چھوٹے کاروبار میں ترقی کیسے کی جاے ؟۔۔میاں جمشید

کسی بھی چھوٹے کاروبار کو بڑے کاروبار میں ڈھالنے کے لئے فنانس کے علاوہ جو اہم کام ہوتا ہے وہ ہے مارکیٹنگ ۔ وہ بھی ایک ہی دفعہ نہیں بلکہ ایک تسلسل کے ساتھ متواتر ۔ مگر ہمارے ہاں چھوٹے کاروباری اس اہم کام کو اہمیت نہیں دیتے اور اس پر ہونے والے  اخراجات کو اضافی بوجھ سمجھتے ہیں ۔ اور اسی سوچ کو بدلنا بہت ضروری ہے ۔ خاص کر آج کل جہاں مسابقت کی دوڑ لگی ہوئی ہے ۔

پہلے کسی علاقہ میں کسی بھی قسم کی ایک  دکان ، برانڈ یا پروڈکٹ ہوتی تھی مگر آج کل آپ کے سامنے ہی ہے کہ ایک ہی علاقہ میں صارف کے پاس بہت زیادہ آپشن موجود ہیں ۔ تبھی ان حالات میں کاروبار کی اپنی الگ پہچان قائم کرنے اور زیادہ منافع بخش بنانے کے لئے مارکیٹنگ کا عنصر نہایت ضروری ہے۔ تو جناب اسی حوالے سے اس آرٹیکل میں مَیں آج مارکیٹنگ کے اہم پہلوؤں پر بات کروں گا جن کا چھوٹے کاروباری لوگوں کے لئے سمجھنا اور اختیار کرنا بہت ضروری ہے۔

مارکیٹنگ ہے کیا ؟

سادہ فہمی میں مارکیٹنگ کرنے سے آپ کے کاروبار کو لوگوں کی توجہ حاصل ہوتی ہے، پھر انہی لوگوں میں سے کئی آپ کے صارف بنتے ہیں جن سے نہ صرف آپ منافع کماتے ہیں بلکہ ایک اچھا تعلق بھی قائم کرتے ہیں ۔ اب مارکیٹنگ کرنے کے لئے ہمارے پاس بہت سارے راستے ہیں مگر وہ تبھی اچھے نتیجہ خیز ثابت ہوتے ہیں  اگر ان کو ایک منصوبہ بندی سے اختیار کیا جائے ۔

مارکیٹنگ پلان کیا ہوتا ہے ؟

اس کو آپ وہ منصوبہ بندی کہہ سکتے ہیں جو آپ لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لئے کرتے ہیں تاکہ آپ کے کاروبار کو لوگ جانیں، پھر اس کے کرنے سے لوگوں میں سے اپنے کاروبار کے لئے کلائنٹ ڈھونڈنے میں آسانی رہتی ہے ۔ مگر اس لئے ضروری ہے کہ آپ مارکیٹنگ کے لئے جو طریقہ کار اختیار کریں وہ ٹارگٹ مارکیٹ کے حساب سے ہو ، آپ کا لوگوں کے لئے پیغام واضح ہو اور یہ سب ایک بجٹ و ٹائم فریم کے اندر ہو ۔ ایسے تمام باتوں کی منصوبہ بندی مارکیٹنگ پلان میں کی جاتی ہے ۔

مارکیٹنگ میٹریل میں کیا شامل ہے؟

ان کو آپ وہ ظاہری چیزیں کہہ سکتے ہیں جن سے آپ کے کاروبار کی اہم معلومات بتائی جا سکیں کہ آپ کیا کاروبار کرتے ، کہاں کرتے ، کیا پروڈکٹ موجود ہیں ، کیا فوائد ہیں وغیرہ ۔ اس میں وزٹنگ کارڈ ، بروشر ، پمفلٹ ، ویب سائٹ، پروموشنل گفٹ وغیرہ شامل ہیں ۔ یہ سب وہ بنیادی چیزیں ہیں جن کا ہر کاروباری کے پاس ہونا انتہائی لازمی ہے ۔ یہ سب دوسرے لوگوں کو آپ کی غیر موجودگی میں بھی ہونے کا احساس دلاتی ہیں۔

مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ میں فرق

اکثر لوگ ان دونوں باتوں کو ایک ہی معنوں میں لیتے ہیں جو کہ ٹھیک نہیں ہے ۔ مارکیٹنگ کا تصور اتنا وسیع ہے کہ کسی بھی پروڈکٹ یا کاروبار کے خیال آنے سے اسکی تکمیل تک اور صارف کے پہلی بار استعمال سے ہمیشہ کرتے رہنے تک شامل رہتا ہے ۔

ایڈورٹائزنگ کے بارے ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ مارکیٹنگ کے پورے عمل میں اس کا ایک حصہ ہے ۔ جس کے ذریعے پروڈکٹ یا کاروبار کے متعلق لوگوں کو آگاہی دی جاتی ہے ۔ جیسا کہ کاروبار کا لوکل کیبل یا ایف ایم پر اشتہار دینا، پمفلٹ چھپوا کر تقسیم کرنا، کسی اخبار میں اشتہار دینا وغیرہ۔

سوشل میڈیا مارکیٹنگ

یقین مانیں کہ فیس بک ، انسٹاگرام جیسے میڈیم کے آنے کی وجہ سے چھوٹے کاروبار کو ترقی دینا جتنا آسان ہوا ہے پہلے کبھی نہیں تھا ۔ پہلے مارکیٹنگ کا عام ذریعہ صرف ٹی وی یا اخبارات میں مشہوری دینا ہوتا تھا جس کا بجٹ چھوٹے کاروباری لوگوں کی پہنچ سے دور ہوتا تھا ۔ مگر اب چھوٹے کاروباری لوگوں کا سوشل میڈیا کو استعمال کرتے ہوۓ نہایت کم بجٹ میں نہ صرف بہترین مارکیٹنگ کر سکتے بلکہ لوگوں ساتھ اچھے کاروباری تعلقات بھی بنا سکتے ہیں جو کاروبار کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں ۔ چاہے آپ فیس بک پیج بنائیں ، انسٹا گرام پر آگاہی دیں، بلاگنگ کریں ، ویڈیو بنا کر پوسٹ کریں وغیرہ

مارکیٹنگ میں رہنمائی

ہمیشہ یاد رکھیں کہ کاروبار میں بڑھوتری کے لئے جہاں مارکیٹنگ کو مستقل اپنانا مفید ہے وہیں پر ٹھیک سمت میں کرنا بھی ضروری ہے ۔ آپ سمجھیں کہ یہ ایک کل وقتی کام ہے جس کا بہت فائدہ ہے ۔ اس لئے کسی ایکسپرٹ سے مدد لینا یا خود کہیں سے مکمل معلومات حاصل کر کے مارکیٹنگ کرنا ہی نفع بخش ثابت ہو سکتا ہے کہ آج کل مارکیٹنگ کے نت نئے انداز موجود ہیں ۔ ان میں سے کون سا آپ کے کاروبار کے لئے اچھا ہو گا کو جاننے لے لئے آپ کو کسی مارکیٹنگ ایکسپرٹ سے رائے ضرور لینی چاہیے ۔

تو جناب حرفِ آخر یہ کہ مارکیٹنگ کی اہمیت کو جلدی سمجھنا اور کاروبار میں اتنا ہی جلدی شامل کرنا آپ کے چھوٹے کاروبار کو بڑے میں بھی جلد بدل سکتا ہے ۔ مزید آپ مختلف برانڈز اور کاروبار کی مارکیٹنگ کا طریقہ کار اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کہانیاں ڈاکومنٹری کی صورت دیکھا کریں یا اسکے حوالے سے آرٹیکلز پڑھا کریں تاکہ آپ میں مارکیٹنگ کا ویژن بہترین طریقہ سے واضح ہو سکے ۔

Shopping Revolution

میاں جمشید
میاں جمشید
میاں جمشید مثبت طرزِ زندگی کے مختلف موضوعات پر آگاہی ، رہنمائی اور حوصلہ افزائی فراہم کرتے ہیں ۔ ان سے فیس بک آئی ڈی jamshades پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *