• صفحہ اول
  • /
  • کالم
  • /
  • افغانستان: شمالی اتحاد اور بھارت کے روابط کی کہانی۔۔افتخار گیلانی

افغانستان: شمالی اتحاد اور بھارت کے روابط کی کہانی۔۔افتخار گیلانی

26ستمبر1996ء کو جب طالبان نے برہان الدین ربانی اور احمد شاہ مسعود کی افواج کو شکست دیکر کابل پر قبضہ کرکے سابق صدر نجیب اللہ کو ہلاک کردیا،اسکے ایک ہفتے بعد تاجکستان کے دارلحکومت دوشنبہ میں رات گئے بھارتی سفیر بھرت راج متھو کمار کے گھر پر فون کی گھنٹی بجی،دوسری طرف معزول شدہ کابل انتظامیہ کے دوشنبہ میں نمائندے اور افغانستان کے موجودہ نائب صدر امر اللہ صالح لائن پر تھے۔ انہوں نے سفیر سے گزارش کی کہ ’’ کمانڈر‘‘(احمد شاہ مسعود) چند لمحے قبل دوشنبہ پہنچ گئے ہیں اور وہ بھارت کے سفیر سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ویسے تو دوشنبہ میں موجود سبھی ممالک کے سفراء کابل کے حالات کسی عینی شاہد سے سننے کیلئے بے تاب تھے،مگر کمار نے میٹنگ کی حامی بھرنے سے قبل نئی دہلی میں سینئر حکام سے اجازت طلب کرنے کیلئے مہلت مانگی۔اگلے ہی دن بذریعہ تار ایک مختصر سا جواب آیا کہ’’غور سے سنو،ایمانداری کے ساتھ واپس رپورٹ کرو اور رول بک میں جائے بغیر اپنی صوابدید پر فیصلہ کرو۔‘‘بتایا گیا کہ وزیر خارجہ اندر کمار گجرال نے خود اس ملاقات کی منظوری دی تھی۔لہذا اسی شام کو احمد شاہ مسعود دوشنبہ میں موجو داپنی رہائش گاہ کے ڈرائنگ روم میں خشک میوئوں اور چائے سے بھارتی سفیر کی تواضع کر کے ان کو بتا رہے تھے،کہ طالبان کے خلاف جنگ میں ان کو بھارت کی مدد درکار ہے۔امراللہ صالح مسعود کی گفتگو کا انگریزی میں ترجمہ کر رہے تھے۔یہ یقین کرنے کیلئے کہ صالح ترجمہ ایمانداری کے ساتھ کر رہے ہیں، بھارتی سفیر اپنے نائب ڈاکٹر ایس اے قریشی کو ساتھ لیکر گئے تھے،جو پشتو ، دری اور فارسی بخوبی جانتے تھے۔وہ ایک کونے میں گفتگو سن رہے تھے اور ان کو ہدایت تھی،کہ غلط ترجمہ کی صورت میں وہ سفیر کو بعد میں خبردار کردیں۔ اسی پہلی ہی میٹنگ میں مسعود نے اپنی چترالی ٹوپی میز پر رکھ کر سفیر کو بتایا کہ وہ اس ٹوپی کے برابر زمین بھی طالبان اور انکے غیر ملکی اتحادیوں کو دینے کے روادار نہیں ہیں اور وہ افغانستان پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے تک جدوجہد کرتے رہینگے۔متھو کمار نے واپس دہلی پیغام بھیجا کہ شمالی اتحاد تو بھارت کی ہی جنگ لڑ رہا ہے،اسلئے انکی حمایت کرنا ملکی مفاد میں ہے۔’’طالبان کے ساتھ جنگ کا مطلب پاکستان کے ساتھ جنگ ہے۔ یہ دراصل ہماری ہی جنگ ہے،جو احمد شاہ مسعود لڑ رہا ہے۔‘‘ خیر دہلی نے شمالی اتحاد کی مدد کی حامی بھر لی اور روس کی مدد سے تاجکستان میں فراخور اور بعد میں آئینی مستقر بھارتی فضائیہ کیلئے مہیا کئے گئے۔مسعود کے مطالبات کی فہرست طویل ہوتی گئی،مگر بھارتی سفیر نے ان کو متنبہ کیا کہ نئی دہلی ایک حد تک ہی مدد کرسکتا ہے۔متھو کمار نے اعلیٰ افسران کو ایک پیغام میں بالی ووڈ کا مشہور ڈائیلاگ بھیج کر یہ باور کرانے کی کوشش کی کہ شمالی اتحاد کو کامیابی کیلئے بھارت کی اشد مدد درکار ہے۔سفیر نے پیغام دیا:’ ’ ہم نے اسکو (احمد شاہ مسعودکو) لیکوڈ (مائع) آکسیجن میں ڈبو دیا ہے۔ لیکوڈ اسکو زندہ نہیں رہنے دیگا ، آکسیجن اسکو مرنے نہیں دیگا۔‘‘تب تک اندر کمار گجرال کا تختہ پلٹ گیا تھا اور وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی مخلوط حکومت بر سراقتدار آگئی تھی۔اس حکومت میں وزیر خارجہ جسونت سنگھ تاجکستان سے آئے پیغامات کو خود ہی ڈیل کرتے تھے۔انکا حکم تھا کہ آدھی رات گئے بھی اگر کوئی پیغام آئے،تو انکو جگا کر مطلع کیا جائے۔بھاری ہتھیاروں کے بغیر بھارت نے توپ اور مارٹروں کیلئے ایمونیشن، کشمیر کے عسکریت پسندوں سے ضبط کئے گئے۔ بندوقیںوکلاشنکوف و دیگر اسلحہ،گرم کپڑے،جوتے،ادویات وغیرہ کی ترسیل متواتر بذریعہ تاجسکستان روانہ کی۔تاہم احمد شاہ مسعود کو رقوم لندن میں ان کے برادر ولی مسعود کے ذریعے پہنچائی جاتی تھی۔تاجک کسٹم حکام فراخور سے افغانستان کے بارڈ کے اس پار سازو سامان لے جانے میں مدد کرتے تھے۔مسعود کی افواج کے پاس 10ہیلی کاپٹر بھی تھے۔ جن کی مرمت اور پرزے مہیا کروانے کی ذمہ داری بھارت نے لی تھی۔ 1996ء سے 1999ء کے دوران بھارت نے دو ایم آئی۔ 8ہیلی کاپٹر شمالی اتحاد کو گفٹ کئے۔لیکن شمالی اتحاد کیلئے سب سے اہم مدد فراخور میں بھارت کی طرف سے قائم ملٹری اسپتال تھا۔ جس پر بھات نے7.5ملین ڈالر کی خطیر رقم خرچ کی تھی۔ اس میں30بیڈ کے علاوہ آٹھ مریضوں کیلئے آئی سی یو کی بھی سہولیت دستیاب تھی۔اس اسپتال کے صحن میں ہی ایک ہیلی پیڈ بھی بنایا گیا تھا، تاکہ زخمیوں کو جلد علاج و معالجہ کی سہولیت فراہم کی جاسکے۔ جنوری 1991ء میں ویتنام کے دورہ سے واپسی پر وزیراعظم واجپائی کے اصرار پر تاجکستان کے صدر ایمامولی رحمون دہلی میں لنچ کیلئے رکے۔ واجپائی نے ان سے فراخور کے علاوہ آئینی فضائی مستقر بھارت کو دینے کی گزارش کی،جو منظور کی گئی۔یہ ہوائی اڈہ سویت یونین کے دور میں خاصی اہمیت کا حامل تھا، مگر اس کا اب کوئی پرسان حال نہیں تھا۔گو کہ بھارت نے اس بیس پر اپنے جہاز تو نہیں رکھے ہیں،مگر وہاں ایک گروپ کیپٹن اور چار دیگر افسران کو متعین کیاہوا ہے۔ فراخور کے ہی اسپتال میں احمد شاہ مسعود نے 9ستمبر 2001ء کو آخری سانس لی۔ افغانستان کے تکہار صوبہ کے خواجہ بہائوالدین میں جب مسعود پر خود کش حملہ کیا گیا تو ہیلی کاپٹر میں ان کو فراخور کے بھارتی اسپتال ہی لے جایا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ ان کی موت ہیلی کاپٹر میں ہی واقع ہوئی تھی اور بھارتی ڈاکٹرو ںنے اسکی بس تصدیق ہی کی۔تب تک متھو کمار دوشنبہ سے ٹرانسفر ہوکر بیلا روس کے دارلحکومت منسک پہنچ گئے تھے۔ امر اللہ صالح نے ان کو فون پر مسعود پر حملہ سے آگاہ کرکے مدد کی درخواست کی۔ اسی دن متھو کمار شادی کے بندھن میں بندھنے والے تھے اور تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔مہمان وغیرہ آچکے تھے، کہ یہ خبر سن کر کوئی وجہ بتائے بغیر انہوں نے تقریب منسوخ کر دی۔ اسکے کئی روز بعد مسعود کی ہلاکت کا اعلان کیا گیا۔افغانستان پر امریکی فوج کشی کے بعد فراخور میں موجود اس اسپتال کو بند کرکے مزار شریف منتقل کردیا گیا۔ اپنی موت سے پانچ ماہ قبل احمد شاہ مسعود چار روزہ دورہ پر نئی دہلی وارد ہو ئے تھے۔انکا یہ دور انتہائی خفیہ رکھا گیا تھا۔ اپنی کتاب A Call to Honour میں جسونت سنگھ رقم طراز ہیں کہ یہ دورہ نہایت حساس تھا۔انکا کہنا تھا کہ شمالی اتحاد کو بھارتی مدد کے کئی اسرار ابھی بھی پردہ راز میں ہیں۔متھو کمار کے مطابق احمد شاہ مسعود طالبان سے زیادہ غیر ملکی عسکریوں سے نفرت کا اظہار کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا پورا مسئلہ ہی غیر ملکیوں کی موجودگی کی وجہ سے ہے اور ان کا مقصد ان کو باہر نکالنا ہے۔ مزار شریف میں 1998ء میں طالبان کی طرف سے ایرانی سفارت کاروں کے قتل کے بعد ایران نے دو لاکھ 50ہزار فوج افغانستان کی سرحدوں پر جمع کی اور انہوں نے سفارت کاروں کے خون کا بدلہ لینے کیلئے فوج کشی کی پوری تیاری کر دی تھی۔مگر بھارتی سفیر کے مطابق احمد شاہ مسعود کی مداخلت کی وجہ سے ہی ایران نے فوج کشی سے احتراز کیا۔مسعود نے تہران میں حکمرانوں تک پیغام پہنچایا کہ چونکہ وہ خود غیر ملکی عسکریت پسندوں سے بر سرپیکار ہیں،اس لئے وہ ایرانی مداخلت کی حمایت نہیں کر سکتے ہیں۔احمد شاہ مسعود کے ساتھ متواتر ملاقاتوں کے بعد متھو کمار نے نئی دہلی میں حکمرانوں کومتنبہ کیا تھا کہ کسی بھی صورت میں کبھی بھی افغانستان میں براہ راست مداخلت یا فوج بھیجنے کی غلطی نہ کی جائے۔بھارت ابھی بھی اس پالیسی کو تھامے ہوئے ہے،کیونکہ افغان قوم غیر ملکی افواج کو اپنی زمین پر برداشت نہیں کرتی ہے۔ مگر کیاامریکہ کی مدد کرکے اور بدستور اسکو اپنے ملک میں رہنے کی درخواست کرنے والے افغان حکمران بشمول امراللہ صالح اپنے استاد یا مربی احمد شاہ مسعود کا سبق بھول گئے ہیں؟انکے کردار اور امریکی آشیر واد کے اندر پنپتی اقربا پروری اور بد عنوانی کے ریکارڈ کو دیکھ کر کمانڈر کی روح تڑپتی ہوگی۔کیا یہ اچھا نہ ہوتا کہ طالبان سمیت افغانستان کے سبھی فریق اس ملک کے باسیوں کی فلاح و بہبود کے نام پر یکجا ہوکر اس ملک کو ایشاء کا دل و نقیب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply