شانِ عثمان ذوالنورین رض احادیثِ رسولﷺ کی روشنی میں۔

1۔نبی اکرم ﷺ اور ابوبکر،عمر،عثمان،علی رضی اللہ عنہم احد پر چڑھے تو زلزلے کی وجہ سے احد کانپنے لگا۔ آپ ﷺنے اس پر پاؤں مار کر فرمایا:
“احدرُک جا ! تیرے اوپر اس وقت ایک نبی،ایک صدیق اور دو شہید موجود ہیں۔ “بخاری
نبی کریم ﷺ نے فر مایا:

2۔میں اس شخص(عثمان عفان ؓ) سے حیا کیوں  نہ کروں،اللہ کی قسم! جس سے فرشتے بھی حیا کرتے ہیں۔”مسلم
3۔اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:
“میری امت میں سب سے زیادہ حیا دار عثمان ہیں۔”ترمذی
4۔سیدنا عبدالرحمٰن بن سمرہؓ سے روایت ہے کہ جب نبی اکرم ﷺغزوہ تبوک کی تیاری کر رہے  تھے تو سیدنا عثمان ؓایک ہزار دینارلائے،اور آپ ﷺ کی جھولی میں ڈال دیے۔میں نے دیکھا رسول اللہ ﷺ انہیں جھولی میں اُلٹ پلٹ رہے تھے اور فرما رہے تھے:
“آج کے بعد عثمان جو بھی عمل کریں انہیں نقصان نہ ہوگا۔”ترمذی
5۔سیدنا ابو موسی اشعری ؓسے روایت ہے کہ ایک شخص نے آپ ﷺ کے پاس آنے کی اجازت مانگی تو آپ ﷺ نے فرمایا:
“اس کے لیے دروازہ کھول دو،اور جنت کی خوشخبری دے دو۔اور یہ بھی بتا دو کہ انہیں ایک مصیبت اور آزمائش پہنچے گی۔”
میں نے دیکھا کہ وہ عثمانؓ تھے،میں نے انہیں بتا دیا۔پھر عثمان ؓنے اللہ کی حمد بیان کی،اور کہا “اللہ مدد کرے گا۔ “بخاری
6۔سیدنا عثمانؓ اپنی بیوی اور نبی اکرم ﷺ کی بیٹی سیدہ رقیہؓ کی شدید بیماری کی وجہ سے اور آپ ﷺ کے حکم سے غزوہ بدر میں شامل نہ ہوسکے،تو نبی اکرم ﷺ نے فرمایا:
“تیرے لیے بدر میں حاضر ہونے والے آدمی کے برابر اجر اور مال غنیمت ہے۔”بخاری
7۔مشہور حدیث میں ہے کہ پیارے نبی ﷺنے فرمایا:
“عثمان جنتی ہیں۔ “ترمذی


8۔سیدنا ابو ہریرہ ؓسےروایت ہے کہ رسول اللہ ﷺکو فرماتے سنا کہ:
“میرے بعد تم فتنے اور اختلاف میں مبتلا ہو جاؤ گے۔”کسی نے پوچھا یا رسول اللہ! پھر کیا کریں؟
آپ ﷺ نے عثمانؓ کی طرف اشارہ کر کے فرمایا:
“تم اس میں (عثمانؓ) اور اس کے ساتھیوں کو لازم پکڑلینا۔” مسند احمد
9۔سیدنا مرہ بن کعبؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺنے اپنے بعد کے فتنوں کا ذکر کیا۔اتنے میں ایک شخص کپڑا اوڑھے ہوئے یہاں سے گزرا تو آپ ﷺ نے فرمایا:
“یہ شخص اس دن ہدایت پر ہوگا۔ ” میں نے اٹھ کر دیکھا تو وہ عثمان بن عفانؓ تھے۔ترمذی
10۔بیعتِ رضوان کے موقع پر جب کفار نے سیدنا عثمانؓ کومکہ میں روک لیا ،اور حدیبیہ میں سیدنا عثمان ؓ کے قتل کی افواہ پھیل گئی ،تو سیدنا و محبوبنا نبی کریم ﷺ نے بیعتِ رضوان لی۔
آپ ﷺ نے اپنے دائیں ہاتھ کے بارے میں فرمایا:
“یہ عثمان کا ہاتھ ہے۔ اور پھر اسے اپنے بائیں ہاتھ پر ما کر فرمایا یہ بیعت عثمان کی طرف سے ہے۔”بخاری
11۔رسول اللہ ﷺ نے عثمان سے فرمایا تھا کہ :
“اے عثمان! عنقریب اللہ عز وجل تجھے ایک قمیص (خلافت کی)پہنائے گا۔ پس اگر اسے اُتارنے کے لیے تیرے پاس منافقین آجائیں تو میری ملاقات (وفات و شہادت) تک اسے نہ اُتارنا۔”مسند احمد
12 ۔جب سیدنا عثمان نے اپنی اہلیہ سیدہ رقیہ ؓبنت رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ہجرت حبشہ کی،تو ایک موقع  پر نبی کریم ﷺ نے فرمایا :
“اللہ ان دونوں کی حفاظت فرمائے،عثمانؓ لوط اور ابراہیم علیہما السلام کے بعد پہلے شخص ہیں جنہوں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ ہجرت کی ہے۔” مستدک حاکم
13 ۔سیدہ رقیہؓ کی وفات کے بعد رسول اللہ ﷺ نے اپنی دوسری صاحبزادی سیدہ ام کلثومؓ کی شادی عثمانؓ سے کردی۔سیدہ ام کلثومؓ کی وفات پر آپ ﷺ نے فرمایا :
“اگر میری تیسری بیٹی ہوتی تو میں اسے بھی عثمان سے بیاہ دیتا۔”مجمع الزوائد
14 ۔ابوسہلہ ؒ سیدنا عثمانؓ سے روایت کرتے ہیں کہ جب باغیوں کے محاصرے والے دنوں میں سیدنا عثمانؓ سے کہا گیا کہ آپ ان باغیوں سے جنگ کیوں نہیں کرتے؟تو سیدنا عثمانؓ نے جواب دیا :
“بے شک رسول اللہﷺ نے میرے ساتھ ایک وعدہ کیا تھا اور میں اس پر صابر و شاکر ہوں۔”ابن ابی شیبہ

Advertisements
julia rana solicitors london


15۔رسول اکرم ﷺنے فرمایا :
“ہر نبی کے کچھ رفیق ہوتے ہیں،میرے رفیق جنت میں عثمان ہیں۔”ترمذی
16 ۔سیدنا جابرؓ سے روایت ہے نبی کریم ﷺ ایک شخص کی نماز جنازہ کے لیے تشریف لائے،لیکن آپ ﷺ نے نماز جنازہ نہ پڑھائی۔عرض کیا گیا کہ اس سے قبل ہم نے کبھی نہیں دیکھا کہ آپ ﷺ نے کسی کی نماز جنازہ نہ پڑھائی ہو،تو فرمایا :
“یہ شخص عثمان سے بغض رکھتا تھالہذا اللہ عزوجل بھی اس کو مبغوض رکھتے ہیں۔” ترمذی
17 ۔حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے کہ ایک دفعہ میں نے دیکھا کہ: آنحضرت ﷺاول شب سے طلوع فجر تک آسمان کی طرف ہاتھ اٹھائے یہ دعا فرماتے رہے:
“اے اللہ! میں عثمان  سے خوش ہوں تو بھی اس سے خوش رہ۔”البدایہ والنہایہ
18۔ایک طویل روایت میں ہے کہ نبی کریم ﷺ نے اپنی بیٹی سیدہ ام کلثومؓ سے فرمایا :
“بیٹی! تیرا شوہر عثمان تو وہ ہے جس سے اللہ اور اللہ کا رسول محبت کرتے ہیں،اور وہ بھی اللہ اوراللہ کے رسول سے محبت کرتا ہے۔” البدایہ والنہایہ
19 ۔حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ ایک مرتبہ آنحضرت ﷺ نے سیدنا عثمانؓ کو گلے لگایا اور فرمایا :
“عثمان ! تم دنیا میں بھی میرے ولی ہو اور آخرت میں بھی۔” کنز العمال
20 ۔عبدالرحمن بن عوف سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
“ابوبکرؓ جنت میں ہے ،اورعمر ؓجنت میں ہے ،اورعثمانؓ جنت میں ہے اورعلیؓ جنت میں ہے اورزبیرؓجنت میں ہے اورعبدالرحمن بن عوفؓ جنت میں ہے اورسعد بن ابی وقاصؓ جنت میں ہے اور سعید بن زیدؓجنت میں ہے اورابوعبیدہ بن الجراحؓ جنت میں اور طلحہ ؓ جنت میں ہیں۔” ابن ماجہ

Facebook Comments

اکرام چوہدری
معلم،کالم نگار،اسلامی تحقیق کا طالب علم

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply