لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ءعابد شیرعلی کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی۔
جمعرات کو لاہورہائیکورٹ نے پاکستان ملسم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیرعلی کی قومی اسمبلی کے حلقے این اے 108 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے دائرکی گئی درخواست پر تحریری فیصلہ سناتے ہوئے درخواست مسترد کردی۔
لاہورہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید نے عابد شیر علی کی درخواست پر حکم جاری کرتے ہوئے کہا درخواست گزار قانون کے مطابق متعلقہ فورم سے رجوع کرسکتا ہے۔
عابد شیرعلی نے درخواست میں موقف اپناتے ہوئے کہا تھا کہ پولنگ ایجنٹس کو گنتی کے وقت باہر نکال دیا گیا تھا، انہیں حلقہ این اے 108 میں صرف 1200 ووٹوں سے شکست ہوئی۔
مخالف امیدوارکو جتوانے کے جعلی فارم 45 بنائے گئے تھے،ریٹرننگ آفیسرنے حقائق کے برعکس دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی۔
عابد شیرعلی نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دے اوراس حلقے سے جیتنے والے پی ٹی آئی کے امیدوارفرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دے۔

واضح رہے کہ فیصل آباد کے حلقے این اے 108 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوارفرخ حبیب ایک لاکھ 12 ہزار 740 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے تھے جبکہ عابد شیر علی ایک لاکھ 11 ہزار 529 ووٹ لے کر ناکام رہے تھے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں