کراچی میں کچرے کے ڈھیر

پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری آجکل پنجاب کے غم میں مبتلا ہیں تو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سندھ کے عوام کےلیے اپنا سب کچھ نچھاور کرنے کو تیار ہیں۔ عام خیال یہ ہے کہ یہ سب کچھ 2018 کے انتخابات کی تیاری ہے، دونوں رہنما ؤں میں بہت سی باتوں میں اختلاف رائےہے۔ لیکن اس بات پر دونوں رہنما متفق ہیں کہ دنیا کا چھٹا بڑا شہر’کراچی‘ جس کی آبادی اب دو کروڑ کے قریب ہے آٹھ سال سے صفائی سے محروم ہونے کی وجہ سے اس وقت’’کچرے کا ڈھیر‘‘ بنا ہوا ہے۔
2008 سے اب تک پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) مرکز میں حکمران رہے ہیں، صوبہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی 2008 سے مسلسل اقتدار میں ہے، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پہلی حکومت میں اتحادی رہی، نتیجے میں پیپلز پارٹی نے کراچی کے انتظامی امور سے فاصلہ رکھا اور جب پیپلز پارٹی دوسری بار حکومت میں آئی تو ایم کیو ایم حکومت میں شامل نہیں تھی۔ 28 مارچ کو وزیر اعظم نواز شریف نے حیدرآباد کا ایک دن کا دورہ کیا اور وہاں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے عوام سے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی سے حساب لیں، گزشتہ حکومت پیپلزپارٹی کی تھی اور انہوں نے پانچ سال تک اقتدار کے مزے لوٹے ہیں،عوام ملک کی یہ حالت کرنے والوں سے حساب لیں، حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، کراچی میں کچرے کا ڈھیر ہے، شہروں کی حالت خراب ہے، سڑکیں ٹوٹی پھوٹ کا شکار ہیں، پیپلزپارٹی سے پوچھیں کہ اس نے سندھ کو کیا دیا۔

نواز شریف کے ساتھ ساتھ ان کے بھائی اور پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بھی پیپلز پارٹی کو کراچی کے کچرے کا طعنہ دے ڈالا تو بجائے اپنی غلطی تسلیم کرنے کے جواب میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کےرہنماؤں نے حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف دو سڑکوں کے علاوہ باقی پورا لاہور شہر کراچی سے بھی زیادہ گندہ ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ کراچی سے کچرا اٹھانے کیلئے کوششیں کررہے ہیں، شہر کو کچرے سے پاک کرنے کیلئے جس طرح کام کرنا چاہتے تھے نہیں کرسکے ہیں، اس معاملہ کو دوبارہ دیکھا جارہا ہے تاکہ شہر سے کچرا جلد اٹھایا جاسکے۔
کراچی کچرے کے ڈھیر میں ایک دن میں تبدیل نہیں ہوا ہےبلکہ سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے زمانے سے یہ سلسلہ شروع ہوا ہے،اب موجودہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بڑی آسانی سے فرمارہے ہیں کہ ہم کراچی کا کچرا صاف کرنے کے قابل ہی نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں یہ کہنے میں بالکل عار نہیں کہ ان کی کارکردگی سابق وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ سے کہیں زیادہ اچھی ہے۔کراچی جو صرف ایک شہر ہے صوبہ نہیں اس کو کچرے کے ڈھیروں کو جو صاف نہ کرسکے اور اس کا اعتراف بھی کرے ، نہ تو اسے وزیراعلیٰ رہنے کا حق ہے اور نہ اس کی پارٹی کو صوبے میں حکومت کرنے کا، افسوس یہ ہے کہ آج جو معذرت کرکے کسی بھی کام سے اپنی جان چھڑالیتے ہیں، ہم کل انتخابات میں ان کو ہی دوبارہ منتخب کرلیتے ہیں۔

کراچی میں سندھ کی صوبائی حکومت نے بلدیاتی اداروں کو اپنی گرفت میں لےرکھاہے، ایم کیو ایم کے پاس بلدیاتی اداروں میں بھرپور نمائندگی تو ہے لیکن اختیار نہیں۔ ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کےاس انداز کو اس طرح دیکھ رہی ہے کہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی اداروں کو غیر فعال کردیا ہے، جو کام بلدیاتی اداروں کو کرنے چاہیں وہ صوبائی حکومت نے اپنے ہاتھوں میں لے لیے ہیں اور وہ کام ہو بھی نہیں رہے ہیں، لہذا کراچی بری طرح مسائل کا شکار ہے۔ کراچی میں روزانہ لاکھوں ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے لیکن اسے اٹھانے والا کوئی نہیں ہے۔ 30 مارچ کو ماحولیات کی عالمی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے مئیر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ شہر میں آٹھ سال سے کچرا جمع ہورہا ہے،لوگ بیمار ہوکر مررہے ہیں، آٹھ سال میں ہمارے سارے محکمے تباہ ہوگئے ہیں،غلطیاں میری جماعت ایم کیو ایم نے کی بھی ہیں لیکن اختیارات پر وہ لوگ قابض ہیں جو شہر میں مینڈیٹ نہیں رکھتے۔ کراچی کا یہ کچرا اب پالوشن بن کر لوگوں کے پھیپھڑوں اور معدوں میں جا رہا ہے، شہر کی سڑکوں، اسپتالوں اور اسکولوں کی حالت خوفناک ہے۔ کراچی کوکچرےکا ڈھیر بنانے میں ایم کیو ایم ، پیپلز پارٹی کے علاوہ ہر وہ گروپ، ہر وہ پارٹی اور ہر وہ شخص شامل ہے جسے اس شہر نے پناہ، رزق اور اقتدار دیا۔

دو کروڑ کی آبادی اور ملک کو 70 فیصد ریونیو کما کر دینے والے شہرکراچی کے عوام کی ذمہ داری نہ ہی مرکزی حکومت لیتی ہے اور نہ ہی صوبائی حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرتی ہے۔ حیدرآباد کے ورکرز کنونشن میں نواز شریف کراچی کے حوالے سے اپنی تعریفوں کے پل باندھ رہے تھے، وہ فرمارہے تھے کہ’’ایک زمانے میں کراچی روشنیوں کا شہر تھا اور صاف ستھرا تھا، لیکن پھر کراچی کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا، اب کراچی کے حالات بہتر ہو رہے ہیں، پھر سے شہر کی رونقیں بحال ہوگئی ہیں، اب لوگ باہر نکلنے سے نہیں ڈرتے، 2013 میں ملک کا برا حال تھا، اب نیا پاکستان بن رہا ہے۔ مجھے یقین ہے جب ہم ترقی کی نئی منازل طے کریں گے تو کراچی ایک بار پھر ترقی یافتہ شہر بن جائے گا‘‘۔ کاش کوئی وزیراعظم نواز شریف کو یہ سمجھاسکتا کہ آپکی ان باتوں کو سننے میں ہمیں کوئی دلچسپی نہیں کیونکہ گذشتہ پچیس سال سے کراچی کے رہاشی یہی سن رہے ہیں ۔ اگروزیر اعظم صاحب کچھ عرصے کے لیے سیاسی موقعہ پرستی کو چھوڑ کر کراچی کے عوام کے مسائل میں دلچسپی لیں تو بہت سارے اور مسائل کے ساتھ ساتھ کراچی سے کچرے کے ڈھیر بھی ختم ہوسکتے ہیں اور اس سے کراچی کے ساتھ ساتھ ملک کی معاشی ترقی بھی ہوگی۔

Advertisements
julia rana solicitors london

کوئی مانے یا نہ مانے لیکن کراچی کے لوگوں نے وسیم اختر کو اپنا میئر منتخب کیا ہے، وسیم اختر کراچی کے منتخب اور قانونی میئر ہیں اور انھیں میئرشپ کا موقع ملنا چاہیے۔صوبائی حکومت کو انھیں اختیارات اور فنڈز دینے چاہئیں۔اختیارات اور فنڈز کے بغیر میئر کراچی کا کام کرنا ناممکن ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماآصف زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کو چاہیے کہ وہ ایم کیو ایم کے اندرونی معاملات میں جھانکے بغیراس کےرہنماوں اور کراچی کےمیئر کے ساتھ ملاقات کریں اوران سے سندھ کے اور خاصکر کراچی کےمسائل پر بات کریں اورملکر ان کا حل تلاش کریں، لازمی بات ہے کہ اس بات چیت میں کراچی کو کچرے کے ڈھیر سے نجات دلانے کے لیے بھی کوئی حل ڈھونڈ لیا جائے گا لیکن اگرپیپلز پارٹی ایسانہیں کرنا چاہتی تو پھر کراچی سے بلدیاتی نظام کو ختم کردئے ، شاید ایسا کرنا پیپلز پارٹی کے لیے ناممکن ہے کیونکہ کراچی کے عوام اس کو قبول نہیں کرینگے، ویسے بھی کراچی والوں نے صرف ایک کچرے کے ڈھیر کوصاف کرنے کی خواہش کی ہے، لاقانونیت کے کچرے کو تو کافی حد تک رینجرز والوں نے صاف کردیا ہے۔

Facebook Comments

سید انورمحمود
سچ کڑوا ہوتا ہے۔ میں تاریخ کو سامنےرکھ کرلکھتا ہوں اور تاریخ میں لکھی سچائی کبھی کبھی کڑوی بھی ہوتی ہے۔​ سید انور محمود​

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply