اسلام آباد میں صحافی پر چاقو سے حملہ

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے زیرو پوائنٹ میں نامعلوم افراد نے چاقو کے وار کرکے اخبار ’دی نیوز‘ کے رپورٹر احمد نورانی اور ان کے ڈرائیور کو زخمی کردیا۔پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے اردو یونیورسٹی کے قریب احمد نورانی اور ان کے ڈرائیور پر چاقو سے وار کیے، جس سے دونوں زخمی ہوگئے۔واقعے کے فوری بعد زخمیوں کو علاج کے لیے پولی کلینک منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق حملے میں متاثر ہونے والے افراد کو سر میں زخم آئے ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر بنائی جارہی ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔بعد ازاں ملک کے سیاست دانوں، نامور صحافیوں اور سماجی شخصیات نے اسلام آباد میں احمد نورانی پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔دی نیوز کے ایڈیٹر انصار عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ 6 حملہ آوروں نے احمد نوارانی پر تشدد کیا جس کے نتیجے میں ان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔سینیئر صحافی حامد میر نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی جانب سے احمد نورانی کے حوالے سے دیئے گئے بیان کی نشاندہی کی، جس میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا ’19 ویں صدی کا طریقہ کار 21 ویں صدی کے میڈیا کے دور میں نہیں چلے گا’۔یاد رہے کہ ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس 2017 کے مطابق صحافیوں کے لیے دنیا کے خطرناک ترین ممالک میں پاکستان 139ویں نمبر پر ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ 15 سال میں اب تک 117 صحافیوں کو قتل کیا جا چکا ہے جن میں سے صرف 3 کیسز ہی عدالت تک جا سکے۔گزشتہ روز بلوچستان میں خبر رساں ادارے کے دفتر پر حملے میں 8 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ آواران کے علاقے میں دہشت گردوں نے اخبار لے جانے والی گاڑی پر حملہ کرکے فائرنگ کی اور تمام اخبارات جلادیئے تھے۔واضح رہے کہ علیحدگی پسند تنظیموں نے بلوچستان میں میڈیا ہاؤسز پر ان کے بیانات جاری نہ کرنے پر حملوں کا اعلان کر رکھا ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply