لاہور: بالائی پنجاب میں شدید دھند کا راج ہے۔ شاہراہوں پر حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی جبکہ موٹروے بھی مختلف مقامات سے بند کردی گئی ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے خشک سردی کے خاتمے کی نوید سنادی ہے۔
جاڑے کی دھند نے پنجاب میں قدم جما لیے ہیں۔ پنجاب میں دھند کے باعث شاہراہوں پر حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی جس کے باعث ایم ٹو پرلاہور سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک روک دیا گیا۔ شدید دھند کے باعث موٹر وے پولیس نے ایم فورپنڈی بھٹیاں، فیصل آباد اور گوجرہ تک بند کر دی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری سفر پر نکلنے سے پہلے معلومات حاصل کرلیں۔
حادثات سے بچنے کے لئے موٹر وے پولیس نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں ہیلپ لائین 103 پر رابطہ کریں ۔ گاڑی چلانے والوں کو فوگ لائٹس بھی آن رکھنے کا کہا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے منگل اور بدھ کے درمیان لاہور، اسلام آباد ، پشاور سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل اور بدھ کے درمیان پشاور، مردان، بنوں ، ڈی آئی خان میں بارش ہوگی۔ اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت بلتستان ، کشمیر، لاہور ، گوجرانوالہ اورسرگودھا میں رم جھم کا امکان ہے۔
آج سب سے زیادہ سردی اسکردو میں ریکارڈ کی گئی جہاں درجہ حرارت منفی 14 تک گرگیاجبکہ استور منفی8، کوئٹہ ، قلات اور ہنزہ میں منفی 7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
جاڑے نے اسلام آباد میں بھی خوب دھوم مچا رکھی ہے جہاں پارہ منفی ایک تک چلا گیا۔ کراچی میں درجہ حرارت 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیرسے لاہورمیں بارش برسانےوالی ہوائیں داخل ہوں گی اور منگل سے بارش کا امکان ہے
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں