• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • کیلی فورنیا کے جنگلات میں آگ، لاپتا افراد کی تعداد 1000 ہوگئی

کیلی فورنیا کے جنگلات میں آگ، لاپتا افراد کی تعداد 1000 ہوگئی

امریکہ کی مغربی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں بھڑکنے والی آگ کے سبب لاپتا ہونے والے افراد کی تعداد 1000 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ متاثرہ عمارتوں سے لاشیں ملنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریاست کے شمالی جنگلات میں لگی آگ کے باعث لاپتا افراد کی تعداد کا تعین ان ایمرجنسی کالز کے ذریعے لگایا گیا ہے جو مختلف علاقوں کے رہائشیوں نے آگ بھڑکنے کے فوری بعد مدد کے لیے امدادی اداروں کو کی تھیں۔

آٹھ نومبر سے بھڑکنے والی اس آگ کو ‘کیمپ فائر’ کا نام دیا گیا ہے جس سے اب تک 63 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔

ہلاک اور لاپتا ہونے والوں میں سے بیشتر ریٹائرڈ زندگی گزارنے والے معمر افراد ہیں جن کی اکثریت پیراڈائز نامی اس قصبے میں آباد تھی جسے آگ نے مکمل طور پر صفحۂ ہستی سے مٹادیا ہے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق لگ بھگ 70 ہزار آبادی والے پیراڈائز اور اس کے نواحی علاقوں کے تقریباً تمام مکانات ہی آگ سے جل کر تباہ ہوچکے ہیں۔

آگ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے بیوٹ کاؤنٹی کے شیرف کوری ہونی نے کہا ہے کہ لاپتا ہونے والے افراد کی تعداد میں کمی بیشی ہوسکتی ہے کیوں کہ لوگ اب بھی پولیس کو فون کرکے اپنے رشتے داروں کی گمشدگی یا ان کے مل جانے کی اطلاعات درج کرا رہے ہیں۔

حکام ‘کیمپ فائر’ کو کیلی فورنیا کی تاریخ کی بد ترین اور سب سے ہلاکت خیز آگ قرار دے چکے ہیں جس سے اب تک ایک لاکھ 41 ہزار ایکڑ رقبہ جل چکا ہے۔

ریاستی انتظامیہ کے مطابق ساڑھے پانچ ہزار فائر فائٹرز دن رات آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جس پر اب تک صرف 40 فی صد ہی قابو پایا جاسکا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ کو مکمل طور پر بجھانے میں مزید دو ہفتے لگیں گے۔

کیلی فورنیا کے فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق ‘کیمپ فائر’ سے اب تک 8650 گھر اور 260 کاروباری مراکز کو تباہ ہوچکے ہیں۔

لاپتا افراد کی تلاش اور سوختہ لاشوں کی برآمدگی کے لیے سیکڑوں اہلکار سراغ رساں کتوں کی مدد سے آگ سے متاثرہ آبادیوں میں دن رات کام کر رہے ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors london

آگ سے ہونے والی تباہی کا جائزہ لینے کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ہفتے کو کیلی فورنیا پہنچ رہے ہیں جہاں وہ حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ متاثرین سے بھی ملاقات کریں گے

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply