• صفحہ اول
  • /
  • نگارشات
  • /
  • عمران خان کا پہلا فاتحانہ خطاب،اثرات اور مضمرات۔۔۔۔ ممتاز علی بخاری

عمران خان کا پہلا فاتحانہ خطاب،اثرات اور مضمرات۔۔۔۔ ممتاز علی بخاری

بائیس سال کی طویل جدوجہد بالآخر رنگ لے آئی۔ 2018 ء میں ہونے والے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف نے واضح برتری حاصل کر لی۔ اب کیفیت کچھ یوں ہے کہ وفاق کے علاوہ خیبر پختونخوا  میں بھی پی ٹی آئی حکومت بنانے جا رہی ہے تو دوسری طرف آزاد امیدواروں اور ق لیگ کی حمایت کے بعد تو پنجاب میں بھی پی ٹی آئی حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ تعداد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے اور بلوچستان میں بھی بلوچستان عوامی پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے جا رہی ہے تو سندھ میں سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔ خیبر پختونخوا  میں تو پہلے سے بڑھ کر یوں کامیابی ملی کہ دو تہائی اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔

عمران خان کے اقتدار میں آنے کے حوالے سےجہاں بہت سے لوگوں کو تحفظات تھے وہاں بین الاقوامی طور پر کئی ممالک اپنے طور پر یا کسی پروپیگنڈے کے تحت عمران خان سے خائف تھے۔
بین الاقوامی سطح ہو یا ملک کے اندر پائی جانے والی بے چینی۔۔۔۔ عمران خان کی فتح کے بعد والی تقریر نے کئی قسم کی دھند ختم کر دی ہیں۔
عمران خان کی تقریر بلاشبہ شاندار تھی۔ خان صاحب نے داخلہ و خارجہ دونوں امور پر بہت واضح اور دوٹوک موقف اختیار کیا ہے۔ بجائے اس کے کہ وہ جذباتی تقریر کرتے انہوں نے انتہائی ٹھنڈے دل سے ڈسکس کیا اور انہیں حل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔کرپشن اور اداروں کی مضبوطی کا جو وعدہ وہ اپنی سیاسی جدوجہد کے دوران کرتے رہے وہ انہوں نے اپنے اس خطاب میں بھی کیا۔

عمران خان کی تقریر سے عالمی سطح پر بھی پاکستان کاامیج بہت بہتر ہوا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں پاکستان کے امریکہ، سعودیہ، ایران، چائنہ اور بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے کااعلان کیا۔ساتھ ساتھ  ملکی سلامتی،قومی عزیمت پر بھی زور ڈالا اور مسئلہ کشمیر کا بھی خاطر خواہ ذکر کیا اور اسے حل کرنے کی بھارت کو دعوت بھی دی۔ اس تقریر کا فائدہ یہ ہوا کہ امریکہ کی حکومت نے بھی نئی بننے والی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا۔چائنہ نے بھی خان صاحب کو اقتدار سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔سعودی سفیر نے بھی خان صاحب سے ملاقات کی ،سعودی حکومت کا مبارکبادی پیغام دیا اور سعودی شہزادے نے پاکستان کے دورے کا بھی اعلان کیا۔ پی ٹی آئی نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ خیر سگالی کے طور پر ان ممالک کی زبانوں میں ٹویٹس بھی کیں۔ افغان صدر نے عمران خان کو دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول بھی کر لی۔

Advertisements
julia rana solicitors

مجموعی طور پر اس خطاب نے کئی غلط فہمیاں دور کیں۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ نئی بننے والی حکومت کو ان کے وعدے پورے کرنے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔

Facebook Comments

ممتاز علی بخاری
موصوف جامعہ کشمیر سے ارضیات میں ایم فل کر چکے ہیں۔ ادب سے خاصا شغف رکھتے ہیں۔ عرصہ دس سال سےطنز و مزاح، افسانہ نگاری اور کالم نگاری کرتےہیں۔ طنز و مزاح پر مشتمل کتاب خیالی پلاؤ جلد ہی شائع ہونے جا رہی ہے۔ گستاخانہ خاکوں کی سازش کو بے نقاب کرتی ایک تحقیقاتی کتاب" عصمت رسول پر حملے" شائع ہو چکی ہے۔ بچوں کے ادب سے بھی وابستہ رہے ہیں ۔ مختلف اوقات میں بچوں کے دو مجلے سحر اور چراغ بھی ان کے زیر ادارت شائع ہوئےہیں۔ ایک آن لائن میگزین رنگ برنگ کےبھی چیف ایڈیٹر رہے ہیں.

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply