عہدنامہ برائے سال 2017

نیو ایئر باؤنٹیز

نیا۔سال
حسب معمول نئے سال کا آغاز بھرپور پھڈے سے ہوگا اور پہلا رگڑا نیا سال منانے والوں کو ہی دیا جائے گا لہذا حوصلے اور عزائم بلند رکھیں اور جو لوگ اس موقع پر گناہوں کی معافی، توبہ استغفار کیلئے لڑبھڑ رہے ہیں ان کے ندامت کے آنسؤوں سے بھرے دابڑے، کڑاہیاں اور بٹھل شیشیوں میں بھر کے تبرک کے طور پر محفوظ کرلیں، گنہگاروں پر چھڑکنے کے کام آئیں گے تاکہ ان کے دل بھی موم ہو جائیں۔

ہیپی۔بر۔ٹھڈے
جن خواتین و حضرات کی سالگرہ کسی تکنیکی غلطی کی وجہ سے یکم جنوری قرار پائی تھی وہ اب اس غلطی کی سزا پانے کیلئے بیقرار ہو جائیں یعنی ان سب کو آج ہیپی برٹھڈے اور ڈھیروں انیک تمنائیں سہنے کیلئے بھی تیار رہنا ہوگا، واضع رہے کہ ان حضرات کو آدھا پاؤنڈ کیک کی تصویر بھی ٹیگ نہیں کی جائے گی، پیسٹری کی امید بھی مت رکھیئے گا، بچوں کا خراب کیا ہوا کیک کا کچرا تک نہیں وش کیاجائے گا، رہے پھول تو سڑے ہوئے گیندے کے پھول بھی نہیں دیں گے، ایہہ ساڈی غلطی تھوڑی اے، کس نے کہ تھا فرسٹ جنوریرئین بن جائیں۔

ویلے۔ان۔ٹائیں۔ٹائیں
دوسری بڑی جھڑپ دوسرے بابرکت مہینے میں ہوگی جس میں ویلینٹائین منانے والوں کو امسال بھی یہ طعنہ سننا پڑے گا کہ اپنی بہنوں کو بھی اس کام کی اجازت دو ورنہ اس بغیرتی سے باز آجاؤ، ایسے میں یاشیخ ویلینٹائین المدد یاشیخ کا نعرہ لگا کے مخالفین کو سڑانا مت بھولئے گا، جن کو موقع ملے وہ چپکے سے ویلینٹائین منا لیجئے گا اور جن کو چانس نہ ملے ان پر اس شنیع و قبیح فعل کا رد کرنا شدومد کیساتھ لازم رہے گا۔

اجازت۔نامہ
جو لوگ حکومت اور سوسائیٹی سے اجازت لیکر کچھ کرنا چاہتے ہوں ان سے گزارش ہے کہ اس سال بھی ایسی کوئی اجازت نہیں دی جائے گی اور موصول شدہ تمام درخواستیں پایہءحقارت کیساتھ ٹھکرا دی جائیں گی، جس نے جو گند کرنا ہے وہ اپنی صوابدید پر کرے یہاں کونسا کسی نے کسی کو پکڑنا ہوتا ہے تاہم غریب، نادار اور مفلس حضرات ایسی کسی بھی مہم جوئی سے گریز کریں ورنہ انہیں ایک لمبی لسٹ بطور اپنے جرائم قبول کرنا پڑ جائے گی۔

قرا۔رد۔اد۔پاکستان
تیسری جھڑپ تیسرے بابرکت ماہ مبارک میں ہو گی جس میں قرارداد پاکستان سے فرارداد ہونے والوں کی فیس سیونگ کیلئے قراردادِ پاکستان، مشاہیرانِ پاکستان اور احوالِ پاکستان پر حسب توفیق کیچڑ اچھالانے کی پہلی قسط ادا۔داد ہوگی، دوسری قسط بشرطِ قائم و دائمی خباثت 14 اگست اور تیسری و آخری قسط بشرط بقائمی ہوش و حواس انشاءاللہ 06 ستمبر کو مجہولی جوش و جذبے کیساتھ منائی جائے گی۔

عید۔کے۔چاء۔ند
اس سال پھر دو دو ہوں گے بلکہ رمضان اور عیدین کے چاند اپنا اپنا چاند چڑھانے کے بعد ہی نظر آسکیں گے۔

دی۔گر۔تہوار
تمام مذہبی و مغربی تہواروں پر دندان شکن اختلاف حسب روایت شائستگی کے، دم توڑتے ہوئے، نعروں کے درمیان نہ صرف جاری و ساری رہے گا بلکہ ایکدوسرے کیساتھ سینگ پھنسانے کے سب کو یکساں مواقع بھی میسر آتے رہیں گے، دل چھوٹا نہیں کرنا، سب کو نصیب کا مل کے رہے گا۔

قی۔متیں
اشیائے صرف قی۔متیں حسب دستور آپ کو منہ لگانے کی بجائے آسمان سے باتیں کرتی رہیں گی اور آپ اس بے اعتناعی سے مسلسل تنہائی، خوف اور تناؤ کا شکار رہیں گے، خاص خاص تہواروں پر اشیاء قی۔متیں برقی۔متوں میں بدل جاتی ہیں جو بلاوجہ کا بھاؤ تاؤ پوچھنے پر جھٹکا بھی مار دیتی ہیں، اس سال وزیر خزانہ چونکہ وہی چل رہا ہے تو ان قی۔متوں کی صورتحال بھی وہی چلے گی۔

حکُو۔مَت۔مار
عوام قناعت پسندی اختیار کریں اور حکُو۔مَت مار کو زیادہ فرمائشیں مت کیا کریں کیونکہ خزانے پر عوامی نمائندوں کا حق عوام سے بہرحال زیادہ ہے اور رہے گا۔

واہ۔پڈا
زندگی چار دن کی ہے اور چار دن کیلئے بجلی بند رہے گی، اگلے چار دن بھی مینٹینینس کیلئے بجلی کا فقدان ہی رہے گا لہذا شور و غل کرکے اس فقدان کو ڈسٹرب مت کریں۔

مادرا۔فادرا
ہمارے ہاں فوری طور پر شناختی کارڈ بنایا جاتا ہے، ہمارے سینڑز کے باہر لگی بھیڑ بھاڑ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، یہ بغرض تفریح آنے والوں کا مجمع ہے جس سے ہم مبلغ ۱۵۰ روپے فی کس صرف وزٹ فیس لیتے ہیں۔

تیلوے
اورینج ٹرین منصوبہ اس لئے شروع کیا گیا ہے تاکہ آنے والے سالوں، سالیوں میں گاڑیاں وقت پر آیا جایا کریں لہذا اپنے شہر کھدوانے کیلئے ذہنی طور پر تیار رہیں۔

حلماء۔کونسل
ہمیں آپس میں اختلاف کرنے، گریبان پھاڑنے اور لڑنے بھڑنے کا پورا حق حاصل ہے کیونکہ اس کام میں ہمارا ککھ نہیں جاتا لیکن آپ ہم سے اختلاف رائے کی کوشش میں کافر بھی ہو سکتے ہیں لہذا ہمارے آگے زیادہ زبان مت چلائیں۔

پیاسی۔پارٹیاں
ہم واحد پیاسی پارٹی ہیں جس نے عوام کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں لہذا ہم اپنے مخالفین کے عوام دشمن عزائم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

سی۔پرو۔پیک
سی۔پیک ترقی کیلئے شروع کیا تھا لیکن ہم چونکہ ویلے ہیں اور ویلے ہی رہنا چاہتا ہیں اس لئے سی۔پیک میں ہمیں اور کچھ نہیں نظر آتا سوائے اِس کے کہ اس کا اُس کا استحصال ہو رہا ہے جس پر ہمارا صرف جھگڑنا بنتا ہے لہذا ہم اس کو سی۔پرو کے پیک کرکے واپس چین کو دے دیں گے، کوششیں جاری ہیں، ہمیں ایسی چیز نہیں چاہئے جو ہمارے آپس میں اختلافات کا باعث بنے۔

گدگدی۔نشین
نفس مارنا سب سے اہم کام ہے، اس لئے اپنا اپنا نفس مروانے کیلئے قریبی اسٹور پر جوق در جوق تشریف لا کے محض پچاس روپے کے عوض قدمبوسی کی سعادت حاصل کریں اور خالی گلّے کو بھر کر اس کی زیارت کریں تاکہ آپ کا نفس تھاں مر جائے۔

ٹریفک۔جام
جلد بازی بری بات ہے لہذا ٹریفک جام رکھیں تاکہ جلد بازوں کو عبرت حاصل ہو اور حادثات کی شرح محدود کی جا سکے، نیز کسی بڑی سڑک سے جانا ہو تو ہمیشہ آدھا گھنٹہ پہلے نکلا کریں کیونکہ بڑی سڑک پر کہیں بھی کسی بھی وقت رک کر پروٹوکول کا جام پینا پڑسکتا ہے۔

پروٹوکُوووول
بڑے لوگوں کے پروٹوکُووووووول میں اپنا بخار و ایمرجنسیاں لےکے مت گھسا کریں اور عین خوشی کے موقع پر سڑک کنارے مر مرا کر ان کی معصوم سی خوشیوں کو مت گہنایا کریں۔

سرکاری۔ہوپلیسپتال
ہمارے ڈاکٹرز شام کو پرائیویٹ ہسپتالوں میں متواتر آپ کی خدمت میں حاضر رہیں گے، گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں اور حسب روائیت صبح سے آکے لائین میں لگنے کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

ف۔رشتے
اس سال بھی مشکل سے ہی ملیں گے لہذا شادی کے خواب دیکھتے رہیں یا خود انحصاری کے طریقوں سے آگاہی کیلئے قریبی دوست سے مشورہ کریں یا پھر سوشل میڈیا پر نیک نیک باتیں کرکے کسی جنس مخالف کو قائل کرنے کی کوشش کرلیں، نصیب اچھا ہوگا تو آپ کی بہکی بہکی باتیں بھی کام کرجائیں گی۔

رشتے۔دار۔و۔رسن
پر گھسیٹتے رہیں گے، برا ماننے کی ضرورت نہیں، اپنی کامیابیوں سے انہیں بدستور چڑاتے رہیں، جو نصیب میں ہے وہ نظر لگ کے رہے گی اور جن کے نصیب میں آپ کے گھر کا دانہ پانی باقی نہیں رہا وہ جلد یا بدیر روٹھ کر لازمی دکھائیں گے۔

مخ۔لیس۔دوست
دوستوں کی شدید قلت ہے البتہ کام لینے والے بہت میسر آئیں گے انہی سے لگے ہاتھ اپنے کام بھی نکلوانے کی کوشش کر لیجئے گا اور کوئی مخلص حل نہیں۔

گرلط۔فرینڈ
فیس بک سے ملنا محال ہے اس لئے ایک بار پھر یونیورسٹیوں میں داخلہ لیں یا اس معاملے میں خود کفیل دوستوں کا موبائل چوری کروا کے لنک کاپی کریں اور حصولِ مقاصدِ حُسنہ میں کوشاں ہو جائیں۔

تن۔ہائی
کے مارے ہؤوں کو نوید مسرت لکھا ہوا، کسی نہ کسی کی، شادی کا کارڈ ضرور ملے گا اسے دیکھ کر قسمت پر یقین رکھیئے گا کہ جو رات حجلہءعروسی میں لکھ دی گئی ہے وہ کسی قیمت پر باہر نہیں گزرے گی، والدین پر خار مت کھائیے ان کے کاغذوں میں آپ کیلئے دیر ضرور ہے پر اندھیر نہیں، یہاں بڑے بڑے گھامڑ پرنیج گئے ہیں تسی کیہ شے او؟۔

راس۔ت۔بازی
صرف بڑے لوگوں کے اطوار کا نام ہے، چھوٹے لوگ اس گنگا میں اشنان کرنے کی حماقت مت کریں نہ ہی یہ حرکت آپ کو راس آنے والی چیز ہے، اگر آپ بڑے آدمی ہیں تو اس بات پر قائم رہیں جب تک چار چِھلّڑ کہیں سے مل نہیں جاتے۔

ٹ۔ھرک
لاعلاج ہے مگر بھاونائیں مٹانے کا بے ضرر، مفتا، سستا، ٹکاؤ اور پائدار حل بھی یہی ہے، لہذا علاج کرانے کی کوشش مت کریں، اس کا علاج ابھی تک دریافت بھی نہیں ہوا۔

میڈ۔یا
سستی اور سنسنی خیز خبروں کا واحد ذریعہ اسی طرح استفادہء عام کیلئے تھوک میں میسر رہے گا جو ہر گھناؤنی خبر سب سے پہلے آپ کو پہنچا کر داد طلب بھی رہے گا کیونکہ رپورٹر اس سال بھی وہی ہیں جو پچھلے سال تھے لہذا ان کی تنخواہیں بڑھنے یا نہ بڑھنے کا خمیازہ بہرصورت آپ کو ہی بھگتنا ہے۔

یاہوووووو۔دی۔سازشیں
اربوں ڈالر کی مالیت سے یونہی جاری رہیں گی لہذا ان کے سدباب کیلئے نوجوانوں کو بھڑکائے رکھیں ورنہ آپ کی دکانیں بند ہونے کا خدشہ پیدا ہو جائے گا، سازشیں کرنیوالوں کیلئے بھی برکت کی دعا جاری رکھیئے گا ورنہ کسی وجہ سے اگر وہ بیٹھ گئے تو دکانیں بند ہونے کا خدشہ شدید بلکہ دوچند ہو جائے گا۔

شر۔مو۔حیا
برقرار رکھنے کیلئے اپنی نظریں ہمیشہ نیچی رکھیں جو بھی گند بلا دیکھنا ہو وہ نظریں جھکا کے اپنے موبائل فون پر دیکھیں۔

اخ۔با۔رات
گندے گندے اشتہارات اور خبریں اب اخبارات پر بھی میسر ہیں لہذا اخبارات پر بھی رات کے وقت ایک نظر مار کے سویا کریں۔

صوفی۔صد
زلزلے آتے رہنے کا امکان ہے لہذا صوفی۔صد نیک و کار بن کر توبہ توبہ کرتے رہا کریں کیا پتا آپ کے گناہ ہی زلزلوں کا باعث ہوں۔

اخ۔لاء۔قیات
دوسروں کی بہن کو اپنی بہن ہی سمجھیں جب تک وہ سیٹ نہ ہو جائے البتہ دوسروں کی بیویوں کو بھابھیاں ہی سمجھئے اور ان کا احترام بھی کیجئے، انہیں پتا ہوتا ہے کہ کہاں سے آپ کو رشتہ دلوا سکتی ہیں، خوشامد شرط ہے۔

ہے۔ری۔پورٹر
مائیک کسی کے منہ میں ٹھونسنے کا انجام جو پچھلے سال طے ہوا تھا وہی اس سال بھی ہو سکتا ہے کیونکہ تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے لہذا کسی کے منہ میں مائیک ٹھونس کر سوال پوچھنے سے حتی الوسع گریز کریں۔

تحقیق۔کار۔بچیاں
چاہنے والوں کو دریافت کریں نہ کریں چائے پان والوں کو ڈھونڈتی رہیں گی جس کے کارن چاہنے والے ہِٹ ہوں نہ ہوں چائے، پان، سگریٹ، دودھ جلیبی والوں میں سے کوئی نہ کوئی اس سال بھی ہٹ ہو جائے گا۔

بیوڑے۔ز
اس سال بھی کچی پی کر ہی مریں گے جس سے عبرت پکڑ کر ہمیشہ پکی پئیں اور پکے پاؤں بیٹھ کر سکون سے پئیں، اگلے دن اگر خود کو زندہ محسوس کریں تو شکر بجا لانا چاھئے کہ آپ کا برانڈ ابھی تک خالص ہے جبکہ میرا مخلصانہ مشورہ ہے کہ یہ گندا کام چھوڑ کے فیس بک جوائین کر لیں، فیسبک بذات خود بھی ایک نشہ ہے اور اس کے اندر بھی کئی قسم کے خالص نشے ارزاں طور پر دستیاب ہیں۔

فالو۔وَرز
وَر ڈھونڈنے والے کشتگانِ کنوارگی حسب معمول کسی لبرل کی پوسٹ پر جئے اوریا، بلادِ عرب جل رہا ہے، لکھ آئیں تو شام سے پہلے پہلے پانچ سو مولویوں کی ریکویسٹیں آجائیں گی، پھر کسی مولوی کی پوسٹ پر وہی فتوے بازی، وہی دقیانوسی سوچ، وہی قدامت پرستی وغیرہ لکھ کے آجائیں تو شام سے پہلے پہلے پانچ سو لبرل ریکویسٹیں ادھر سے بھی پہنچ جائیں گی، پھر کسی ملحد یا سائنسی کی پوسٹ پر جہالت ایک نشہ ہے لکھ آئیں تو پانچ سو ادھر سے بھی آٹپکیں گی، اب ان سب میں سے بچیاں بچیاں چھانٹ کے علیحدہ کرلیں اور باقی چھان بُورے کو چوپ کر دیں، لیجئے ٹمپریری ڈی۔پی کی طرح سال بھر کا ٹیمپریری بَر کا کوٹہ حاضر ہے، سکرین شاٹ سے بچ بچا کے کھیلتے رہیئے۔

ہائے۔میں۔مر۔گئی
یہ والی بچیاں اچانک اس قسم کا نعرہ مار کے اس سال بھی آپ کا تراہ کاڈتی رہیں گی، جہاں جہاں ایسی چیخ و پکار سنائی دے وہاں فٹا فٹ پہنچیں اور انہیں انبوکس چھیڑنے والوں پر دل کھول کر بلکہ جنگی بنیادوں پر لعنت ملامت شروع کر دیجئے، پھر جب آپ ان کی نظروں میں آجائیں یا سما جائیں تو بیشک گاہے بگاہے انبوکس میں جا کر بھی تسلی دے دیا کریں اور اپنی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلاتے دلاتے اپنی سیٹنگ چلا لیں تاہم دھیان رہے کہ یہ کام سست روی اور غیر محسوس طریقے سے کیجئے کہیں ایسا نہ ہو کہ جلد بازی میں ان کی اگلی چیخ کا سبب آپ ہی بن جائیں۔

علم۔کی۔ٹونٹی
المعروف بہ لکھاری کڈو مجھے ایڈ کرنے ہیں، یہ والی بی۔بیاں ہر تین ماہ میں ایک بار ضرور طلوع ہوتی ہیں، یہ وہ وقت ہوتا ہے جب ان کا پرانا پاءرُو بھاگ چکا ہوتا ہے، ایسے میں فوراً اپنی تین آئیڈیز کا لنک بطور اہم لکھاری مینشن کرنا مت بھولئے، اور یہ بھی مت بھولئے کہ ٹویٹر وغیرہ سے اچھی اچھی پوسٹنگ اکھیڑ کے اپنی ان آئیڈیز پہ سجا رکھی ہونی چاھئیں تاکہ وہ متاثر ہوئے بغیر نہ رہ پائے ورنہ اگلی سہہ ماہی تک کا انتظار کرنا پڑے گا۔

ٹیگنہار
سینے سے پلو کھسکا کر بسوں میں مسافروں کی گود میں چھپے ہوئے کارڈ پھینک کر مانگنے والی جواں سال لڑکیوں کی طرح اس سال بھی آپ کی گود میں اپنے چھپے ہوئے پوسٹر ٹیگ کرکے لائیک کی بھیک مانگتے رہیں گے۔

گروپیئے
گروپوں میں ایڈ کرنے والے گروپیئے ان مالشیوں کی طرح گروپوں میں کھینچتے رہیں گے جو لاری اڈے پر کپڑا بچھا کے کہتے ہیں “آؤ جی پاء جی ایتھے لیٹو تہاڈی مالش کراں، جو دل چاہے دے جانا”۔

کینڈی کرشیئے
اس سال گھونگھٹ اٹھانے سے پہلے ریکویسٹ بھیجیں گے کہ کینڈی کرش کرنے لگا ہوں پاء جی زرا گھونگھٹ اٹھوا جائیں پلیز، اس نازک مرحلے پر ان کا ساتھ دینا واجب سمجھیئے گا ورنہ انسانیت کے اوپر سے ان کا اعتبار اٹھ جائے گا۔

8۔بال پولیئے
ان کی درخواست کے جواب میں صرف اتنا بتا دیجئے گا کہ اخلاقی طور پر بیک وقت صرف چار جائز ہیں اس سے زیادہ سب حرام ہیں۔

جُو۔گا۔لیاں
سُنتے رہیں، گاتے رہیں، اس سے کسرِ نفسی پیدا ہوتی ہے، تاہم گزارش ہے کہ کچھ نئی گال۔ای۔آں بھی ایجاد کرلیں کب تک پرانی چیزیں چلاتے رہیں گے، دنیا کہاں سے کہاں پہنچ گئی اور ہم ابھی تک وہی سن۔صفر۔ماڈل کی گھسی پٹی جگالیاں کر رہے ہیں۔

کمینی۔کیشن
ہسپتال والی صائمہ ابھی حیات ہے اور ہسپتال میں ہی رہائش پزیر ہے، نیب ابھی تحلیل نہیں ہوئی اور انکم اسپورٹ فنڈ بھی ابھی ختم نہیں ہوا لہذا ان کی طرف سے کمیونیکیشن جاری رہے گی، آگے آپ کی مرضی، مانیں نہ مانیں، ڈھیٹ تو آپ ویسے بھی ہو ہی چکے ہیں۔

جم۔ہو۔ریت
پچھلے دس سال میں آپ نے جس جمہوری تسلسل کا بھرپور فیض اٹھایا ہے وہی تسلسل اس سال بھی جاری رہے گا اور عوام کیلئے سرکار اتنی ہی سودمند ثابت ہو گی جتنے لالہ جی عقلمند ہیں یا خٹک صیب شرمیلے آدمی ہیں یا علی سجاد شاہ صوفی بزرگ ہیں یا حضرت ڈار صاحب جتنی فیور شادی شدہ مردوں کی کرتے ہیں یا جتنا سہیل اکبر کروٹانہ ہوائی اڈے سے دور رہتے ہیں یا منور سہیل اپنی ہائیر کی ڈی۔پی سے کما لیتے ہیں یا شیراز حسین چوہان جگت سے جتنے بے نیاز رہتے ہیں یا حافظ صفوان چوہان صاحب جسقدر برہمچاری نظر آتے ہیں۔

لالہ۔جی
اس سال بھی گرمیوں کی چھٹیوں میں ہنگام شہر سے دور کسی مرغزار میں محبوبہ کی گود میں سر رکھ کے لیٹے ہوں گے اور وہ بالوں میں اپنی مخروطی انگلیاں پھیرتے ہوئے دھیرے سے کہے گی “اج فیر تہاڈے موبائل وچوں ایک کڑی دا میسیج پھڑیا گیا سی، خؤرے تساں ناں ٹڈ کیوں نئیں پردا” اور لالہ جی سوچ رہے ہوں گے اس بچی کو صحرا کی پیاس کیسے ڈیفائین کی جائے۔

خٹک۔النساء۔خٹک
رانا صاحب کی چمی لینے والی فوٹو جاری کرنے کے بعد خان صاحب کو تشنہ لب آنٹیوں نے جس قدر دھڑادھڑ فرینڈ ریکویسٹیں اور اپنے گالوں کی تصویریں بھیجی ہیں اس کے پیش نظر خٹک صاحب دسمبر کا شدت سے انتظار کریں گے تاکہ رانا صاحب مکالمہ کیلئے آئیں اور ان کے دوسرے گال کا فوٹو بھی بنوا لیا جائے۔

مُکا۔لَمہ
مکالمہ کانفرنس اس سال بھی ہو گی اور ضرور ہوگی خواہ کچے کے علاقے میں ہی کیوں نہ کرنی پڑے لیکن کراچی کیلئے ڈریس کوڈ پہلے بتایا جائے گا اور منظورشدہ ڈریس کا سیمپل بھی جاری کیا جائے گا اور ڈریس سلوانے کیلئے معقول وقت بھی دیا جائے گا، شنید ہے کہ نیک لوگوں کیلئے سفید گاؤن اور ترکی ٹوپی، درمیانے لوگوں کیلئے طاہر شاہ کا اینجل والا کاسٹیوم اور لبرلز کیلئے دھوتی قمیض جبکہ خواتین کیلئے پردے کا علیحدہ انتظام ہوگا تاکہ لوگ کم ہی آئیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

مکدی۔گل۔دا۔مکالمہ
قصہ مختصر یہ کہ ہیپی نیو ایئر گیا تیل لینے
لیٹ۔اَس سے جسٹ اے وارم ویلکم ٹو اپ کمنگ اے برانڈ نیو پھڈا ایئر 2017
چِیئرررررررررررزززززززززز
۔
۔

Facebook Comments

لالہء صحرائی
ایک مدھّم آنچ سی آواز ۔۔۔ ایک حرفِ دلگداز لفظوں کے لشکر میں اکیلا ۔۔۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply