• صفحہ اول
  • /
  • نگارشات
  • /
  • اللہ تعالٰی ہارون بلور مرحوم کی مغفرت فرمائیں۔۔۔عاصم اللہ بخش

اللہ تعالٰی ہارون بلور مرحوم کی مغفرت فرمائیں۔۔۔عاصم اللہ بخش

بلاشبہ بلور فیملی پر پچھلے چھ سال میں دو مرتبہ قیامت ٹوٹ چکی …. پہلے بشیر بلور صاحب دہشت گردی کا شکار ہوئے اور کل ان کے لائق اور متین فرزند بیرسٹر ہارون بلور بھی اپنے انتخابی جلسہ کے دوران ایک دہشت گرد کاروائی کے نتیجہ میں خالق حقیقی سے جا ملے. انا للہ و انا الیہ راجعون.

اس جلسہ میں مرحوم کے صاحبزادے جناب دانیال بھی موجود تھے. اللہ تعالٰی نے انہیں اس حادثے میں محفوظ رکھا ورنہ اس المیہ کی المناکی میں مزید اضافہ ہو سکتا تھا.

ہارون بلور صاحب کی ناگہانی موت ان کے اعزا و اقرباء کے ساتھ ساتھ پوری قوم کا نقصان ہے. حقوق کے لیے آئینی جدوجہد کرنے والےکسی بھی قوم کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں. نہتے لوگ جو صرف تقریر، تحریر اور سیاست کے ذریعہ اپنے نظریہ اور مقصد کے لیے محنت کرتے، قربانی دیتے ہیں، بسا اوقات اس کی اتنی بھاری قیمت ادا کرتے ہیں کہ کلیجہ منہ کو آنے لگے.

آفرین ہے ان پر ….. باپ کی لاش پر سیاست کرنے کے بجائے اپنے ساتھیوں اور ہموطنوں کو عزم و ہمت کا پیغام دے رہے ہیں. ان کا یہ پیغام افواج پاکستان کا حوصلہ بڑھا رہا ہے کہ وطن کے دفاع کی اس جدوجہد میں وہ تنہا نہیں ہیں …. یہاں کے عوام وہ قرض تک چکانے کو ہمہ وقت تیار ہیں جو ان پر واجب بھی نہیں ہیں. ساتھ ہی ان کا یہ عزم “اسٹیبلشمنٹ” کو بھی یہ بات واضح کیے دے رہا ہے کہ حب الوطنی کا سہارا لے کر ملکی سیاست میں دخل اندازی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، کیونکہ پاکستان کے سیاست دان بھی حب الوطنی میں کسی سے پیچھے نہیں …… اور اس قسم کی چھیڑ چھاڑ عوام اور افواج کے گہرے فطری تعلق کو تہ و بالا کر سکتی ہے.

اور ہاں، یہ ان لوگوں کے لیے بھی لمحہ فکریہ ہے جو ایسے کسی بھی واقعہ کے بعد تحقیق، انتظار یا تفصیلات کے انتظار وغیرہ جیسے تکلفات میں پڑے بغیر اپنی توپوں کا رخ سیکیورٹی فورسز کی طرف کر کے اندھا دھند فائر کھول دیتے ہیں. یہ معلوم کرنا دشوار ہو جاتا ہے کہ یہ واقعہ اس یلغار کی وجہ ہے یا پھر بہانہ. اور جب یہ الزام تراشی درست ثابت نہیں ہوتی تو آج تک کبھی ایسا نہیں ہؤا کہ اس پر معذرت یا ندامت کا اظہار کیا گیا ہو.

یہ دوست بس اتنا ضرور ذہن میں رکھیں کہ سیاست کی بات سیاست میں اچھی لگتی ہے. سیاست کا غصہ اتارنے یا “حساب برابر کرنے” کے لیے اس طرح کے سانحات کو تختہ مشق بنانے سے گریز کیا جانا چاہیے.

Advertisements
julia rana solicitors

اللہ تعالی بیرسٹر ہارون بلور صاحب کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائیں. آمین، ثم آمین.

Facebook Comments

مہمان تحریر
وہ تحاریر جو ہمیں نا بھیجی جائیں مگر اچھی ہوں، مہمان تحریر کے طور پہ لگائی جاتی ہیں

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست ایک تبصرہ برائے تحریر ”اللہ تعالٰی ہارون بلور مرحوم کی مغفرت فرمائیں۔۔۔عاصم اللہ بخش

Leave a Reply