لندن دھماکہ، اٹھارہ سالہ مشتبہ شخص گرفتار

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)  برطانیہ میں پولیس کا کہنا  ہے کہ گذشتہ روز لندن کی میٹرو ٹرین میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور پولیس نے سرچ آپریشن میں ایک اٹھارہ سال کے مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔پولیس کے مطابق مشتبہ شخص کو اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ فرانس جانے والی ایک کشتی میں سوار ہونے والا تھا۔پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت پر وہ کافی مطمئن ہیں۔ یاد رہے کہ جمعے کی صبح مصروف اوقات میں لندن کی میٹرو ٹرین بم دھماکے کی کوشش کے بعد برطانیہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور اہم مقامات پر پولیس اور مسلح افواج کے دستے تعینات ہیں۔جمعے کو لندن کی پارسنز گرین سٹیشن پر صبح 8:20 پر ہونے والے اس حملے میں 30 افراد زخمی ہوئے تھے اور خاصی افراتفری پھیل گئی تھی۔دیسی ساختہ بم میٹرو ٹرین کی ایک بوگی میں رکھا ہوا تھا۔ ماہرین کے مطابق دھماکہ خیز مواد میں آگ لگ گئی تھی لیکن وہ صحیح طرح پھٹ نہیں سکا تھا۔ماہرین کے مطابق اگر دھماکہ خیز مواد صحیح سے پھٹتا تو اس سے زیادہ ہلاکتیں ہو سکتی تھیں۔دوسری جانب ٹرین میں بم رکھنے کے مرتکب افراد کو پکڑنے کے لیے سکیورٹی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر کارروائی جاری ہے۔پولیس کے سینکڑوں اہلکار ڈسٹرک لائن ٹرین پر حملے کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ میٹرو ٹرین سے ملنے والے دیسی ساختہ بم کے نمونوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور فنگر پرنٹ اور ڈی این اے کی مدد سے شواہد کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ پولیس اس حملے کی کڑیاں اسلامی شدت پسندی سے جوڑ رہی ہے۔شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ بم اس نے رکھوایا تھا۔پارسنز گرین سٹیشن ایک دن بند رہنے کے بعد ہفتے کی صبح دوبارہ مسافروں کے لیے کھول دیا گیا۔میٹروپولیٹن پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر مارک راؤلی نے کہا کہ دولتِ اسلامیہ کا ‘معمول’ ہے کہ وہ ہر حملے کی ذمہ داری قبول کر لیتی ہے ‘چاہے اس کا مرتکب افراد سے کوئی سابقہ تعلق ہو یا نہ ہو۔انھوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ ‘چوکس’ رہیں، البتہ غیر ضروری طور پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ہ بات اہم ہے کہ پولیس نے اپنے بیان میں ‘مشتبہ افراد’ کہا ہے جس کا مطلب ہے کہ حملہ آور ایک سے زیادہ افراد تھے اور پولیس والے ایک سے زیادہ افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔سکاٹ لینڈ یارڈ اور ایم آئی 5 میں یہ مفروضہ ہے کہ یہ حملہ کسی فردِ واحد کا کام نہیں ہے، اور ممکنہ طور پر دوسرے افراد نے کو حملہ آور کو بم رکھنے میں مدد دی یا اسے ایسا کرنے پر مائل کیا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply