اسلام آباد : ملک بھر میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد نگران وزیراعظم ناصر الملک نے ملک بھر میں آج سرکاری طور پر یوم سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔
یومِ سوگ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے شہدا کو خراج عقیدت کیلئے منایا جائے گا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے وزارت داخلہ کو جاری نوٹیفکیشن کے بعد وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق یومِ سوگ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے شہدا کو خراج عقیدت کیلئے منایا جائے گا، غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی و یکجہتی کے سلسلے یوم سوگ کا اعلان کیا گیا جبکہ کل قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
واضح رہے کہ انتخابی سرگرمیوں کے دوران ایک ہفتے میں 4 دہشت گرد حملے ہوچکے ہیں، جن میں ہارون بلور اور سراج رئیسانی سمیت 150 سے زائد افراد جاں بحق اور 130 سے زائد زخمی ہوئے۔
گذشتہ روز صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گزشتہ روز بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنر مٹینگ میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 129 افراد شہید جبکہ 146 زخمی ہوگئے تھے، جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔
اس سے قبل بنوں کے مضافاتی علاقے حوید میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اکرم درانی کے قافلے پر نامعلوم افراد کی جانب سے بم حملہ کیا گیا، حملے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوئے جبکہ اکرم درانی کے محفوظ رہے تھے۔

واضح رہے کہ 10 جولائی کو صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے علاقہ یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے ہوا، جس کے نتیجے میں اے این پی کے امیدوار ہارون بلور سمیت 21 افراد شہید اور 75 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں