولیس وین بھی پہنچ گئی ۔پی ٹی آئی کارکنوں نے زمان پارک کے اطراف کے داخلی راستے بند کردیئے ۔

تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے عمران خان کی رہائشگاہ جانے والا راستہ ایک طرف سے کنٹینر لگا کر بند کیا جارہا ہے۔ گیٹ نمبر2 سے ٹھنڈی سڑک آنے والے راستے کا گیٹ بند کردیاگیا، گیٹ نمبرایک پر تحریک انصاف کے کارکن موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیلئے قلعہ گجر سنگھ میں پولیس کی بھاری نفری تیار ہے۔ پولیس لائن میں اینٹی رائٹ فورس اور واٹر کینن کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

لاہورپہنچنے والی اسلام آباد پولیس کی ٹیم کو بھی لاہور میں ہی رکنے کی ہدایت کر دی گئی ۔

عمران خان کو دیگر مقدمات میں گرفتار کرنے کے لئے بھی مشاورت جاری ، پنجاب حکومت سے بھی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق زمان پارک میں وفاقی پولیس کو روکنے والے کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرانے پر بھی غور کیا گیا ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ آئی جی پنجاب نےعمران خان کی گرفتاری کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے سے کترا رہی ہے۔ پولیس کو خدشہ ہے کہ گرفتاری کے دوران حالات خراب ہوسکتے ہیں۔ جان بھی جاسکتی ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب سے رابطہ کیا۔

واضح رہے کہ عمران خان انسداد دہشت گردی کیس میں بھی مطلوب ہیں۔ ادھر سی سی پی او ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ، ایس ایس پی آپریشنز نے ایس پیز کو نفری الرٹ رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔

تحریک انصاف کے کارکنوں کی کثیر تعداد زمان پارک کے باہر موجود ہے جہاں وہ عمران خان کے حق میں خوب نعرے بازی کررہے ہیں۔ کارکنوں نے ہاتھوں میں ڈنڈے اور پارٹی پرچم تھام رکھے ہیں۔ سابق ارکان اسمبلی بھی زمان پارک کے باہر موجود ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان رہائش پر موجود نہیں۔قانونی کارروائی کی راہ میں غلط بیانی سے کام لینے پر شبلی فراز کے خلاف کاروائی کی جائے گی-پی ٹی آئی رہنماؤں نے یقینی دہانی کروائی کہ وہ قانون پر عمل کریں گے اس لئے ہم امید کرتے ہیں کہ وہ عدالت پیش ہوں گے۔ہم امن و امان کو برقرار رکھنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ملزم عمران خان کو 7 مارچ کی پیشی کے لئے عدالت کے حکم پر عمل درآمد کریں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس کا عمران خان کی گرفتاری سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا جس میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر جائزہ لیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ عمران خان کو7مارچ کو کچہری پیش کیے جانے کے حوالے سےانتظامات کیے جا رہے ہیں۔آئی جی اسلام آباد نے ایس ایس پی آپریشن کو کچہری کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

آئی جی ا سلام آباد نے ہدایت کی کہ کچہری میں عمران خان کی پیشی کے وقت تمام سیف سٹی کیمرے ٹھیک ہونے چاہیے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ عمران خان کو لاہور سے گرفتاری کے بعد راہداری ریمانڈ پر اسلام آباد منتقل کیا جائے گا ۔اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پولیس کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کردی گئی۔پنجاب پولیس موٹروے سے منتقلی کے دوران بھی سکیورٹی فراہم کرے گی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سکیورٹی کے پیش نظر7 مارچ کو کچہری میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ۔ ذرائع پی ٹی آئی لیگل ٹیم کا کہناتھا کہ توشہ خانہ کیس میں وارنٹ کا عمران خان کو بروقت بتادیا تھا ، عمران خان نے لیگل ٹیم سے وارنٹ پر سرسری مشاورت بھی کی ، ذرائع پی ٹی آئی لیگل ٹیم نے کہاکہ وارنٹ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمعہ کو چیلنج کرنے پر اتفاق ہوا۔

ذرائع کاکہناہے کہ لیگل ٹیم کی سستی کے باعث کوئی قانونی حکمت عملی بروئے کار نہ لائی سکی، عمران خان لیگل ٹیم سے وارنٹ گرفتاری کے فیصلے پر مزید مشاورت کریں گے ۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فوادچودھری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو 9 مارچ تک حفاظتی ضمانت دی ہوئی ہے۔اسلام آباد پولیس گرفتاری کی کوشش کرے گی تو یہ توہین عدالت ہو گی ۔

Advertisements
julia rana solicitors london

ذرائع کاکہناہے کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد پولیس کے نوٹس کیخلاف کل لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔اسلام آباد پولیس کے نوٹس کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی ۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply