• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • افغانستان نے مقتول سفارتکار کی میت پاکستان کے حوالے کردی

افغانستان نے مقتول سفارتکار کی میت پاکستان کے حوالے کردی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)      افغانستان کے شہر جلال آباد میں قتل کیے جانے والے پاکستانی سفارت کار نیئر اقبال رانا کی میت افغان حکام نے پاکستانی حکام کے حوالے کردی۔نیئر اقبال رانا کی لاش کو پاکستان کے حوالے کرتے وقت طورخم سرحد کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بند کیا گیا تھا، بعد ازاں سیکیورٹی حکام نے سرحد کو واپس کھول دیا۔پاکستانی حکام نے نیئر اقبال کی میت کو ان کے شہر سیالکوٹ روانہ کردیا۔گذشتہ روز افغانستان میں پاکستان کے سفیر زاہد نصراللہ خان کا کہنا تھا کہ دو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے نیئر اقبال کو دکان میں خریداری کرتے وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ نیئر اقبال پر ملزمان نے 9 فائر کیے تاہم ان کو 6 گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔بعد ازاں مقتول نیئر اقبال کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جلال آباد کے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔قتل کے واقعے کے بعد دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا جس میں پاکستان نے افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی سفارتی اہلکار کے قتل کی مذمت کی تھی اور افغانستان کی حکومت سے سیکیورٹی کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ترجمان دفتر خارجہ کے کہنا تھا کہ سیکریٹری خارجہ نے افغان ناظم الامور کو طلب کرکے سفارتی اہلکار کے بہیمانہ قتل پر احتجاج ریکارڈ کرادیا ہے۔واضح رہے کہ نیئر اقبال کا تعلق پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے تھا اور ان کے پانچ بیٹے ہیں اور حال ہی میں انھیں جلال آباد میں قائم پاکستانی قونصل خانے میں تعینات کیا گیا تھا جہاں وہ قونصلر جنرل کے اسسٹنٹ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔یاد رہے کہ افغان فورسز نے رواں سال جولائی میں جلال آباد میں ہی اغوا ہونے والے دو پاکستانی سفارت کاروں کو ایک آپریشن کے بعد بازیاب کرا لیا تھا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply