باشعور اور بیدار مغز لوگ کسی بھی سر زمین کا ایک قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔ایسے لوگوں کی بدولت معاشروں میں نئے سے نئے خیالات و تصورات کے تخلیقی سر چشمے رواں دواں رہتے ہیں اور ان سرچشموں سے بہت سارے علم و شعور کے طالب اپنی اپنی بساط کے مطابق سیراب ہوتے رہتے ہیں۔ یہ سلسلہ کروڑہا سالوں سے یونہی چلتا آرہا ہے اور اسی طرح سے چلتا رہے گا کیونکہ تغیر اور ارتقاء ہی زندگی کا حسن ہے اوراسی حسن کو رنگنے کے لیے کچھ ایسے دماغوں کا بھی جنم ہوتا ہے جو معاشروں کی ٹھہری ہوئی زندگی میں ارتعاش پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔دنیا کی چاشنی اور حسن انہی اعلیٰ دماغوں کی مرہون منت ہے ۔
ان روشن دماغوں میں ایک روشن دماغ حمایت علی شاعر بھی تھے جو اورنگ آباد (حیدرآباد دکن)میں 14جولائی 1926ء کو پیدا ہوئے تھے ۔آپ نے ایک بھر پور زندگی گزاری،علمی طور پر آپ ایک قدآور شخصیت تھےاور اپنے فکر وشعور کو شاعری میں ڈھالتے رہتے تھے ۔حمایت علی شاعر ایک پروگریسو دانشور تو تھے ہی مگر اس کے ساتھ ساتھ آپ ایک اردو شاعر ،لکھاری ،ادیب،فلم سونگ رائٹر اور ریڈیو ڈرامہ آرٹسٹ بھی تھے ۔آپ کی خدمات کے صلے میں 1958ء میں آپ کو صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
حمایت علی شاعر ایک باوقار شخصیت کے مالک تھے اور علمی حلقوں میں ایک قدآور شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔آپ نے 1949ء میں معراج نسیم سے شادی کی اور یہ خوبصورت بندھن لاتعداد میٹھی یادوں کے ساتھ 52 سال تک قائم رہا پھر معراج نسیم جگر کے کینسر میں مبتلاء ہوگئیں اور اسی عارضے کے ساتھ اس دنیا سے چل بسیں ۔قسمت نے ان دونوں کے اس بندھن کو یوں برقرار رکھا کہ آج معراج نسیم اور حمایت علی شاعر دونوں کی کینیڈا کی سر زمین میں دفن ہیں۔آپ 16جولائی 2019ء کو زندگی کی کامیاب 93 بہاریں دیکھ کر کینیڈا میں ہی وفات گئےتھے۔آپ کے چار بیٹے اور چار بیٹیاں ہیں ۔ان کا ایک بیٹا جو کہ بالکل ان کی شبیہہ ہے اس کا نام ڈاکٹر بلند اقبال ہے جو کہ اپنے والد کے قلمی اثاثہ کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ڈاکٹر بلند مختلف کتابوں کے مصنف اور کینیڈا ون ٹی وی پر “دی لائبریری وِد ڈاکٹر بلند اقبال ” کے نام سے ایک علمی پروگرام بھی کر رہے ہیں ۔
انہوں نے اس کے علاوہ بھی مختلف ٹی وی پروگرانز کئے ہیں جن میں قابل ذکر “in search of wisdom” جو کہ 35 سیریز پر مشتمل ہے یہ پروگرام انہوں نے ایک مشہور سائیکالوجسٹ اور دانشور ڈاکٹر خالد سہیل کے ساتھ مل کر کیا تھا،اس کے علاوہ ایک لمبے عرصہ تک ” password ” کے نام سے بھی ایک پروگرام ہوسٹ کرتے رہے ۔ڈاکٹر بلند اقبال کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے اپنے عظیم والد حمایت علی شاعر کی بھر پور خدمت کی اور انکی عالمانہ صحبت کو بھر پور طریقے سے انجوائے کیا اور اب انکے دنیا سے چلے جانے کے بعد بھی ان کے ساتھ بیتے لمحوں کی حسین یادیں اپنے گلے سے لگائے ہوئے ہیں۔حمایت علی شاعر اپنی ذات میں ایک انجمن تھے اور انکی یادوں اور کاموں سے یہ چمن یونہی مہکتا رہے گا۔
Facebook Comments


بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں