• صفحہ اول
  • /
  • نگارشات
  • /
  • حمل کا آغاز / پہلا ماہ (بنیادی ٹیسٹ اور احتیاطی تدابیر)۔۔خطیب احمد

حمل کا آغاز / پہلا ماہ (بنیادی ٹیسٹ اور احتیاطی تدابیر)۔۔خطیب احمد

شادی ابھی ہوئی ہے یا شادی کے بعد دوسرا تیسرا بچہ پیدا کرنا ہے۔ کوشش کریں کہ ایک دو ماہ پہلے دونوں میاں بیوی صبح شام واک اور باڈی ویٹ ہلکی پھلکی ورزش شروع کر دیں۔ اپنا مینسٹرل سائیکل لکھنا شروع کریں۔ فرض کریں آپ کو 18 فروری کو پیریڈز ہوئے ہیں۔ آپ نے ڈیٹ لکھی ہوئی تھی۔ اور اگلے ماہ پیریڈز نہیں ہوئے۔ معلوم ہوا اللہ نے امید لگا دی۔ اب آپکا حمل 18 فروری سےآگے تین ہفتوں بعد شروع ہوگا۔ یعنی 11 مارچ سے ڈاکٹر حمل کا آغاز نوٹ کریں گے۔ یورین ٹیسٹ کیا دو سرخ لائنیں واضح ہو گئیں۔ اب بلڈ ٹیسٹ Beta hcg کروا کر خون میں ایچ سی جی کی مقدار سے حمل کے ہفتوں کو اپنے پیریڈز کے بعد لی گئی اندازے کی ڈیٹ سے میچ کریں۔ دو سے تین ہفتوں کا حمل ہوگا۔

اب حمل تو کنفرم دو طریقوں سے ہوگیا۔ الٹراساؤنڈ اور وہ بھی ریڈیالوجسٹ سے کیوں کروائیں؟ اس کا جواب ہے۔ حمل کی لوکیشن معلوم کرنے کے لیے۔ دنیا بھر میں اکٹوپک Ectopic Pregnancy کی ریشو میں چند سال سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس میں بیضے اور نطفے کے ملاپ سے بننے والا زائیگوٹ یوٹرس میں آنے کی بجائے فلاپئین ٹیوب میں یا اووری کے قریب یا کسی اور جگہ بڑھنا شروع کر دیتا ہے۔ اور بر وقت تشخیص نہ ہو تو اس سائیڈ کی اووری یا ٹیوب ڈیمج کرنے کے ساتھ حاملہ ماں کو موت کے منہ میں بھی لے جا سکتا ہے۔

ریڈیالوجسٹ سے ویری فرسٹ سکین میں یہ کہیں کہ وہ خصوصاً یہ چیز دیکھے کہ اکٹوپک حمل تو نہیں ہے۔ اگر گائنا کالوجسٹ سے سکین کروا رہے ہیں تو اسے بھی یہ کہیں۔ میرے علم میں وہ کیس بھی آئے ہیں کہ الٹرا ساؤنڈ ہوا تھا مگر اکٹوپک حمل کی تشخیص نہ ہو سکی تھی۔ اور مسں کیرج اتنے برے طریقہ سے ہوا کہ لڑکی مرتے مرتے بچی۔ اندر خون سے بھر گیا اور آپریشن کرنا پڑا۔

الٹرا ساؤنڈ حمل کے ہفتے بھی بتا دے گا۔ تیسرے ذریعے سے بھی حمل کا آغاز میچ اب کر لیں۔ ورنہ نو ماہ یہی نہیں کلیئر ہوگا کہ یہ کونسا ماہ ہے۔ کنفیوژن ہی رہتی ہے ۔حمل کا دورانیہ اور لوکیشن کنفرم ہو گئی۔

اب آپ کو ڈاکٹر کہے یا نہ کہے آپ نے ہر صورت یہ ٹیسٹ کروانے ہیں۔ بلڈ گروپ ، بلڈ شوگر ۔ بلڈ کمپلیٹ Cbc ۔ای ایس ار ۔ یورین کمپلیٹ ۔ہیپاٹائٹس بی اور سی۔ LFTs, RFTs, اگر ہیپاٹائٹس بی یا سی میں سے کوئی پازیٹو آئے اس صورت میں لیور فنکشن ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔ خون کے جمنے بہنے کی صلاحیت دیکھی جاتی ہے اگر یہ سب یا کچھ درست نہ ہو تو لیور فنکشن اور پی ٹی۔ اے پی ٹی ٹی ریگولر بنیاد پر کروائے جاتے ہیں ۔

اکثر لڑکیوں کو حمل کے شروع میں قے کا مسئلہ ہوتا ہے۔ اور کئیوں کو تو پورے نو ماہ وومٹنگ رہتی ہے۔ کوئی ناگوار خوشبو اور بات سے بھی جو کھایا ہوا سب باہر آجاتا۔ میری اہلیہ کو بھی پورے نو ماہ Onset8 صبح شام کھانا پڑتی ہے۔ اس سے کم کچھ بھی اثر نہیں کرتا۔ اکثریت میں حاملہ خواتین کو اس مسئلے کے لیے envepe ریکمنڈ کی جاتی ہے  کہ رات کو دو گولیاں کھانی ہیں۔ اس کے ساتھ آپ لیموں ادرک اور پودینہ کی خوشبو سے بھی وومٹنگ کو کم کر سکتی ہیں۔ اپنی پسند کی خوشبو لگا کر رکھیں جو کسی ناگوار Smell کو آپ تک نہ آنے دے۔ کچن میں کم سے کم جائیں۔ وہاں بہت وومٹنگ ہوگی۔ گندے بچوں اور اپنی صفائی کا خیال نہ رکھنے والے لوگوں سے بالکل نہ ملیں۔ ناگوار کچھ بھی سامنے آیا وومٹنگ ہو جا  ئے گی۔ اور کئی لڑکیوں کو تو ڈی ہائیڈریشن ہو جاتی ہے۔ نیم بیہوشی میں چلی جاتی ہیں ۔ پھر ان کو Onset انجکشن کے ساتھ مریض کو دیکھتے ہوئے کچھ اور انجیکشن ملا کر گلوکوز کی بوتل میں ڈال کر لگایا جاتا ہے کہ جسم سے پانی کی کمی کو مصنوعی طریقہ سے پورا کیا جائے۔

وومٹنگ جتنی بار مرضی ہو۔ کھانا پینا نہ چھوڑیں۔ اون سیٹ 8 سے ویسے کم ہی وومٹنگ ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ایک چیز جڑی ہے کہ ریگولر کھانے سے پیدا ہونے والے بچے میں Cleft lip and palate کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ڈاکٹرز اس بات کی نفی کرتے ہیں۔ مگر کہتے یہی ہیں کہ اون سیٹ کم لیں۔ ویسے اپنا لائف سٹائل بدل کر اس مسئلے کو کنٹرول کریں۔ کسی صورت بھی نہ ہو تو بھوکے مرنے سے بہتر ہے اون سیٹ صبح شام لے لیں۔ ورنہ کچھ نہیں کھایا جائے گا۔ اور کچھ کھائیں گے نہیں تو بچے کی گروتھ متاثر ہونے کا خدشہ ہوگا۔

فولک ایسڈ کی گولی اور کیلشیم کی ٹکی عموماً سبھی لڑکیوں کو ڈاکٹر بتاتی ہیں۔ وہ ضرور لیں۔ اپنی ڈائٹ بہتر کریں۔ بہت خوش رہیں۔ سسرال والے اور خصوصاً خاوند بیوی کو ان نو ماہ میں پلیز کوئی ٹینشن نہ دیں۔ ساس بہو کو طرح طرح کے طعنے دینے عارضی طور پر  ہی سہی روک لے( ڈیلیوری کے بعد پھر شروع کر لے)۔ دودھ پھل انڈے موسمی پھلوں کا فریش جوس  ، گوشت وغیرہ پہلے دنوں کی نسبت ان دنوں میں زیادہ دیں۔ کھجور کا استعمال حمل میں بہت ہی مفید ہے۔

چیک اپ کروانے کے لیے اگر بائیک پر جائیں تو جمپ لگانے سے گریز کریں۔ بائیک بالکل آہستہ چلائیں۔ ہنڈا 125 بائیک نو ماہ تک بیوی کو کہیں لانے لیجانے کے لیے تو بالکل بھی نہ استعمال کریں۔ اس سے بری اور خطرناک کوئی بائیک نہیں میں نے دیکھی۔ شہر دور ہے گاؤں سے بائیک والے اور پیٹر رکشے شہر جاتے ہیں تو کوشش کریں کار پر جائیں۔ اپنی نہیں ہے تو رینٹ پر لے جائیں۔ مگر سفر کو حاملہ لڑکی کے لیے نو ماہ تک آرام دہ بنائیں۔

بیوی پر خرچ کئے جانے والے پیسے خاوند اپنی امی اور دیگر گھر میں موجود وڈی وڈیری خواتین کو ہر گز نہ بتائے۔ وہ اپنے دور کی بات کرتی ہیں۔ جب سوکھی روٹی اور سالن ہی دستیاب اور کافی ہوتا تھا۔ یا دودھ مکھن دیسی گھی۔ اب وہ دور نہیں رہے۔ لڑکوں اور لڑکیوں کے جسموں میں جان ہی ہوئی نہیں۔ پڑھائی اور جاب کے چکر میں اپنی صحت کا خیال نہیں رکھتیں۔ وہ وڈی وڈیریاں اکثر ڈاکٹر کے پاس جانے سے بھی منع کریں گی دوائی کھانے سے روکیں گی۔ سب باتیں ان کے نوٹس میں لانا ضروری ہی نہیں ہے۔ میری اپنی دادی مجھے منع کرتی ہیں کہ اتنی دوائی نہ کھلایا کرو بیوی کو ہر ماہ نہ گوجرانولہ لے جایا کرو۔ میں اور تمہاری ماں کے کتنے الٹرا ساؤنڈ ہوئے تھے۔ میں گھر سے اہلیہ کو لیکر حویلی جاتا تھا اور گیا کہیں اور ہوتا تھا۔ اور ان سے کہتا تھا دوا ان سے چھپا کر کھایا کریں۔

طریقے سے ہینڈل کرنا ہوتا  ہے ان بڑی عمر کی عورتوں کو یار۔ ان کو اندازہ ہی نہیں ہوتا کہ انکے اور اب کے دور میں آدھی صدی گزر چکی ہے۔ لائف سٹائل بدل چکے ہیں۔ غذا ناقص ہوچکی ہے۔ اور لڑکیاں کھاتی کیا ہیں؟ میری بیگم کی پسندیدہ غذا پیزا برگر شوارمے چاکلیٹ پاپڑ سلانٹیاں پاپڑی چاٹ گولے گپے اور دیگر سب گند بلا ہے۔ یہی دیگر ممی ڈیڈی سٹوڈنٹ لڑکیوں کی بھی غذا ہوگی۔ تو جسم میں طاقت کیا ہوگی؟ اس لیے ڈاکٹر کے مشورے سے فوڈ سپلیمنٹس اور حمل کے دنوں میں غذا کو بہتر کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors

شروع ہی سے کی گئی یہ ساری احتیاط ایک تو زچہ و بچہ کی مستقل صحت کے لیے بہت ضروری ہے۔ دوسرے نمبر پر پیدا ہونے والے بچے میں معذوری کے چانس کو کم کر دیتی ہے۔
حمل کے دوسرے ماہ پر ان شاءاللہ  جلد  بات کریں گے۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست ایک تبصرہ برائے تحریر ”حمل کا آغاز / پہلا ماہ (بنیادی ٹیسٹ اور احتیاطی تدابیر)۔۔خطیب احمد

Leave a Reply