نعت خیر الانام۔ایم ایس خان

مضطرب دل کی تمنا، لے گئی سوئے حرا
اور صدا لاہوت سے، اتری زمیں پر اس طرح
جیسے شبنم کو تمنا، گل کے ہونٹوں کی رہے
جیسے سورج کی کرن کو شوق ہو دیدار کا
جیسے گل کو جستجو، باد بہاری کی رہے ۔

جب مچل کر روح سے، نکلے بیاں کے حرف و صوت
اور ازل کے راز سے، جب قلب ِ اطہر مس ہوا
اک ذرا جنبش ہوئی تھی قول حق کے بو جھ سے
اک تحیر پھر بصیرت، ایک الجھن پھر ثبات
تجربہ تھا اک انوکھا، قلب کی تسکین کا
سرمدی پیغام تھا، اور پاک تھا ابہام سے
زندگی کے راز سب، روشن ہوئے الہام سے

ایک جان پاک تھی پیکر صدق و صفا
ایک جان پاک تھی پیکر حلم و رضا
ایک جان پاک تھی پیکر امن و وفا

ایک جان پاک تھی روشن جبیں، خندہ دہن
ایک جان پاک تھی مہر و کرم، شیریں سخن

مضطرب دل کی تمنا، قریہ وادی لے گئی
ہر طرف ہنگام شر، ہر گاہ دشنامُ و جفا
راستے پر خار تھے، ہر گاہ الزام و سزا
دشمن جاں گھات میں، ہر گاہ ظلم ناروا ۔

ایک جان پاک تھی حرصِ  ہدایت میں غریق
ایک جان پاک تھی تسکینِ  جاناں اور شفیق
ایک جان پاک تھی بس مہرباں، سب کی رفیق ۔

شعلہ داماں دشت سب ، گلشن سبھی صحرا ہوئے!
تھی کدورت سینہ سینہ، دل میں الفت کی کشود؟
باد صر صر تیز رو اور سب دیے روشن رہیں؟
چار سو نفرت عداوت، دل میں وحدت کی نمود؟

ہے اگر یہ روشنی، یہ روشنی لایا تھا کون؟
ہے اگر یہ زندگی، یہ زندگی لایا تھا کون؟
ہے اگر یہ معجزہ، یہ معجزہ لایا تھا کون؟

ہاں وہ جان پاک، ہے جو حامل خلق عظیم
ہاں وہ جان پاک، ہے جوپیکر صدق و یقیں
ہاں وہ جان پاک، ہے جو رحمت للعالمیں ۔
ہاں وہ جان پاک، ہے جس پر ہویدا کائنات
ہاں وہی جان جہاں آباد ختم المرسلیں۔۔

Advertisements
julia rana solicitors london

شش جہت ہے ان کا چرچا، ان کی رحمت عام ہے
ان سے بڑھ کر کون ہے، رفعت میں ان کا نام ہے
آپ ہیں احمد محمد، آپ ہیں خیر الانام
آپ پر صدہا درود، آپ پر صدہا سلام!

Facebook Comments

mskhan
پیدائش: 1954 ، تعلیم : ایم۔اے۔، گیا کالج، گیا (بہار) انڈیا کے ایڈمنسٹریشن اور اکاؤنٹس میں ملازمت کے بعد سبکدوشی، سماجی کارکن، مضمون نگاری اور کبھی کبھی شعر و شاعری۔ ہندوستان میں بلا سودی مائکرو فائنانس کو فروغ دینے والے کل ہند ادارہ سہولت مائکرو فائنانس سوسائیٹی کی مجلس منتظمہ اور عاملہ کا رکن، تحریک اسلامی سے وابستگی۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply