چنن دین صاحب کا ویلنٹائن ڈے۔۔عظمت نواز

اللہ اللہ کر کے وہ دن بس آیا ہی چاہتا ہے کہ  جب ہم جو کہ  لب بستہ ہیں دلگیر ہیں  ،  اپنا سکوت زباں و احساس زیاں توڑیں گے اور پیمان وفا کی تجدید، و چند دیگر خالی آسامیوں پر درد دل کی درخواست ارسال کرنے کا مصمم ارادہ رکھتے ہیں-

اے یاران وطن پچھلے برس اس موقع پرہمارے دوست “چنن دین “پر کیا بیتی کیا بتائیں – بہرحال اصرار ہے تو  بتائے دیتے ہیں_ کچھ شیطان صفت دوستوں نے چنن دین صاحب کو ٹچ بٹناں والا موبائل دلا کر طریقہ ہائے واردات مع چند عفیفاؤں کے نمبروں کے  سمجھا کر فرمایا کہ لگ جا بیٹا کام پہ – بعد از محنت  شاقہ چنن دین صاحب ایک نمبر پر دل کے تار ملانے میں کامران ہوئے  اور بر درخواست عفیفہ اس فتنہ پرور دن کا انتظار کرنے لگے کہ جس دن میل دلاں دے ہونے۔۔ چنن دین آنکھوں میں خواب سجائے اور للچائے دل کے ساتھ اکثر گنگناتا رہتا کہ “کدی آ مل سانول یار وے” تو آگے سے جواب آتا” کر لے چودہ فروری تک انتظار وے”  ،

ہجر کے دن پاٹنا کار مشکل تھا مگر امید کی کرن اس مفسد دن پر موقوف تھی – چنن دین سادہ دل و سادہ طبیعت اور  تا وقت اسماء بیلنس والی، اور پیسے اینٹھنے والی مشینوں کی کارستانیوں سے ناواقف تھا – محلے بھر کا پانی بھر کر جو چار پیسے بناتا وہ نادیدہ محبوبہ کی فون خرچیوں پر اڑ جاتے اور یار لوگ چادر تان کر سو رہتے کہ اس دن میلے ہونے ہیں -مشکل سے ہی سہی مگر  وقت ہجر تمام ہوا اور یہ ویلنٹائن دن آن پہنچا – چنن دین مانگے  کا سوٹ زیب تن کیے، دنداسہ مل کر، عازم سوئے منزل عشق ہوا – طرح طرح کے خیالات عاشق صادق کے من میں گھر کرتے رہے  اور پڑوسی کی مانگی چپل کے سہارے منزلیں مارتے رہے یوں مقررہ وقت سے کچھ وقت قبل ہی منزل مقصود پر پہنچ کر ایک طرف براجمان ہو رہے –

چنن دین اب دل کے ہاتھوں مجبور و بے بس تھا کہ اسی لمحے  ایک  برقعہ پوش مگر ایسی صحت مند کے بھینس بھی شرما جائے  دھک سے چنن دین کے مورے آن کھڑی ہوئی، ایسی مورت آن کھڑی ہوئی تھی کہ چنن دین کو کم از کم  اس پہاڑ صفت کے گرد گھوم کر ایک کامل زیارت کرنے کو دو دن درکار تھے – بس اسی دلشکستہ لمحے  چنن دین اس نامراد دن سے مایوس ہوا اور اس کی مخالفت میں جت گیا –  اس فتنہ پرور دن کے خلاف چنن دین نے مہم برپا کر رکھی ہے اور سالانہ بنیادوں پر اب وہ اس ویلنٹائن مخالفانہ  جنگ کے ہر اول دستے کا سپاہی ثابت ہو ریا –

ویلنٹائن کی تاریخ کو کرید کر اپن لوگوں نے کیا لینا جو بھی تھا کوئی مسکین برے حال ہی میں تھا – گمان غالب ہے کہ اس موئے نے اپنی محبت کے اظہار کے بعد اسی محبت سے شادی کر لی جس کا خمیازہ اس نے زوجہ کے حکم تھلے لگ کر  عمر گزار کر بھگتا –   اخیر عمرے اس کو یہ خیال فاسق آیا کہ اس کھیل میں جو بیتی ہے  یہ آنے والوں پر بھی بیتے تو سواد آجائے  اور ان کو محبت کی پھائی پڑے تو تب سے یہ مفسدانہ  سلسلہ شروع ہے –

Advertisements
julia rana solicitors london

چونکہ ہم نے اب ترقی کر کے پانی پر گاڑی چلا لی، نقلی چی گویرے پیدا کر لیے اور تو اور پاکستان میں پابلو نریدے بھی  پیدا کر لیے، اور اسی قبیل کے  دیگر کارنامے انجام دے چکے تو اب یہ امت کا آخری  تنازعہ بچا تھا یعنی ویلنٹائن ڈے  اب اخیر لے درجے کے معرکے  سال بہ سال ہو رہے  ،مگر یہ تنازعہ  حل ہو کر نہیں دے رہا –

وطن عزیز میں اب ہر خاص و عام موقع   پر اس کی مناسبت سے پانی پت کا میدان دیوار ہائے فیسبک پر سجایا جاتا ہے اور فریقین کمنٹس کی بوچھاڑ سے مخالف کی دیوار فیسبک کا سینہ چھلنی کر دیتے ہیں – ان میں سے بعضوں کو قطعی طور پر خبر نہیں ہوتی کہ در اصل ان کےاکابر کے بیچ میچ کس بات پر پڑا ہوا ہے اور وہ کیونکر بے حال ہو رہے  ہیں  مگر وہ اپنا فرض پورا کرتے ہوئے  اپنے ہم عقیدہ گروہ کا ساتھ دیتے ہیں اور ویلنٹائن کے برحق یا باطل ہونے کے فیصلے کرنے لگتے ہیں –
یہ فتنہ فرنگ دیگر فتنوں کی طرح وہاں جب گھس گھسا کر پرانا ہوا ہے تو ہمارے یہاں درآمد کر لیا گیا ہے اب اس کی برحقی  و فاسقی پر سالانہ جلسے فیسبک  پر منعقد ہوتے ہیں – امت کا درد اور انسانی آزادیوں کا شوق فروری کے دوسرے ہفتے کے اختتام پر شروع ہو کر  وہیں وفات بھی پا جاتا  ہے اور پھر دیگر مسائل امت پر معاملات طے کرنے لگ پڑتے ہیں –

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply