سِکّہ۔۔ڈاکٹر ستیہ پال آنند

میں آج بد نما، گھسا پٹا ہوا
پُرانا، مَیل خوردہ سکّہ ہوں۔۔ مجھے
چھُوا ہے سینکڑوں غلیظ انگلیوں کے مَیل نے
مجھے بھرا گیا ہے
گندی تھیلیوں میں
بٹوؤں میں ٹھونس ٹھونس کر سدا
مجھے دیا گیا ہے کاروبار، لین دین میں
حوالگی میں، قرض میں
میں ایک ہاتھ سے کسی بھی دوسرے میں
رخصت و وداع کے بغیر منتقل ہوا ہوں عمر بھر
ہزاروں گندے ہاتھوں کے
پسینے کی تہیں سی جم گئی ہیں میرے جسم پر
مری جبیں بھی، پشت بھی
کچھ ایسے مسخ ہیں کہ اب تو کھوٹا ہونے کا گمان
بھی ہُوا ہے میرے لین دین میں
میں روپیہ بھی پاؤنڈبھی ہوں، مُہر بھی، ریال بھی
نہ جانے کب گھڑا گیا تھا ، یاد تک نہیں مجھے!
میں جب گھڑا گیا تھا ٹھوس دھات سے
سفید، نقرئی ،روپہلا، چمپئی
سنہرا، جاذب نظر تھا ، صاف اور کھرا تھا میں
یہ سادگی کا حسن تھا
کہ میری پرکھ میری تازگی میں تھی
کسی غلیظ ہاتھ نے نہیں چھُوا تھامیرے صاف جسم کو
کسی بھی جیب کی سڑاند،تھیلیوں کی بُو نے میرے
اُجلے پن کو بد نُما نہیں کیا تھا۔۔اور میں
نیا تھا، نو بہ نو تھا
ایک نو نہال طفل سا!
(یہ لفظ ’’نو نہال ‘‘ مجھ کو کیسے یاد آ گیا؟)

Facebook Comments

ستیہ پال آنند
شاعر، مصنف اور دھرتی کا سچا بیٹا

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply