شاعر سے مکالمہ۔۔سعید چیمہ

پوچھا: کیا کرتے ہیں آپ؟
فرمایا: جی میں شاعر ہوں
مطلب آپ کچھ بھی نہیں کرتے؟
جی بتایا تو ہے کہ شاعر ہوں شاعری کرتا ہوں
شاعری کی طرف کیسے راغب ہوئے؟
بس کرنے کو کچھ نہیں تھا تو سوچا کہ کیوں نہ شاعری ہی کی جائے
لوگوں کی کیا رائے ہے آپ کی شاعری کے بارے میں؟
جی لوگ تو میرے شعروں پر دھڑا دھڑ داد دیتے ہیں
اپنا کوئی شعر تو سنائیے؟
کس نے جینز کری ممنوع
پہنو ۔۔۔
ارے رے بس بس۔۔ویسے
ایسے شعروں پہ آپ کو داد ملتی ہے؟
جی بالکل
یہ داد دیتا کون ہے؟
یونیورسٹیوں کے طالبعلم
مطلب کوئی بھی صاحبِ عقل اور شعری ذوق رکھنے والا آپ کو داد نہیں دیتا؟
دیکھیں جی بات یہ ہے کہ اچھے شاعر اور اچھا ذوق رکھنے والوں کا معیار بلند ہوتا ہے اور وہ ہوتے بھی کنجوس ہیں داد دینے کے معاملے میں
اچھا یہ بتائیں کہ آپ کا پسندیدہ شاعر کون ہے؟ جس سے آپ سیکھتے ہیں؟
جی میرا پسندیدہ شاعر بھی میں ہی ہوں اور سیکھتا بھی خود سے ہوں
شعر لکھتے کیسے ہیں؟
جی بس کرم ہوتا ہے تو اوٹ پٹانگ قافیہ و ردیف ملا کے شعر بنا لیتا ہوں
شاعری میں اپنا مقام کہاں دیکھتے ہیں؟
جی وہ وقت دور نہیں جب اردو کو ہماری وجہ سے پہچانا جائے گا، لوگ غالب و اقبال کو بھول جائیں گے!
اپنی تعریف کے معاملے میں آپ کافی فراخ  دل واقع  ہوئے ہیں؟
جی یہ تو لوگوں کی بد قسمتی ہے کہ وہ ہمیں ہمارا مقام نہیں دے رہے ورنہ تو ہمیں ہر وقت پلکوں پر بٹھایا جاتا
آپ کی ویسے تعلیمی قابلیت کیا ہے؟
جی آٹھویں کلاس میں کامیاب نہ ہونے کے سبب سکول چھوڑ دیا تھا
مطلب آپ فیل ہو گئے تھے؟
فیل کا لفظ مناسب نہیں لگتا، لہذا یہ کہیں کہ کامیاب نہیں ہو سکا تھا
سکول اور کالجز کی اردو کی کتابوں میں جو غزلیں اور نظمیں شامل ہیں ان کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟
ایسی شاعری تو ہمیں بالکل نہیں بھاتی جو تھوڑی اچھی ہو، یہ تو پنجاب ٹیکسٹ بک والوں کی نا اہلی ہے کہ انہوں نے ابھی تک اردو کی کتاب میں میری غزلیں شامل نہیں کیں، اگر آپ کہتے ہیں تو آپ کو ابھی ایک کتاب پیش کیے دیتا ہوں اپنی شاعری کی، جو آپ کا شعری ذوق برباد کر دے گی، معاف کیجیئے گا کہنا یہ تھا کہ آپ کا شعری ذوق بہتر بنا دے گی
یہ کتاب کس پبلشر نے چھاپی ہے؟
بات یہ ہے کہ پبلشر میری کتاب چھاپنے پر رضا مند نہیں ہو رہے تھے، بقول ان کے یہ شاعری کی کتاب کم اور لغویات کی زیادہ ہے
آپ بیٹھیے میں ابھی آپ کے لیے کتاب لے کر آتا ہوں
اور ہم نے بصد احترام مفت میں بھی کتاب وصول کرنے سے انکار کیا اور وآپسی کی راہ لی!

Facebook Comments