پالتو بلی کے علاج پر19 ہزار ڈالر خرچ

امریکا میں ایک خاتون نے پالتو بلی کی زندگی بچانے کی خاطر اس کے گردے کے ٹرانسپلانٹ پر 19 ہزار ڈالر خرچ کر دیئے۔ میری لینڈ کے شہر بالٹی مور کی خاتون پروفیسر بیسٹی بوائڈ نے اپنی پسندیدہ بلی سٹینلے کی زندگی بچا کر نئی مثال قائم کردی۔ بالٹی مور کی رہائشی خاتون کو 2016 میں ایک روٹین چیک اپ کے دوران ڈاکٹرز نے بتایا کہ ان کی بلی کا گردہ کام نہیں کر رہا اور یہ صرف 3 ماہ ہی زندہ رہ سکے گی جس کے بعد خاتون نے بلی کو نئی زندگی دینے کے لئے ماہر ڈاکٹر کی تلاش شروع کردی۔ خوش قسمتی سے بلی 3 ماہ بعد بھی زندہ رہی جس پر بیسٹی کو مزید حوصلہ ملا اور انہوں نے بلی کے گردے کا ٹرانسپلانٹ کروانے کا فیصلہ کیا اور اس کے لئے تمام تر معلومات اکٹھی کیں جبکہ ڈونر کو بھی تلاش کرلیا مگر ڈاکٹرز نے ٹرانسپلانٹ کے لئے 19 ہزار ڈالر کا خرچ بتایا۔ خاتون نے اپنے جڑواں بچوں کے اخراجات اور نئی گاڑی خریدنے کے لئے جمع کی گئی رقم بلی کے ٹرانسپلانٹ پر خرچ کر ڈالی۔ ٹرانسپلانٹ کے بعد ایک انٹرویو میں بیسٹی کا کہنا تھا کہ مجھے میرے دوستوں اور فیملی ممبران نے کہا کہ وہ ایک بلی پر اتنے پیسے خرچ نہ کرے بلکہ یہ پیسے اپنے بچوں کے اسکول کے لئے سنبھال کر رکھے یہاں تک کہ ڈاکٹرز نے بھی کہا کہ ٹرانسپلانٹ کا مرحلہ خطرے سے خالی نہیں، اس میں بلی کی جان بھی جاسکتی ہے مگر میں نے انہیں جواب دیا کہ یہ بلی بھی میری فیملی کا حصہ ہے اور مجھے انسانوں میں آج تک کسی نے اتنا پیار نہیں کیا جتنا پیار مجھے اس بلی سے ملا، اسی لئے مجھے بھی سٹینلے سے بے پناہ محبت ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply