کراچی:پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید نواب زادہ لیاقت علی خان کا 67 واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔انیس سو اڑتالیس میں قائد اعظم محمد علی جناح کی وفات کے بعد لیاقت علی خان ملک کے پہلے وزیراعظم بنے، بطوروزیراعظم انہوں نے پرامن پاکستان بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔سولہ اکتوبر 1951 ہماری قومی تاریخ کا وہ افسوسناک دن ہے جب قائد ملت لیاقت علی خان کو کمپنی باغ راولپنڈی میں گولی مار کر شہید کردیا گیا۔وہ جلسہ عام سے خطاب میں ابھی صرف برادران ملت کے الفاظ ہی کہہ پائے تھے کہ سید اکبر نامی شخص نے ریوالور سے سیدھی فائرنگ کرکے گولیاں قائد ملت کے سینے میں اتار دیں۔ان کے آخری الفاظ تھے خدا پاکستان کی حفاظت کرے،ان کے قاتل کو پولیس کے سب انسپکٹر محمد شاہ نے گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔یوں قتل کی تحقیقات کا باب بھی بند ہوگیا،17 اکتوبر 1951 کو اس عظیم رہنما کو قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کردیا گیا۔لیاقت علی خان کا قتل سید اکبر کا انفرادی فعل تھا یا وہ کسی بڑی سازش میں ایک مہرے کے طور پر استعمال ہوا اس راز سے اب بھی پردہ نہیں اٹھ سکا،قوم آج بھی قتل کے محرکات سے لاعلم ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں