حجامہ۔۔۔۔ سنت کے نام پر ایک اور ڈرامہ۔۔۔ سلیم جاوید

پاکستان کے ہرچھوٹے بڑے شہرمیں “حجامہ کلینک ” رواج پکڑ رہے ہیں- بات کاروبار تک ہوتی تو جہاں میڈیکل کے نام پر کئی اورناٹک کھیلے جارہے ہیں، وہاں یہ بھی سہی-چونکہ اسے تقدس کا رنگ دےکرعوام کو ٹریپ کیا جارہا ہے تواس پہ لکھنا ضروری معلوم ہوا- مضمون ذراطویل ہے، اس لئے اپنی معروضات کا خلاصہ شروع میں عرض کردیتا ہوں-
1-پہلی بات یہ کہ سائنس یا دین میں “طب نبوی” نامی کوئ ٹرمینالوجی نہیں ہے-یہ اصطلاح، ہمارے خوش ذوق احباب کی ایجاد ہے-جناب نبی کریم ، انسانوں کی ہدایت کیلئے مبعوث ہوئے تھے نہ کہ ڈاکٹری کرنے کیلئے-
2- برتقاضائے بشریت، نبی کریم جب کبھی بیمار پڑے تواپنے زمانے میں مروج بہترین طریقہ علاج اختیار کیا –پس اپنی بیماری کا، اپنے زمانے کے لحاظ سے بروقت اور جدیدترین علاج کرانا ہی سنت عمل ہے-
3- شہد اور کلونجی سمیت کسی بھی چیز کو اسلام نے بطور دواء استعمال کرنے کا “حکم” نہیں دیا- قرآن وحدیث میں ،دیگر فنون کی طرح، فنِ طب کے ماہرین کوبھی چنداشارے دیئے گئے مگراسے حجت نہیں بنایا-
4- آج سے پندرہ سال قبل بڑے زور وشور سے حجامہ والی “سنت” کو پروموٹ کیا گیا-(شروع میں اسکے لئے صرف 4 احادیث اور ابتک ماشاء اللہ 70 احادیث دریافت ہوچکی ہیں)-اس بارے ہمارا موقف یہی ہے کہ یہ سب پیٹ کا دھندہ ہے-
5-ہمارا مطالبہ ہے کہ حجامہ کے کاروبارکو ریگولیٹ کیا جائے یعنی اسکی طبی گریڈیشن اور رجسٹریشن کی جائے-
اب مذکورہ بالا پانچ نکات بارے تٖفصیل پیش کرنے قبل ذرا اپنی ذاتی کارگذاری عرض کردوں( یہ بتانے کیلئے کہ خاکسار پہلے “حجامہ” کا حمایتی کیوں تھا؟ اور اب ناقد کیوں ہے؟)-
میں نے ابتک کل تین مرتبہ حجامہ کروایا ہے- کسی زمانے میں شیشے کا گلاس گرم کرکے اسکوجلد پررکھاجاتا،وہ چپک جاتا جس سے کھال کے اس حصے تک خون کی سپلائ رک جاتی تھی-جب وہ حصہ سن ہوجاتا تو گلاس ہٹا کر، تیز چاقو سے ہلکے کٹ لگاکر،کچھ خون نکال دیا جاتا-(چائنہ والوں نے ” سنت” کی فکرکرتے ہوئے، اسکے لئے پلاسٹک کے کپ اور پمپ بنادیئےہیں-اب یہ کپ جلدپہ رکھ کر، پمپ سے ہوا باہر کو کھینچی جاتی ہے جس سے وہ حصہ سن ہوجاتا ہے اور بلیڈ سے کٹ لگائے جاتے ہیں)-
پندرہ سال قبل ہمارے محلہ (عزیزیہ –جدہ) میں ہمارے ایک پاکستانی تبلیغی دوست (جو کہ انجنئر ہیں)، انہوں نے سنتِ حجامہ بارے مہم چلائ- (شروع میں احیائے سنت کی خاطر”فری حجامہ” کیاکرتے تھے، اب”تجارت کی سنت” کی نیت ہے اورخاصی “برکت” ہے)- انکے گھرمیں “تلبینہ” والی سنت کے مٹکے بھرے ہوتے تھے- تواضع کیلئے بھی کلونجی کی پھکی اور شہد ملا ستو کا شربت دستیاب تھا( وہ بھی لکڑی کے “سنت” پیالے میں)- جَو کی روٹی کے ساتھ کدو اوراونٹ کا گوشت تناول فرماتے-غرض قرن اول کا دسترخوان تھا-( دعا فرمائیں خدا انکوصحت دے کہ آجکل گوناگوں امراض کا شکار ہیں)-
حجامہ بارے، خاکسار کو اس وقت بھی شرح صدر نہیں تھا مگر اپنے تجربہ کیلئے ان سے حجامہ کروایا تھا-(انکا ہاتھ “بھاری ” ہے توبلیڈ مارتے ہوئے، اکثر”مریضوں” کی چیخیں نکلوا دیا کرتے ہیں)-
چونکہ حجامہ والی جگہ پہ خون کی گردش رک چکی ہوتی ہے اور پریشر کی وجہ سے اسکی رنگت قدرے سیاہ ہوجاتی ہے تو موصوف، اپنے مریضون کو خون کی رنگت دکھا کریہ بھی انکشاف کرتے کہ یہ جادو، نظربد، سایہ وغیرہ کا اثر تھا جوحجامہ سے ختم ہوگیا- وغیرہ وغیرہ-
اگرچہ اسی وقت ہی اس “علاج” کا کھوکھلا پن عیاں ہوگیا تھا تاہم میں کافی عرصہ، اسکی حمایت کرتا رہا تھا- انگریزی طریقہ علاج میں جس طرح لوٹ کھسوٹ شروع ہوچکی ہے اور غریبوں کی چمڑی ادھیڑی جا رہی ہے تومجھے خیال ہواکہ خدا نے ان ظالموں کو شرمسار کرنے کیلئے، حجامہ میں شفارکھ دی ہوگی- (ظاہر ہے کہ شفا، صرف خدا کے ہاتھ میں ہے، چاہے جہاں رکھ دے)- تصور کیجئے کہ ایک فارن ڈگری ہولڈر ڈاکٹر، کروڑوں کا ہسپتال بنا کر، خدا کی مخلوق کو لوٹنے کا پروگرام بنائے بیٹھا ہو مگر”ویہلا” بیٹھا ہواوراسکے سامنے والے سبزی فروش کے پاس مریضوں کا رش لگا ہو تواسکی کیا حالت ہوگی؟- چنانچہ اس خیال کی بنا پر، حجامہ کی حمایت کرتا تھا کہ ایک غریب آدمی، اپنے یقین کی بدولت اگر اس سستے علاج سے شفا یاب ہوجائے( جبکہ ذرا سا خون نکلنے سے کچھ فرق نہیں پڑتا ) تو اس میں کیا برا ہے؟-
چنانچہ دوسری بار حجامہ، تبلیغی جماعت میں نکل کروایا تھا- اسلام آباد کے پڑھے لکھے احباب کے ساتھ بھلوال شہر میں تشکیل تھی-وہاں کا ایک مقامی ویگن ڈرائیور، حجامہ لگانے کا کام کرتا تھا جسے امیر صاحب نے بک کر لیا تھا-صبح”ڈاکٹر صاحب” اپنی سواریاں اتار کر، اپنے آلات جراحی سمیت( کوئ درجن بھر پلاسٹک کپ۔ پھونکنا، کچھ شاپر اور بلیڈیں) جماعت والوں کے امراض کا علاج کرنے تشریف لائے-دوسروں کی ترغیب کی خاطر، خاکسار نے بھی تین کپ لگوائے(30 روپے فی کپ، 12 مولوی، اور ہر مولوی کے بدن پہ کئ کپ لگائے جاسکتے تھے)-” ڈرائیور ڈاکٹر صاحب”، پھونکنے سے کھال کھینچنے کے بعد، ہر”مریض”سے فیڈبیک بھی لیتے تھے-“ہلکا محسوس ہورہا ہے نا؟”-
عرض کیا-“جی ہاں، پھونکنے سے کھال کھنچوانے اور بلیڈ کھانے کے بعد، رلیف ہی محسوس ہوگا”-

تیسری بار حجامہ، اپنی بڑی ہمشیرہ کے ہاتھوں کروایا تھا مگرصرف انکا دل رکھنے کیلئے-عالمہ ہیں-تبلیغی جماعت میں کئ ملکوں کا سفرکرچکی ہیں-مستورات کو نہ صرف فی سبیل اللہ حجامہ کرتی ہیں بلکہ کئی ایک کو یہ “فن” سکھایا بھی ہے- انکی “پروفشنل رائے” تھی کہ ناچیز پر”اثرات” ہیں جوصرف حجامہ سے دور ہوسکتے ہیں- بہن کے خلوص کورد نہیں کرسکتا تھا مگریہ بھی انکشاف ہوا کہ “حجامہ” کا “علم” مزید ایڈوانس ہوچکا تھا-مثلا” منگل کی صبح، بعد فجر، نہار منہ حجامہ کرانا بہترہے کہ پتہ نہیں کس حضرت سے روایت ہے-وغیرہ وغیرہ-

حجامہ بارے میرے تحفظات، ایک اردو کتاب سے شروع ہوئے- یہ کتاب کراچی کے ایک معروف تبلیغی ڈاکٹر صاحب کی تائید سے شائع ہوئ ہے جسکے ہر صفحے پر، انسانی ہیکل کی آؤٹ لائن ہے اور اس کے ہر عضو پر،کچھ دائرے لگے ہیں جن پر حجامہ کرنے سے، تاریخ انسانی میں آجتک معلوم سارے امراض کا افاقہ ہوسکتا ہے۔(۔ماشاء اللہ)۔برسبیل تذکرہ، امریکہ پلٹ ڈاکٹر صاحب، مستورات کا مدرسہ چلایاکرتے ہیں- (اچھےخاصے پروفشنل لوگوں پہ عقیدہ بھاری پڑجاتاہے حتی کہ نوبل پرائز لینے والا ایک جینئس پاکستانی ، اپنے عقیدہ کی خاطراپنا وطن چھوڑ جاتا ہے)-

برادران کرام!
پہلے تو حجامہ کا کپ، صرف پیٹھ پرلگایا جاتا تھا-آجکل ، کان کی لو تک پہ حجامہ کرنے کےلئے” قہوہ کی پیالی” جتنے کپ بھی دستیاب ہیں اور دھڑلے سے دماغ کے تالو پربھی بلیڈ مارے جارہے ہیں- جمعیت علماء سے تعلق رکھنے والے ایک حکیم صاحب کے الفاظ ملاحظہ فرمائیں-لکھتے ہیں:”ایک اللہ والے نے ہمارے ایک دوست کا حجامہ کیا۔ بلیڈ سے ریڑھ کے قریب اعصاب پر گہرا کٹ لگنے سے اس کا نچلا دھڑ مفلوج ہوگیا اور یوں 27 سالہ شادی شدہ نوجوان زندگی بھر کے لیے مفلوج ہو چکا ہے-حجامہ کا سنت ہونا یا نہ ہونا الگ بحث ہے۔ستم بالائے ستم یہ ہے کہ حجامہ کا استرہ بندر کے ہاتھ لگ چکا ہے اب ہو رہے گا کچھ نہ کچھ گھبرائیں کیا؟”-

امید ہے کہ آپکو اس موضوع پرمیری کایاپلٹ کاپس منظر سمجھ آگیا ہوگا-

اب واپس، شروع میں ذکرکردہ، پانچ نکات کی تشریح پرچلتے ہیں-

1-حضور نبی کریم کی آمد کا اصل منشاء، انسانیت کو خدا سے جوڑنا تھا-وہ میڈیکل سپیشلسٹ کے طور پر نہیں آئے تھے-دنیاوی معاملات میں بھی وہ سب لوگوں سے ذہین تھے چنانچہ ہرفیلڈ میں نبی کا مشورہ موجود ہے- مثلا”مسجد نبوی وملحقہ بازار کا نقشہ خود نبی نے زمین پرلکیریں ڈال کربتایا تھا – خاکسار، بآسانی، اس پہ “نبوی انجنئرنگ” نامی رسالہ لکھ سکتا ہے- ( جس بنیاد پر”طب نبوی” والی اصطلاح بنائ گئی ہے، اسی بنیاد پر “نبوی کوکنگ”، نبوی ٹیلرنگ” بھی ایجاد کی جاسکتی ہے)-ایک حدیث کے مطابق، صحابہ کو خود رسول کریم نے فرمایا تھا کہ دنیاوی معاملات میں میرے مشورہ پر”سیکنڈ اوپینئین” بھی لے لیا کروـ پس ہم تو عرض کرتے ہیں کہ جس کام کیلئے رسول کریم، مبعوث ہوئے تھے اگراسی تک محدود رہا جائے تو یہ دین کیلئے بھی بہترہوگا-

2- نبی کریم جب کبھی بیمار پڑے تو اس زمانے میں مروج بہترین علاج کو اختیارفرمایا- فصد لگانا (حجامہ کرنا) بھی پہلے سے عرب میں مروج تھا-جونک/سینگیاں لگوانا بھی ایک علاج تھا جو نبی نے کیا-تیز بخار کا علاج، سر پہ بھیگی پٹیاں باندھ کر اور زخم مندمل کرنےکا علاج ، بوری کا پھاہا جلاکررکھنے سے کیا جاتا تھا- یہ بھی حضور نے کیا- نجد کے لوگ ، یرقان کے علاج کیلئے باکرہ اونٹنی کا صباحی پیشاب استعمال کرتے تھے (یہ مکی لوگوں میں معروف نہیں تھا) تو یہ بھی حضور نے تجویز کیا- پس جان لیجئے کہ بیماری کا بہترین علاج کرنا ہی سنت رسول ہے نہ کہ خاص حجامہ وغیرہ-( حجامہ میں بھی حضور نے پلاسٹک کے پھونکنے استعمال نہیں کئے تھے)-چنانچہ واضح ہوکہ حجامہ سمیت یہ سارے طریقہ ہائے علاج، اعلان نبوت سے پہلے عرب میں مروج تھے جنکو حضور نے اختیار کیا تھا- ان میں سے کوئ چیزآسمان سے نازل شدہ وحی نہیں ہے-

3- شہد اور کلونجی سمیت کسی بھی چیز کو اسلام نے بطور دواء “حکم” نہیں دیا بلکہ ” تجویز”کیا ہے- (اسلام اور فارمیسی الگ چیزیں ہیں)- قرآن کا اعجاز یہ ہے جیالوجی سمیت ہرعلم بارے بعض ایسے اشارے دیئے ہوئےہیں جوریسرچ کرنے والوں کیلے گائیڈ بن سکتے ہیں- یہ اشارے “حکم ” کا درجہ نہیں رکھتے- عوام کیلئے قرآن وحدیث کا اصول یہ ہے کہ کسی بھی شعبہ بارے ، اس زمانے کے معروف ماہرین فن سے رجوع کیا جائے-
قرآن میں فرمایا گیا ہے کہ شہد میں خدا نے شفا رکھی ہے- مجھے یاد ہے کہ سردیوں میں رضائ سیتے ہوئے، ایک مدرسہ کے طالبعلم کے آنکھ میں موٹی سوئ لگ گئی تھی تو حضرت شیخ نے اسکی آنکھ میں شہد ڈلوادیا تھا( کہ اس میں شفاہے)-اسکو بعد میں میو ہسپتال لے جانا پڑا تھا-
چنانچہ، مذکورہ آیت کے ذیل میں بھی کئ پہلو سے سوچنا ضروری ہوگا مثلا”-
چونکہ قرآن میں اگر شہد کا اگربطور دوا ذکر ہے تو کیا شہد کے علاوہ کوئ اور دوائ لینا کفر شمار ہوگا(کیونکہ قرآن میں تو صرف شہد کا ذکرہے)؟ -پھر تواحادیث میں اگر کلونجی وغیرہ کو بطور دوا بتایا گیا تو یہ گویا قرآن میں کمی یا نقص کا اشارہ ہوا-
قرآن نے شہد کا ذکرکیا ہے- کیا یہ چھتے والا شہد ہے یا بیری والا ؟- کیا فیکٹری میں کیمیکل اور چینی سے تیار شدہ شہد بھی اس الوہی “حکم” میں شامل ہوگا؟ (کیونکہ اب اسکا نام بھی شہد ہی رکھا گیا ہے)-
قرآن نے شہد کے استعمال کی ترتیب تو بتائ نہیں کہ کس مرض کیلئے، کتنے چمچے، کس وقت اور مہینے میں کتنی بار لینا ہیں؟-کیا اس بارے اپنی عقل استعمال کرنا شرک تو نہیں ہوگا؟-وغیرہ
بنا بریں، شہد والی آیت کو بھی خاکسار، ایک نصیحت سمجھتا ہے، امر شرعی نہیں-

اسی طرح، ایک حدیث پیش کی جاتی ہے کہ کلونجی میں موت کے سوا ہربیماری کی شفا ہے(ایسی احادیث دوسری چیزوں بارے بھی ہیں)-اس پہ بھی اہل فن کی رائے ہی اصل ہوگی (یعنی ڈاکٹر حضرات کی)- حضور نے کلونجی استعمال کی ہے اوراسکی نصیحت بھی کی ہے مگربلغمی مزاج والے، اسکی وجہ سے بلند فشار خون میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔حضرت عامر ایک صحابی ہیں- انہوں نے رسول پاک کو جونک لگاتے دیکھ لیا اور اسے سنت سمجھ کر انھوں نے بھی ایسا ہی کیا – خود فرماتے ہیں کہ اسکے نتیجے میں حافظہ پراثرپڑا حتی کہ نماز میں سورہ فاتحہ ہی بھول جاتا تھا-( اسکی وجہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ انہوں نے بخار کی حالت میں ایسا کیا تھا)۔پس اگر مستند حدیث رسول بھی موجود ہو تو بھی اس میں احوال وظروف ،زمان ومکان اورافراد کے مزاج کی رعایت کرنا عین شریعت ہےـ

بلکہ یوں سنا ہے کہ اگر شوگر کے مریض کو ، کوئ مستند ڈاکٹرصاحب، شہد کھانے سے منع کردے اور پھر بھی وہ شہد کھائے جسکے نتیجے میں مرجائے تویہ خودکشی شمار ہوگا-

4- حجامہ بارے کافی احادیث پیش کی جاتی ہیں ( جس ملک میں گالی کا جواز ثابت کرنے کوقرآن وحدیث سے دلیل لائ جائے ،وہاں یہ کوئ بڑی بات نہیں)- ہمارے ملک کے ایک مشہور خطیب نے حدیث سنائ کہ معراج کی رات، ہر آسمان کے فرشتوں نے حضور کو حجامہ بارے تاکید کی-بھائ، ہمیں تو معراج اور حجامہ کی کوئ “ریلونسی” سمجھ نہیں آتی کہ خدا اور رسول کی اس اہم میٹنگ میں حجامہ کیوں ایجنڈا پررکھا گیا؟- موصوف نے مگر عوام کو نصیحت کی کہ حجامہ اختیار کرو اور ڈاکٹروں سے جان چھڑاؤ-(بعد میں جب اپنے دل کے سٹنٹ ڈلوانے گئے تو خود کو بھی اور اپنے دین کو بھی مذاق کا نشانہ بنوالیا)-

دیکھئے، اگر یہ حجامہ “سنت” ہوتی تو فقہ کےائمہ کرام ضرور اسکی اتباع کرتے- یار لوگوں نے تو ائمہ فقہاٰء بارے 40 سال تک یہ بھی مشاہدہ کیا ہوا ہے کہ وہ عشاء کے وضو سے فجر پڑھاکرتے تھے، تو انکی حجامہ بارے کوئ روایت کیوں دستیاب نہیں؟- تبلیغی جماعت کے موسس مولانا الیاس تو ہر چھوٹی بڑی سنت کا اہتمام کیا کرتے تھے- خاصا عرصہ بیمار بھی رہےتھے مگر انکی سوانح میں بھی حجامہ کا ذکر نہیں ملتا-
ایک دوست نے خاکسار پر توہین حجامہ کا الزام لگایا تو عرض کیا کہ وہ صحابہ اوراسلاف ، جنہوں نے حجامہ نہیں کروایا بلکہ دیگر علاج کروائے(بلکہ دیگر دواؤں پہ کتب بھی لکھیں) ، کیا وہ بھی توہین حجامہ کے مرتکب ہوئے ہیں؟-

سخت الفاظ کیلئے بالکل معذرت خواہ نہیں ہوں کہ لوگوں نے اپنے کاروبار کیلئے “سنت” کے نام پر ڈرامے رچا رکھے ہیں-سماجی معاملات میں قرآن وحدیث کی راہنمائ لینے سے ہمیں کوئ انکار نہیں مگر یہ راہنمائ، کسی مولوی کی بجائے “اسلامی نظریاتی کونسل” کے پلیٹ فارم سے مہیا کی جائے-(Qibla Ayaz)

5- حجامہ کے موضوع پرمندرجہ ذیل چار سٹیک ہولڈرز ہیں- کسٹمرز، دکاندار، مولوی حضرات اور گورنمنٹ- ان چاروں سے ہم الگ الگ درخواست کرتے ہیں-
حجامہ کے ” پیشنٹ حضرات ” سے ہماری پہلی عرض تو یہ ہے کہ حجامہ کے نام پرخون بہانے کی بجائے، کسی مستحق کودے دیا کریں- آجکل لاکھوں تھلیسیمیا پیشنٹ خون کی ضرورت کی وجہ سے ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر رہے ہیں -انکو خون دینا، ” ساری انسانیت کا بچاو”، والی آیت کے زمرے میں آتا ہے- تاہم ، اگر آپ نے حجامہ ہی کرانا ہے تو خیال رہے کہ حجامہ وغیرہ صرف رجسٹرڈ پروفشنل لوگوں سے کروایاجائے- (ایک حدیث کا مفہوم ہے کہ خدا کو وہ کام پسند ہے جو ٹیکنیکلی اعلی معیار کو ہو-اسی کو سنت کہتے ہیں)-

حجامہ کرنے والے دکانداریا شوقین حضرات سے گذارش ہے کہ بدن کی عام جگہوں پہ کپ شپ لگاتے رہا کریں لیکن بعض جگہوں پہ باریک شریانیں اور وریدیں ہوتی ہیں-انکو نقصان پہنچ جائے تو تلافی مشکل ہوتی ہے، پس ہر جگہ یہ کھیل نہ کھیلا کریں- ماہرِ حجامہ نہ ہونے کی صورت میں Blood Clot بننے کے امکانات بھی پیدا ھو جاتے ہیں جو خطرناک صورتحال ھے۔

جہاں تک مولوی صاحبان کا تعلق ہے تو کاش کہ مولوی اپنے منصب کو پہچان لیتا توقوم کی تقدیر بدل جاتی-مولوی کویہ بتانا چاہیئے تھا کہ اسلام نے دیگرمسائل سمیت، انسانی صحت بارے بھی کیونکر راہنمائ کی ہے؟-( آنکھ، دانت تک کی صحت کی بارے ہدایات دی ہیں)- چنانچہ مسلمان کےذمہ ہے کہ ہر شعبہ میں ریسرچ کرے اورجدید سے جدید ترعلاج دریافت کرے- مگر مولوی نے اب اسی کو دینی علم بنا دیا ہے کہ آنکھ میں سرمہ کیسے ڈالا جائے یا مسواک کی کونسی موٹائ شرعی ہے؟-
مولوی صاحبان سے ہماری فقط یہ گذارش ہے کہ اس فطری دین کو، کسی کا بزنس چلانے کےلئے، اسلامی طوطوں والا دین نہ بنائیں، کہ کراچی کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو گھاٹا ہوتو سبز، کلیجی عمامے کو سنت منوا کر، کسی کی بند مل چلادی جائے-

Advertisements
julia rana solicitors london

گورنمنٹ سے ہم ہرگز یہ مطالبہ نہیں کرتے کہ حجامہ پرپابندی لگائ جائے- حکومت کا کام یہ نہیں ہوتا کہ لوگوں کے مشاغل پرقدغن لگائے بلکہ حکومت کا کام اس پہ چیک رکھنا ہے کہ کسی کی “ہوبی” یا “بزنس” کسی کیلئے ضرر کا باعث نہ بن جائے- پس ہمارا گورنمنٹ سے مطالبہ ہے کہ حجامہ کے کاروبارکو ریگولیٹ کیا جائے یعنی اسکی طبی گریڈیشن اور رجسٹریشن کی جائے-

Facebook Comments

مہمان تحریر
وہ تحاریر جو ہمیں نا بھیجی جائیں مگر اچھی ہوں، مہمان تحریر کے طور پہ لگائی جاتی ہیں

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply