حسن علی کی نظریں ہاشم آملا کو آؤٹ کرنے پر مرکوز

لاہور(سپورٹس رپورٹر)اپنی سرزمین پر پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کیلئے پرجوش ابھرتے ہوئے پاکستانی اسٹار فاسٹ باؤلر حسن علی نے اسٹار جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملا کو آؤٹ کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے رکن اور ایونٹ کے سب سے کامیاب باؤلر حسن علی نے کہا کہ وہ ورلڈ الیون کے خلاف تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے شدت سے منتظر اور بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں ورلڈ الیون کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے لئے لگائے گئے تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون ایک اچھی ٹیم ہے اور اس میں تمام ہی کھلاڑی بہت اچھے ہیں لیکن عالمی شہرت یافتہ اور ورلڈ کلاس بلے باز ہاشم آملا کو آؤٹ کرنا ایک اعزاز کی بات ہوگی۔یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے پاکستان پر انٹرنیشنل کھیلوں کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس وقت سے اب تک سوائے زمبابوے کے کسی بھی عالمی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور آٹھ سال تک ملک کے میدان سونے پڑے۔اس دوران پاکستان کو اپنے تمام ہوم میچز نیوٹرل مقام پر کھیلنے پڑے جس کے سبب نوجوان کھلاڑی اب تک ہوم گراؤنڈ پر اپنے عوام کے سامنے کھیلنے سے لطف اندوز نہیں ہو سکے لیکن حسن علی کے پاس ورلڈ الیون کے خلاف پاکستان کی نمائندگی کر کے یہ خواب پورا کرنے کا بہترین موقع ہے۔حسن علی نے کہاکہ ورلڈ الیون کے خلاف میچز کے بارے میں بہت پرجوش ہوں اور سیریز کے شروع ہونے کا بے صبری سے انتظار کررہا ہوں کیونکہ پہلی دفعہ کسی انٹرنیشنل ٹیم کے خلاف اپنی ہوم گراؤنڈ پر اپنے سپورٹرز کے سامنے پرفارم کروں گا۔انہوں نے کہا کہ میرا ہوم گراؤنڈ میں پہلا انٹرنیشنل میچ ہے، کوئی بھی کھلاڑی اسٹار اپنے ہوم گراؤنڈ سے ہی بنتا ہے لیکن جب میں نے کرکٹ شروع کی تو ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں تھی۔نوجوان باؤلر نے ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی کا کریڈٹ پی سی بی اور آئی سی سی کو دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے چیمپئنز ٹرافی میں ریورس سوئنگ کی اور دن بدن اسے مزید بہتر بنارہا ہوں، گزشتہ ٹورنامنٹ میں اچھی پرفارمنس کی وجہ سے مجھ پر ذمہ داری بڑھ گئی ہے اور ساتھی بولرز کے ساتھ مل کر مخالف بلے بازوں کو جلد از جلد آؤٹ کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بلے باز کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی منانے کا جو اسٹائل ہے اسے تبدیل نہیں کروں گا کیونکہ میرے پرستار اس ایکشن کو پسند کرتے ہیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply