کم عمری کی دوستی خوشی کا سبب

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اس میں کوئی شک نہیں کہ انسان کو مشکل میں دوست ہی کام آتے ہیں، اور دوستوں کی وجہ سے ہی انسان کو کئی خوشیاں ملتی ہیں۔آج کل کے زمانے میں سچا اور اچھا دوست کسی نعمت سے کم نہیں۔دوستی کے انسانی زندگی، صحت اور ذہنی معاملات پر پڑنے والے اثرات جاننے کے لیے امریکا میں ہونے والی ایک طویل تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ کم عمر میں کی گئی دوستی انسان میں زیادہ خوشی اور سکون کا سبب بنتی ہے۔امریکا کے ادارے چائلڈ ڈیوپلمنٹ کے آن لائن جرنل میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف ورجینیا کے سائنسدانوں نے دوستی کے انسانی زندگی پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے طویل مدت تک تحقیق کی۔سائنسدانوں نے تحقیق کے لیے 169 نوجوانوں کی 10 سال تک خدمات لیں، اور اسی دورانیے میں رضاکاروں سے باقاعدگی سے سوالات اور انٹرویوز کیے جاتے رہے۔ماہرین نے جن نوجواںوں کی خدمات حاصل کیں تھیں، ان کی عمریں 15 برس تھیں، اور وہ تحقیق کے ساتھ 25 سال کی عمر تک جڑے رہے۔رضاکاروں میں تمام نسل اور خطے کے نوجوانوں سمیت امیر، متوسط اور کم آمدنے والے نوجوان بھی شامل تھے۔ماہرین نے ان رضاکاروں سے کم عمری سے نوجوانی تک متعدد بار انٹرویوز اور سوالات کرنے کے بعد نتائج نکالے۔ماہرین کی جانب سے اخذ کردہ نتائج کے مطابق جو لوگ کم عمری یا پھر ہائی اسکول کے زمانے میں دوست بناتے ہیں، اور طویل عرصے تک ان سے دوستی نبھاتے ہیں، وہ ذہنی دباؤ کا شکار نہیں ہوتے، اور نہ ہی ان میں بڑی حد تک کوئی ذہنی الجھن اور پریشانی پائی جاتی ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply