پاناما کیس اور ووٹ کی حرمت

نون لیگ کے پاس آخری دلیل یہی رہ گئی ہے کہ عوام کے ووٹ سے منتخب ہونے والے وزیراعظم کو صرف عوام کے ووٹ سے ہی نااہل قرار دییا جاسکتا ہے ۔
آئیے ، اس دلیل کا جائزہ لیتے ہیں ۔
1۔ سب سے پہلے تو یہ بات نوٹ کرنے کی ہے کہ پاکستان کا دستوری نظام اپنی اساس میں برطانوی دستور کے اصولوں کے بجاے امریکی دستور کے اصولوں پرقائم ہے اور اس کی وجہ بڑی واضح ہے ۔ برطانیہ وحدانی ریاست (unitary state) ہے ، جبکہ پاکستان امریکا کی طرح وفاقی ریاست (federal state)ہے ۔ اس لیے دستور کی تعبیر و تشریح کے اصول یہاں وہی ہیں جو وفاقی دستور کے لیے ہیں ، نہ کہ وحدانی دستور کے لیے۔
2۔ یہ اصولی بات سمجھ میں آگئی ہے تو اب اس کے منطقی نتائج پر غور کریں ۔ برطانوی دستور کا اصل الاصول “پارلیمان کی بالادستی” ہے۔ چنانچہ وہاں پارلیمان کے وضع کردہ قانون کو کوئی عدالت ختم نہیں کرسکتی۔ یہاں تک کہ جب برطانیہ نے یورپی میثاق براے حقوقِ انسانی (European Convention on Human Rights)کی توثیق کی اور اس کے بعد پارلیمان سے قانونِ حقوقِ انسانی (Human Rights Act) منظور کروایا تو اس قانون میں قرار دیا گیا کہ اگر عدالت اس نتیجے پر پہنچے کہ برطانوی قانون کی کوئی شق اس حقوقِ انسانی کے میثاق سے متصادم ہے تو وہ اس کے متعلق ایک سرٹیفیکیٹ جاری کرے گی اور اس کے بعد اس قانون میں تبدیلی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ پارلیمان کرے گی ۔ امریکا میں اس کے برعکس اصل الاصول “دستور کی بالادستی” کا ہے اور چونکہ دستور کی تعبیر و تشریح کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس ہے ، اس لیے یہ متعین کرنا کہ دستور کی کسی شق کا مفہوم کیا ہے ، یا دستور نے کسی کام اختیار مقننہ کو (جسے وہاں “کانگرس” کہا جاتا ہے ) دیا ہے یا نہیں ، سپریم کورٹ ہی کا کام ہے۔ اس اصول پر امریکی سپریم کورٹ نے دو سو سال قبل اپنے لیے یہ اختیار منوایا ہے کہ وہ مقننہ اور انتظامیہ دونوں کے فیصلوں کی دستوری اور قانونی حیثیت کا تعین کرنے کا اختیار رکھتی ہے ۔ اسے “عدالتی نظرِثانی” (judicial review) کہتے ہیں ۔ اس اختیار کی رو سے سپریم کورٹ نہ صرف امریکی صدر کے فیصلوں کو غیردستوری قرار دے کر کالعدم کرسکتی ہے (یاد ہوگا کہ چند ماہ قبل ایک وفاقی جج نے ، جو سپریم کورٹ سے نچلے درجے کا اور ریاستی سطح کا جج ہوتا ہے ، امیگریشن کے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم نامے کو کالعدم کردیا تھا ) بلکہ کانگرس کے منظور کردہ قوانین کو بھی دستور سے تصادم کی حد تک کالعدم قرار دے سکتی ہے ۔
3 ۔ پاکستان اور بھارت سمیت کئی ریاستوں نے ، جہاں وفاقی نظام رائج ہے ، امریکی دستور کے اس اصول ، عدالتی نظرِ ثانی ، کو قبول کیا ہوا ہے اور یہاں کی عدالتوں کے پاس یہ اختیار ہمیشہ سے تسلیم کیا گیا ہے کہ وہ پارلیمان ،یا صوبائی اسمبلیوں ، کے منظور کردہ قوانین ، یا حکومت کے جاری کردہ احکام کو دستور سے تصادم کی بنا پر کالعدم قرار دیں ۔ پاکستان میں وفاقی شرعی عدالت اور سپریم کورٹ کی شریعت اپیلیٹ بنچ کے پاس یہ اختیار بھی ہے ، جو دیگر وفاقی ریاستوں کی عدلیہ کے پاس نہیں ہے ، کہ وہ قوانین یا حکومتی احکام کو شریعت سے تصادم کی بنیاد پر کالعدم قرار دیں ۔
4۔ امریکامیں کانگرس کے منظور کردہ قوانین کو تو سپریم کورٹ ختم کرسکتی ہے لیکن کانگرس اگر دستور میں ترمیم کردے تو سپریم کورٹ اس ترمیم کو ختم نہیں کرسکتی ۔ البتہ اس ترمیم کا مفہوم کیا ہے ، اس ترمیم کے بعد دستور کی دیگر دفعات پر کوئی فرق پڑا ہے یا نہیں اور اگر پڑا ہے تو کس حد تک، تو ان سوالات کا جواب متعین کرنے کا اختیار سپریم کورٹ ہی کے پاس ہے اور کانگرس یہ نہیں کہہ سکتی کہ ہماری اس ترمیم کا مطلب یہ یا وہ تھا۔ پاکستان اور بھارت کی عدلیہ نے “عدالتی نظرِ ثانی” کے اختیار کو مزید وسعت دے کر یہ بھی قرار دیا ہے کہ پارلیمان نے اگر دستور میں ایسی ترمیم کی جس سے دستور کا بنیادی ڈھانچا ہی تبدیل ہوکر رہ جائے تو ایسی ترمیم کا اختیار پارلیمان کے پاس نہیں ہے ۔ اس کی بنیاد اس تصور پر ہے کہ دستور موجودہ پارلیمان کی تخلیق نہیں ہے بلکہ موجودہ پارلیمان ہی دراصل دستور کی تخلیق ہے ۔ یوں ہم “دستور ساز پارلیمان” اور “قانون ساز پارلیمان” میں فرق کرتے ہیں ۔ دستور ساز پارلیمان نے دستور بنا دیا ۔ پھر دستور کی دفعات کی روشنی میں اور ان کے تحت ہی قانون ساز پارلیمان بنی۔ اب یہ قانون ساز پارلیمان روزمرہ کے امور کے بارے میں تسہیل اور تیسیر کی حد تک تو دستور میں ترمیم کرسکتی ہے لیکن ایسی ترمیم نہیں کرسکتی جس دستور کا بنیادی ڈھانچا ہی تبدیل ہوجائے کیونکہ یہ فعل نئی دستور سازی کے مترادف ہوگا جس کا اختیار قانون ساز پارلیمان کے پاس نہیں ہے ۔
5۔ کیا عدلیہ کے پاس موجود “عدالتی نظرِ ثانی ” کا یہ اختیار “عوام کے ووٹ کی حرمت” کے خلاف ہے ؟ اب ہم اس سوال کا جواب بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں اور پھر اس کی روشنی میں پاناما کیس میں شریف سپورٹرز کی آخری دلیل کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ پہلے دستور ساز پارلیمان اور قانون ساز پارلیمان کے فرق پر غور کریں ۔ اس فرق کی بنیاد ہی اس اصول پر ہے کہ عوام کے ووٹ کی حرمت کا تحفظ کیا جائے ۔ عوام نے حکومت کو مینڈیٹ دستور بنانے کے لیے نہیں دیا بلکہ دستور کے اندر رہ کر قانون سازی اور حکومت کا کاروبار چلانے کے لیے دیا ہے ۔ اگر کوئی پارلیمان دستور کا بنیادی ڈھانچا تبدیل کرنا چاہتی ہے ، مثال کے طور پر وہ ریاست کی وفاقیت ختم کرکے اسے وحدانی ریاست میں تبدیل کرنا چاہتی ہے ، یا اس کی اسلامیت ختم کرکے اسے سیکولر ریاست میں تبدیل کرنا چاہتی ہے ، تو اس کا ایک ہی راستہ ہے کہ وہ حکومت چھوڑ کر انتخابات میں اسی بنیاد پر حصہ لے اور عوام سے واضح مینڈیٹ لے کر آئے کہ وہ دستور تبدیل کرکے نیا دستور دے گی ۔ اس صورت میں بے شک اس کے پاس یہ اختیار آجائے گا کہ وہ محض قانون سازی کی حد تک محدود نہ رہے بلکہ دستور سازی کا کام بھی کرے۔ اسی اصول پر امریکا سمیت دنیا کی تمام وفاقی ریاستوں میں تسلیم کیا گیا ہے کہ “عدالتی نظرِ ثانی” کا اختیار عوام کے ووٹ کی نفی نہیں کرتا بلکہ عوام کے ووٹ کے تقدس کا لازمی تقاضا ہے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ عوام کے ووٹ سے ہی ، اور ان کی مرضی سے ، دستور بنایا گیا اور اس دستور نے یہ اختیار عدلیہ کو دیا ہے کہ وہ متعین کرے کہ پارلیمان اور انتظامیہ نے دستور کی حدود سے تجاوز کیا ہے یا نہیں اور اگر کیا ہے تو اس تجاوز کی حد تک ان کے فعل کا قانونی جواز ختم کردے۔ اگر کوئی حکومت اس اختیار کی نفی کرتی ہے ، یا اسے عوام کے ووٹ کی حرمت کے خلاف سمجھتی ہے ، تو اس کے پاس یہی راستہ ہے کہ وہ حکومت چھوڑ کر عوام کے پاس جائے اور انتخابات میں اس مسئلے میں واضح مینڈیٹ لے کر آجائے کہ عدالت پارلیمان کے منظور کردہ قانون یا حکومت کے جاری کردہ حکم کو ختم نہ کرے۔
6۔ بعینہ اسی اصول پر پاناما کیس میں عوام کے ووٹ کی حرمت کی دہائی دینے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ عوام کے ووٹ سے جو دستور اور قانونی نظام وجود میں آیا ہے ان میں عدلیہ کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ اگر وہ اس نتیجے پر پہنچتی ہے کہ حکمران صادق اور امین نہیں رہا ، یا دستور کی دفعات 62-63 کی رو سے وہ مزید حکمران اور ممبر پارلیمان نہیں رہ سکتا ، تو وہ اسے نااہل قرار دے کر گھر بھجواسکتی ہے ۔ اگر حکومت کا موقف یہ ہے کہ حکمران کی کرپشن کی صورت میں ، یا دستور کی دفعات 62-63کی خلاف ورزی کی صورت میں ، عدلیہ اسے نااہل نہ قرار دے ، تو اس کا ایک ہی طریقہ ہے : حکومت چھوڑ کر عوام کے پاس جائیں اور دستور کی دفعات 62 –63 کے خاتمے ، دفعہ 184 میں ترمیم اور کثیر تعداد میں موجود عدالتی نظائر کی منسوخی کے لیے عوام سےواضح مینڈیٹ لے کر آئیے ۔ عوام نے اپنے ووٹ سے پہلے ہی جو نظام تشکیل دیا ہے، اس میں اس کی کوئی گنجائش نہیں ہے کہ آپ عدالت کے فیصلے کی رو سے صادق اور امین بھی نہ رہیں اور پھر عدالت آپ کو نااہل بھی نہ قرار دے سکے ۔
تو میاں صاحب، خود ہی سوچیے کہ گھر جانا کب بہتر ہے ؟ یا عدالت کے فیصلے سے پہلے یا اس کے بعد ؟ ہمارے ایک بہت ہی محترم مفتی صاحب اور مقاصدی فکر کے علم بردار ایک صاحبِ علم اس موقع پر “اخف الضررین” اور “اھون البلیتین” کے انتخاب میں آپ کی مدد کرسکتے ہیں ۔

Facebook Comments

محمد مشتاق
قانون کے پروفیسر ہیں اور قانون اسلامی میں دسترس رکھتے ہیں۔ آپ اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد سے بطور پروفیسر وابستہ ہیں

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply