کرپشن کی زنجیر اور پولیس۔۔عزیز اللہ خان ایڈوکیٹ

کوٹ سبزل تھانہ کی تعیناتی کافی مشکل تھی، روزانہ شام چار بجے سے رات دس بجے تک سنگین واردات ہونے کا خدشہ رہتا تھا اور تھانہ کے تمام ملازمین تیار ہوتے تھے کیونکہ سندھ کے بالکل قریب ہونے کی وجہ سے اس تھانہ کی یہی روٹین تھی یہاں چھٹی بھی بہت کم ملا کرتی تھی۔

ایک شام محرر تھانہ نے وائرلیس میسج لاکر میری میز پر رکھ دیا جس پر لکھا تھا کہ مجھے اگلے دن DIGبہاولپور کے روبرو  پیش ہونا تھا۔وائرلیس میسج میں اس کے علاوہ کچھ اور نہیں لکھا گیا تھا کسی بھی سب انسپکٹر عہدہ کے پولیس ملازم کے لیے DIGکے سامنے  پیش ہونا کتنا خطرناک ہو سکتا ہے یہ صرف محکمہ پولیس میں ملازمت کرنے والے ملازمین ہی جانتے ہیں۔میں نے اپنے ملازم فدا کو سب سے اچھی یونیفارم تیار کرنے کو کہا۔بوٹ، بیلٹ، کراس بیلٹ اپنی ریر نگرانی پالش کروائے۔ان دنوں ملازمین اچھی یونیفارم پہن کر افسران کے سامنے پیش ہوتے تھے ورنہ اس پر بھی سزا ملا کرتی تھی

مجھے ساری رات نیند نہ آئی۔۔۔بے چینی رہی۔ سارے سنگین زیر تفتیش مقدمات کی پراگریس رپورٹ بنوائی۔اپنے اچھے کاموں کی فہرست علیحدہ بنوالی۔”سارا لینا دینا بھی یاد کرتا رہا “یہ بھی سوچتا رہا کون سیاستدان شکایت کر سکتا ہے کیونکہ میری کسی سے بھی نہیں بنتی تھی ؟صبح چار بجے میں کوٹ سبزل سے بہاولپور کے لیے روانہ ہوگیا۔

صبح آٹھ بجے میں بہاولپور پہنچ  گیا، پولیس لائن میں یونفارم پہنی کیونکہ اتنے لمبے سفر کی وجہ سے یونیفارم خراب ہو سکتی تھی ،یونفارم پہن کر میں ڈی آئی جی آفس آگیا اور آفس سپریٹنڈنٹ باؤ تاج صاحب کے کمرے میں بیٹھ گیا۔ باؤ تاج (مرحوم) بھی کمال کی شخصیت تھے۔دراز قد کے مالک  ،چہرے پر ہر وقت مسکراہٹ رہتی تھی ،ان کی جناح کیپ الماری میں پڑی ہوتی تھی ،جب بھی   DIG کے کمرے  میں جاتے سر پہ جناح کیپ پہن لیا کرتے تھے مگر اُن سے کام کروانا جوئے شیر لانے کے مترادف تھا ،بہاولپور رینج کے ملازمین اور پروبیشنرز ASI’sکی بروقت ترقیاں نہ ہونے کی ایک وجہ باؤ تاج بھی تھے۔

ڈی آئی جی صاحب ٹھیک نو بجے دفتر آگئے ،تھوڑی دیر بعد باؤ تاج نے اپنی جناح کیپ پہنی ،ڈائری اُٹھائی اور مجھے دیکھ کر مسکراتے ہوئے اندر چلے گئے، میں نے دل ہی دل میں وہ تمام دعائیں اور آیتیں پڑھنا شروع کر دیں جو مجھے زبانی یاد تھیں۔تھوڑی دیر بعد باؤ تاج آگئے ،کہنے لگے صاحب ابھی مصروف ہیں آپ کو بعد میں بلائیں گے، میں نے باؤ تاج سے پوچھنے کی کوشش کی کہ “مجھے کیوں بلایا” لیکن ان کا جواب نفی میں تھا کہ انھیں کچھ معلوم نہیں، میں خاموش ہوگیا کیونکہ مجھے یہ بھی تجربہ تھا کہ اگر دفتر والوں کو کسی چیز کے بارے میں علم بھی ہو تو وہ نہیں بتاتے۔

دوپہر کے ایک بجے میری باری آئی ،اردلی بھاگتے ہوئے آفس سپریٹنڈ نٹ کے دفتر میں آیا اور بولا” DIGصاحب یاد فرما رہے ہیں “۔۔۔میں نے تیزی سے اپنی یونیفارم درست کی ،جلدی جلدی آیت الکرسی پڑھنے کی کوشش بھی کی مگر خوف کی وجہ سے نہ پڑھ سکا۔DIG کے کمرے  کے باہر کھڑے ہوئے لائن آفیسر نے مجھے” جلدی چل” کا حکم دیا، میں پریڈ کرتا ہوا کمرے  میں داخل ہوا، کمرے  میں داخل ہونے سے پہلے مجھے بتا دیا گیا تھا کہ صاحب کمرے کے  دائیں طرف بیٹھتے ہیں، جیسے ہی آپ کو رکنے کا حکم ملے گا آپ نے رُک جانا ہے ،پھر دائیں مڑ کا حُکم ہو گا تو آپ نے دائیں مڑ جانا ہے اور سامنے سلام پر سلوٹ کرنا ہے ،مجھے جیسے ہی” رک” کا حکم ملا میں رک گیا لائن آفسر بولا “دائیں مڑ۔۔۔سامنے سلام”۔میں دائیں مڑا اور فوری ڈی آئی جی کو سلوٹ کیا ۔میری نگاہیں نیچے تھیں اور میں DIG کے سامنے مجرم کی طرح کھڑا ہوا تھا۔ اس سے قبل میں نے اُن کو نہ دیکھا اور نہ ہی کبھی ان کے دفتر میں آیا تھا (اُن دنوں ڈی آئی جی ہر موقع پر نہیں جایا کرتے تھے )کمرے  میں خاموشی تھی، باؤ تاج بھی اپنی ڈائری لے کر اندر آگئے، سٹینو بھی کمرے میں موجود تھا ،بس اب صاحب کے بولنے کا انتظار تھا۔ مجھے ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے کسی کو پھانسی دینے سے پہلے کا منظر ہو ،اب مجھے DIGصاحب کے بولنے کا انتظار تھا۔

ڈی آئی جی صاحب نے لائن آفیسر باؤ تاج اور سٹینو کو باہر جانے کا کہا، میں اور بھی ڈر گیا، وہ مجھے مشکوک نگاہوں سے دیکھتے ہوئے کمرے  سے باہر چلے گئے، ان سب کے باہر جانے کے بعد مجھے DIG کی آواز سنائی دی “اوئے تو ں پیسے لینا تے اُتے دینا ایں ؟”۔ مجھے ان کی بات سمجھ تو آگئی مگر میں آہستہ سے بولا “میں سمجھا نہیں جناب “میری نگاہیں بدستور نیچے تھیں، ڈی آئی جی صاحب پھر بولے “تم پیسے لیتے ہو اور اُوپر والے افسران کو کھلاتے ہو، اُن کی باتوں سے میرا گلہ خشک ہورہا تھا ،سمجھ نہیں آرہی تھی اس بات کا کیا جواب دوں۔ ہاں بولتا تب بھی مرتا۔۔۔۔۔نہ  بولتا تب بھی مرتا۔

تھوڑی دیر سوچنے کے بعد میں نے اپنے حواس جمع کیے اور بولا “سر! میں پیسے ضرور لیتاہوں۔۔۔پر اُوپر نہیں دیتا”۔ DIG صاحب کی گرجدار آواز سُنائی دی بولے “اس بات کی قسم اُٹھا سکتے ہو؟” اب یہ مرحلہ میرے لیے بہت مشکل تھا ،محکمہ پولیس کے ملازمین اس بات سے باخوبی واقف ہیں کہ تھانہ ہی کرپشن کا اصل منبع ہوتا ہے ،اور چھوٹے ملازمین کواپنے بڑے افسران کو کسی نہ کسی طریقہ سے پیسے ضرور دینے پڑتے ہیں، چاہے وہ نقد ہوں یا تحفہ کی صورت میں ہوں ، اس بات کی قسم تو بالکل نہیں ا ٹھائی جاسکتی تھی کہ کب اور کتنے پیسے کس افسر کو دیے۔میں نے ہمت کی اور بولا “جی سر! قسم اٹھاسکتاہوں “۔DIGصاحب نے مجھ  سے قسم اُٹھوائی اور میں جھوٹی قسم اُٹھا گیا۔مگر میرا ضمیر مجھے ملامت ضرور کررہا  تھا،کیونکہ ان افسران کے سامنے ضمیر نام کی کوئی چیز ماتحت ملازم کو زیر نہیں کرسکتی۔ ڈی آئی جی صاحب نے مجھے اپنے سامنے پڑی کرسی پر بیٹھنے کا اشارہ کیا ،میں ڈرتے ڈرتے اُن کے سامنے پڑی ہوئی کرسی پر بیٹھ گیا۔ کسی بھی سب انسپکٹر کا کرسی پر DIG کے سامنے بیٹھنا اور بات کرنا بہت بڑا اعزاز ہوتا ہے ،جو کسی کسی کو نصیب ہوتا ہے، ورنہ کئی ڈی آئی جی صاحبان تو ڈی ایس پی صاحبان کو بھی اپنے دفتر میں کرسی  پر نہیں بیٹھاتے، اس بات کا مجھے بھی تجربہ ہے۔

میں نے سر اُٹھا کر ڈی آئی جی صاحب کی طرف دیکھا ،نظر کا چشمہ ان کی ناک پر ٹکا ہوا تھا اور وہ مجھے غور سے دیکھ رہے تھے ۔میں نے ایک لمحے   کے لیے اُن کی طرف دیکھا ،مجھے ایسا محسوس ہوا اُن کی نظریں نہ ہوں ایکسرے مشین ہوں ،جو مجھے اندر تک جانچ   رہی تھیں ،میں نے اپنی نگاہیں پھر نیچے کر لیں۔وہ بولے” میں تمہیں جانتا ہوں۔۔تمہارا تعلق اچھے گھرانے سے ہے۔۔تمہارا ایک بھائی جج بھی ہے ۔۔۔تمہاری زرعی زمین بھی ہے پھر تم پیسے کیوں لیتے ہو۔۔تمہارا پیسوں کے بغیر گزارا نہیں ہوتا؟۔ “میرا ڈر اب کچھ کم ہوگیا تھا، میں نے جواب دیا “سر!میرا گزارا ہوسکتاہے مگر آپ کے اور دوسرے دفتر والوں کاگزارا نہیں ہوتا، قتل کا ایک مقدمہ کا چالان عدالت میں سینٹ اپ کرنے کے لیے ایک ہزار روپے پراسیکیوٹر کو دینا پڑتا ہے اور اسی طرح باقی مقدمات عدالت میں بھجوانے کے لیے پروسیکیوٹرز کو پیسے دینے پڑتے ہیں۔DIGصاحب جواباََ بولے “قتل کے چالان کے تو تین سو روپے لیتے ہیں “۔اب میں پُرسکون ہوچکا تھا اور میرا اعتماد بحال ہو چُکا تھا بولا”نہیں سر!اب ایک ہزار روپیہ لیتے ہیں “۔ میں نے DIGصاحب کو یہ بھی بتایا کہ ASP یا Dsp کے دفتر کے ریڈر، اردلی SSP کے دفتر ریڈر OASI اردلی اور باقی عملہ اسی طرح DIGآفس کےA/DIG،ریڈر، آفس سپریٹنڈنٹ، اردلی وغیرہ بھی SHO’s سے ماہانہ پیسے لیتے ہیں جنھیں عرف عام میں ” انعام یا مٹھائی “کہا جاتا ہے۔

میں نے انھیں یہ بھی بتایا کہ آپ کے دفتر میں آتے ہوئے ہم اپنے پیسے بٹوے سے نکال کر اپنی جرابوں میں چھپا لیتے ہیں کیونکہ آپ کا A/DIGتو ہماری جرابوں سے بھی پیسے نکال لیتا ہے۔ DIGصاحب میری اس بات پہ ہنستے ہوئے بولے ” تم رشوت لینا چھوڑ نہیں سکتے؟؟”میں نے کہا “سر! میں چھوڑ سکتا ہوں مگر میری ایک آؤٹ آف ٹر ن پروموشن کی سفارش ملک اعجاز SSPصاحب نے بھجوائی ہوئی ہے، جو آپکے دفتر میں پڑی ہے اگر آپ وہ IGصاحب کو بھجوا دیں تو میں رشوت لینا چھوڑ دوں گا “۔وہ بولے عباس خان صاحب آئی جی ہیں وہ آؤٹ آف ٹرن پروموشن کے خلاف ہیں، انھوں نے کبھی بھی تمہاری پروموشن نہیں کرنی۔ کمرہ کا ماحول بہت اچھا ہوچکا تھا، میں نے فائدہ اٹھاتے ہوئے عرض کی ،جناب میری سنیارٹی کی ایک اپیل آپکے دفتر میں ہے آپ وہ ہی کردیں تو مہربانی ہوگی، انھوں نے اس شرط پر کہ میں تین مہینے رشوت نہیں لوں گا ،میری سنیارٹی کی اپیل منظور کرلی، باؤ تاج کو بلوایا گیا، جو مجھے کرسی پر بیٹھے دیکھ کر ششدر رہ گیا ،ڈی آئی جی  نے فوری طور پر میری سنیارٹی اپنے بیج میٹس کے ساتھ کرنے کے  احکامات جاری کردیے۔

تھانہ واپس جاکر میں نے جھوٹی قسم اٹھانے پر   خیرات کر دی ،اگر میں قسم نہ اُٹھاتا تو بقیہ ملازمت کوئی بھی افسر مجھ پر اعتماد نہ کرتا ،اب میں اس با ت کو کھوجنے کی کوشش کررہا تھا کہ DIGصاحب نے مجھے ہی کیوں بلوایا ،مگرکچھ دن بعد ایک اور واقعہ سے اس بات کی   وضاحت ہو گئی کہ مجھے کیوں بلوایا گیا تھا۔

احمد نسیم ڈی آئی جی صاحب نے رحیم یار خان کے ایک مقدمہ قتل میں SHOکوٹ سمابہ اورDSP صدر رحیم یار کو میری طرح ہی بلوایا گیا ایس ایچ او کوٹسمابہ پر ساڑھے تین لاکھ جبکہ ڈی ایس پی صدر پر ایک لاکھ روپے لینا ثابت کردیا گیا۔انھیں حکم دیا گیا کہ ایس ایچ او ساڑھے تین کی بجائے سات لاکھ جبکہ ڈی ایس پی ایک لاکھ کی بجائے دولاکھ روپے جمع کروائیں آئندہ یہ رقم شوکت خانم میموریل فنڈ میں جمع کروائی جائے گی، دونوں افسران سے یہ پیسے وصول کیے گئے ،شوکت خانم ہسپتال کو دیے گئے، یا نہیں یہ ایک ایسا راز ہے جو آج تک نہیں کھل سکا اور نہ کھل پائے گا۔ ان دونوں افسران کو دھمکیاں دی گئیں کہ وہ ملک اعجاز (مرحوم)کے خلاف اس بات کی گواہی دیں کہ وہ ان سے رشوت لیتے ہیں یا پھر رقم کی ادائیگی کریں ،ان دونوں افسران نے بھی اپنے SSP کے خلاف بیان نہ دیا اور رقم ادا کردی ،سات لاکھ بھرنے کے باوجود سب انسپکٹر کو DIG نے ایک اور مقدمہ میں نوکری سے برخواست کردیا۔دراصل DIGصاحب اور SSP رحیم یار خان کے درمیان کسی بات پہ سرد جنگ جاری تھی۔ وہ ایس ایس پی کے خلاف کوئی ایسا ثبوت ڈھونڈنا چاہتے تھے جس سے وہ ان کے خلاف رپورٹ بنا کر افسران بالا کو بھجواسکیں۔

Advertisements
julia rana solicitors london

محکمہ پولیس میں افسران کی آپس کی جنگ میں ہمیشہ ماتحت ہی  بلی کا بکرا بنتے ہیں۔بغیر رشوت کے پولیس کا یہ سسٹم چل ہی نہیں سکتا۔محرر تھانہ سارا دن ہرکام میں پیسے لینے کی   کوشش میں ہوتا ہے کیونکہ اس نے تھانہ کی سٹیشنری، SHOکے دفتر کے اخراجات برداشت کرنے ہوتے ہیں، اسی طرح وہ دفتر DSP، دفترSSP، تک ماہانہ پیسے ادا کرتاہے۔تفتیشی افسران SHOکو اس کا حصہ دیتے ہیں جبکہ SHOان میں سے DSPکو دیتا ہے بعض SHO ڈی پی او کے منظور نظر بھی ہوتے ہیں اور براہ راست ان کو “فٹیک “دیتے ہیں مگر آج کل فنڈز کھانے کا طریقہ افسران میں عام اور آسان ہے کیونکہ اس سے بدنامی بھی نہیں ہوتی اور ایمانداری بھی قائم رہتی ہے یہ سب کچھ معلوم ہونے کے باوجود بیوروکریٹس سیاستدانوں اور حکمرانوں کی آنکھیں بند ہیں کیونکہ اُنہیں یہ لگتا ہے اگر اس  نظام کو تبدیل کر دیا گیا تو اُن کی حکمرانی ختم ہو جائے گی۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply