رمضان المبارک اور میڈیا کی ہوس

رمضان المبارک میں مختلف چینلز پہ دکھائی جانے والی سحراور افطار ٹرانسمیشن نے ہمار ی تہذیب و اقدار کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں ۔ سرمایہ دار کسی بھی ملک اور معاشرے کا ہو، اس کی ذہنیت اورسوچ ایک جیسی ہوتی ہے۔ اس کی نظر صرف اور صرف سرمائے پہ ہوتی ہے، وہ اس سرمائے کے ہاتھوں مجبور بھی ہوتا ہے کیونکہ وہ ایک ارب اس لیئے لگاتا ہے کہ اسے دو ارب نہیں چار ارب حاصل ہوں۔ اس مقابلے کا آغازکون کرتا ہے؟ ۔ واضح بات ہے مقابلے کی فضاءوہی سرمایہ دار بناتا ہے جس کی پاس زیادہ سرمایہ ہوتا ہے ۔ مارکیٹ میں ،وہ اس لئے سرمایہ پھینکتا ہے کہ وہ چھوٹی مچھلیوں کو ہڑپ کر جائے اور اپنے جیسے مگرمچھوں کو بھگا بھگا کر تھکا دے اور تھکا کے ہلکان کر دے ، مقابلے کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں یا میدان سے بھاگ جائیں اس طرح وہ اکیلا ”مقدرکا سکندر“ قرار پائے۔ سرمائے کی کوئی اخلاقیات نہیں ہوتی اور سرمایہ دار سرمائے کے تابع ہوتا ہے۔
میں پاکستان کی سیاست، مذہب اور میڈیا کی جنگ کو سرمائے کی جنگ خیال کرتا ہوں ۔ سیاست میں اقتدار کی جنگ سرمائے کی جنگ ہے۔ مذہب میں اہل مذہب کی تفرقہ بازی سرمائے کی وجہ سے ہے۔ میڈیا میں ریٹنگ کی جنگ بھی درحقیقت سرمائے کی جنگ ہے۔ سیاست کے ”پردھان “اقتدار کی مسند پہ براجمان ہونے کے لئے سرمایہ پانی کی طرح بہاتے ہیں۔اُن کا اختلاف برسرِ اقتدار شخص سے یہی ہے کہ اگر سرمائے کی بنیاد پر وہ اقتدار کا حقدار ہو سکتا ہے، ہم کیوں نہیں ہو سکتے؟ اتنا سرمایہ تو ہمارے پاس بھی ہے۔ وہ پروٹوکول ، ہیلی کاپٹرز، سکیورٹی،اعلیٰ رہائش اورمہنگی ترین گاڑیوں کے ذریعے دولت کی نمودونمائش اس لئے کرتے ہیں تاکہ عوام پہ اپنی دولت کی دھاک بٹھاکر کسی طرح اقتدار کی سیڑھیاں چڑھ سکیں۔
ایک سرمایہ دار دوسرے سرمایہ دار کے بارے میں واشگاف الفاظ میں کہتا ہے” اسے کوئی سرخاب کے پر لگے ہوئے ہیں کہ وہ اقتدار روسطوت کا مالک بنا ہوا ہے ، جتنا سرمایہ اس کے پاس ہے اتنا ہی ہمارے پاس بھی ہے بلکہ اس سے زیادہ ہے“۔
مذہب میں بھی سرمایہ دار کا جھگڑا ہے اس میں بھی سرمایہ دارانہ سوچ رکھنے والے افراد نے مالی اور افرادی قوت کو زیادہ سے زیادہ جمع کرنے کی کوشش کی ہے۔ مالی قوت میں وہ کسی دنیاکے سرمایہ دار سے کم نظر نہیں آتے۔ انہیں بھی اقتدار کی ”گدگدی“ اس لیئے ہوتی ہے کیونکہ ان کے پاس بھی کافی سرمایہ جمع ہوچکا ہے۔ فرق یہ ہے کہ وہ ”ماﺅ زے تنگ“ نہیں ”امام خمینی“ بننے کے لئے بے چین و بے قرار ہیں۔
پاکستان کی قسمت ماری عوام انہیں تقدس و احترام کا جو مقام دے چکے ہیں اب انہیں اس مقام سے اتارنے کے حق میں نہیں ہیں۔ وہ اترنا چاہتے ہیں بلکہ اتر چکے ہیں لیکن عوام ہے کہ انہیں کسی اور روپ میں دیکھنے کے لئے تیارہی نہیں ہے۔ ان کے بارے میں میرا کہنا ہے کہ ان میں تمام سیاسی سرمایہ داروں والی علامات موجود ہیں لیکن بد قسمتی سے انہوں نے یہ سب کچھ ”اسلام“ کے نام پہ جمع کیا ہے اس لئے وہ ایک نا کام سرمایہ دار ہیں جو اپنے سرمائے کے ہاتھوں پریشان ہیں۔ ان کے پاس سرمایہ ہے اور افرادی قوت بھی …….. کثیر تعلیمی ادارے بھی ان کے کریڈیٹ پہ ہیں لیکن یہ لوگ اقتدار کی نعمت سے محروم ہیں۔ انہوں نے ہر طریقہ اور چال اختیار کی لیکن تاریکیاں ہیں کہ ڈھلنے کا نام ہی نہیں لیتیں۔
تیسرا سرمایہ دارمیڈیا کا سرمایہ دار ہے۔ یورپ کے سرمایہ دار نے عورت کو اجناس کی طرح ایک جنس بنا کر رکھ دیا، اسے اس سے غرض نہیں تھی کہ اس سے عورت نیلام ہو کر بیوی، ماں، بیٹی اور بہن کے مقام سے محروم ہو جائے گی جبکہ یہ سارا کھیل ”آزادی“ کے نام پہ کھیلا گیا ۔یورپ خاندانی نظام کے حوالے سے جس ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے وہ اسی سرمایہ دارانہ سوچ کا نتیجہ ہے۔
پاکستان میں کئی عالمی دن شان وشوکت سے منائے جاتے ہیں ۔ ا ن کی تشہیر پہ کروڑوں روپے لگا دیئے جاتے ہیں ۔ میڈیا کو اس سے غرض نہیں کہ ا ن ایّام کے منانے یا ان کی تشہیر سے نوجوان نسل کا اخلاق خراب ہوتا ہے یا مشرقی روایات پامال ہوتی ہیں۔ میڈیا کامقصود و منتہاسرمایہ ہے لہٰذا اس نے اسے حاصل کرنے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا اور کرتا ہے۔
رمضان المبارک جیسا مقدس مہینہ بھی اسی ہوس مال وزرکی نذرہو چکا ہے ۔سب سے پہلے رمضان المبارک کے مہینے کو مذہب کے نام پہ اپنے مذعومہ مقاصد کے لئے ایکEventکی شکل دے دی گئی۔ لوگوں کا وقت،دولت اور صلاحیت اجتماعات کے انعقاد و انصرام کی نذرکر دیاگیا ۔ زائرین کو ظاہری شان و شوکت ، کثیر تعداد اور خطابات کے ذریعے مسحور کیا گیا اور پھر انہیں سیاست کی بھٹی میں جھونک دیا گیا ۔ باقی رہی سہی کسر چینلز نے پوری کر دی کہ انہوں نے نہ صرف لوگوں کو ان کی خلوت و تنہائی سے نکال باہر کیا بلکہ انہیں ما ل وزر، انعامات اورلاٹریوں کی لالچ میں رمضان کے مقاصد سے بھی غافل کر دیا۔ ایک مسلم معاشرے میں سرمایہ دار اس سے زیادہ گھناﺅناکھیل اور کیا کھیل سکتاتھا کہ اس نے اپنی طرح پورے معاشرے کو مال وزر کی ہوس میں مبتلا کر دیا …. وہ بھی ایک بابرکت اور مقدس مہینے میں۔

Facebook Comments

صاحبزادہ امانت رسول
مصنف،کالم نگار، مدیراعلیٰ ماہنامہ روحِ بلند ، سربراہ ادارہ فکرِ جدید

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply