سالگرہ مبارک عبدالرزاق !

آج کرکٹ کی دنیا کے ایک بہترین آل راؤنڈر عبدالرزاق کاجنم دن ہے۔ عبدالرزاق دنیائے کرکٹ میں ایک جداگانہ تشخص کے حامل کرکٹر تھے۔ برق رفتار بیٹنگ اور دھیمی گیند بازی عبدالرزاق کی پہچان تھی اور ان کے چہرے پر ہمیشہ ہلکی ہلکی مسکراہٹ رہتی تھی۔ رزاق ایک غیر متنازعہ اور اپنے کام سے کام رکھنے والا کرکٹر تھا لیکن قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان کرکٹ بورڈ میں موجود سازشی ٹولے نے عاقب جاوید اور محمدزاہد کی طرح رزاق کے کیریئر کو بھی ختم کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیے۔ تاہم یہ اللہ تبارک تعالیٰ کا رزاق پر بہت بڑا احسان ہے کہ عبدالرزاق کو تقریبا 13 سال پاکستان کی خدمت کرنے کا موقع ملا۔

عبدالرزاق 2 دسمبر 1979 کو لاہور کے علاقے شاہدرہ میں پیدا ہوئے ۔ انہیں یکم نومبر 1996 کو تقربیا 17 سال کی عمر میں اپنے آبائی شہر کے قذافی اسٹیڈیم میں اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے کا موقع ملا۔ عبدالرزاق ایک سو گیارہویں پاکستانی کرکٹر تھے جنہیں ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستانی کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ۔

انٹرنیشنل کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھتے ہی رزاق کے بلے کا جادو سر چڑھ کر بولا، رزاق نے اپنی باولنگ سے بھی بیٹسمینوں کے اوسان خطا کرنا شروع کردیے اور جلد ہی رزاق وسیم اکرم کی ٹیم کا لازمی حصہ بن گئے۔
رزاق نے 5 نومبر 1999 کو برسبین کی سرزمین پر آسٹریلیا کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کیا۔
1999 کے ورلڈ کپ میں انضمام الحق ، وسیم اکرم ، وقار یونس جیسے سینئر کرکٹرز کی موجودگی کے باوجود ہر کسی کی نظریں عبدالرزاق پر مرکوز تھیں ۔ پاکستان نے ورلڈکپ میں اپنے ابتدئی میچ میں ویسٹ انڈیز جیسی ٹیم کو 228 رنز کا ہدف دیا لیکن رزاق نے اس آسان ہدف کو اپنی باولنگ کے ذریعے ناممکن بنادیا۔ رزاق نے محض 32 رنر کے عوض کالی آندھی کے تین مایہ ناز بیٹسمینوں کو میدان بدر کیا ۔ آسڑیلیا کو گروپ میچ میں عبرت ناک شکست دینے میں بھی رزاق نے کلیدی کردار ادا کیا ۔ رزاق نے انضمام الحق کی شرکت داری میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔

کارلٹن یونائینڈ سہ ملکی سیریز جو پاکستان ، آسڑیلیا اور انڈیا کے درمیان آسٹریلیا کی دھرتی پر کھیلی گئی، اس میں رزاق نے اپنی بیٹنگ اور باولنگ کے جس طرح جوہر دکھائے وہ شائقین کرکٹ کو آج بھی یاد ہونگے۔ پری
فائنل میں رزاق نے انڈیا کے خلاف 70 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور 43 رنز دیکر 5 بھارتی سورماوْں کو پویلین کی راہ دکھا کر دنیا کا پانچوں آل راؤنڈر بن گیا جس نے ففٹی کرنے کے ساتھ 5 پلیئرز کو آوٹ کیا ہو۔ اسی سیریز میں رزاق نے دنیا کے بہترین باولرگلین میکگرا کو پانچ گیندوں پر مسلسل پانچ چوکے رسید کئے تھے ۔ رزاق نے 8 میچز میں 14 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بیٹنگ میں 225 رنز بناکر سیریز کے بہترین پلیئر کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا ۔

جون 2000 میں گالے کرکٹ اسٹیڈیم میں رزاق نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے کا سنگ میل عبور کیا اور یوں وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے کم عمر میں ہیٹ ٹرک کرنے والے باولر بن گئے ۔ 2002 میں رزاق نے جنوبی افریفہ کے خلاف اپنے ون ڈے کیرئیر کا بہترین سکور 112 کیا ۔ عبدالرزاق کے کیرئیر کا اگر کوئی سب سے یادگار ٹیسٹ میچ ہوگا تو یقینا کراچی ٹیسٹ ہوگا جس میں عرفان پٹھان نے اپنے ابتدائی اوور میں سلمان بٹ ، یونس خان اور محمد یوسف کا شکار کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک کی۔اور جب پاکستان کے 39 کے مجموعی سکور پر 6 اہم پلیئرز آوٹ ہوچکے تھے، تب عبدالرزاق اور کامران اکمل بالترتیب 45 اور 113 رنز کی اننگزز کھیل کر ٹیم کو 245 کے باعزت ٹوٹل تک لے گئے۔ دوسری اننگز میں رزاق نے 90 رنز سکور کیے اورباولنگ میں مجموعی طور پر 7 شکار کرکے پاکستان کی اس ٹیسٹ کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ۔

2009 کے ٹی 20 ورلڈکپ کی کامیابی میں بھی رزاق کا کردار ناقابل فراموش تھا ۔ فائنل میں رزاق نے 20 رنز دیکر سنتھ جے سوریا ، جیہان مبارک اور مہیلا جے وردھنے جیسے بہترین بیٹسمینوں کو آوٹ کیا جس کی بدولت سری لنکا صرف 137 رنز ہی سکور کرسکی جس ہدف کو پاکستان نے آسانی سے حاصل کرلیا ۔

عبدالرزاق کا نام لیا جائے اور جنوبی افریفہ کا ذکر نہ ہو ایسا ہو نہیں سکتا ۔ 21 اکتوبر 2010 میں ابوظہبی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان کی جب جنوبی افریفہ کے خلاف 286 کے تعاقب میں یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری تھا اور معلوم ہوتا تھا کہ پاکستان بمشکل 150 ہی کرسکے گا، اس وقت رزاق وکٹ پر آئے اور چھکے اور چوکوں کی برسات شروع ہوگئی ۔ رزاق نے 7 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 109 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور آخری گیند قبل ہی عبدالرزاق کی بدولت پاکستان اس معرکہ میں سرخرو ہوگیا ۔ اس دن پاکستان کے اُس وقت کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ آج سے بوم بوم میں نہیں، بلکہ رزاق ہے ۔

نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اسٹیفن فلیمنگ نے کہا تھا کہ عبدالرزاق دنیا کا بہترین برق رفتار بیٹسمین ہے۔ عبدالرزاق کو بیٹنگ میں جارح مزاجی کی وجہ سے بینگ بینگ رزاق، The Dazzler اور سولجر کے ناموں سے بھی پکارا جاتا ہے ۔

عبدالرزاق نے 46 ٹیسٹ ، 265 ون ڈے اور 32 ٹی 20 میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے ۔ عبدالرزاق نے پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کیلئے کوئٹہ گلیڈییٹر کو بطور باولنگ کوچ اپنی خدمات دینے کی حامی بھری ہے۔
اللہ تبارک عبدالرزاق کو پاکستان اور کرکٹ کی مزید خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین!

ثقلین مشتاق کونٹا
ثقلین مشتاق کونٹا
آپ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اسلام آباد میں کیمیکل انجنیئرنگ کے طالبعلم ہیں۔صحافت سے جنون کی حد تک لگاؤ رکھتے ہیں ۔ پاکستان کو ایسی ریاست بنانے کے خوہاں ہیں جہاں اللہ کے بعد عوام کی حکمرانی ہو نہ کہ جمہوری آمروں کی آمریت قائم ہو ۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر صحافی برداری عوام میں شعور بیدار کرنا کا بیڑہ اُٹھا لیں تو یہ مشکل کام جلد ممکن ہوسکے گا۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست 0 تبصرے برائے تحریر ”سالگرہ مبارک عبدالرزاق !

براہ راست تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *