ماں تجھے سلام۔۔مجاہد افضل

کہتے ہیں دنیا میں سب سے مخلص رشتہ ماں باپ کا بچوں سے اور بچوں کا ماں باپ سے ہوتا ہے،میری ایک امریکن فیلو جس کا نام امیلیا ہے، اس کا ذکر میں پہلے بھی گاہے بہ گاہے کر چکا ہوں اور آپ میں سے اکثر حضرات مجھے مشکوک نظروں سے دیکھنے کے بعد مبارکباد کے پیغامات بھی بھجوا چکے ہیں۔ درخواست اتنی سی تھی کہ اللہ آپ سب کی زبان مبارک کرے،آخر امریکہ بھی کسی مرد مجاہد نے ہی فتح کرنا ہے ۔امیلیا نے آج مددڈے پہ اپنی ماں کے ساتھ تصویر لگائی تھی اور ساتھ پیغامدرج تھا ‘ کرونا وائرس ختم ہونے کے بعد ماں ہم تمہیں تمہارے پسندیدہ بیچ (ساحل سمندر) پر لے کے جائیں گے اور ہیپی مدرز ڈے۔

اس تصویر کو دیکھنے سے کچھ دیر ہی پہلے میری اپنی ماں سے فون پر بات ہو رہی تھی ،پتا نہیں کیوں انہوں نے بات کے دوران ہی رونا شروع کر دیا جبکہ ان کو ویسے تو بظاہر کوئی مسئلہ پریشانی بھی نہیں ہے جو ہمیں نظر آتی ہو ۔میں کال کے دوران سوچتا رہا،مجھے بھی اپنی ماں کو ہیپی مدرزڈے بولنا چاہیے،مگر مجھے یاد ہے کچھ سال پہلے میں نے اپنی ماں جی کو گلے لگا کر ہیپی مدرزڈے بولا تھا ،تو وہ پوچھنے لگیں، یہ کیا ہوتا ہے ؟ ۔پھر جب ان کو بتلایا گیا آج ماؤں کا دن ہے ،یہ ساری دنیا میں بین الاقوامی طور پر منایا جارہا ہے ،آج آپ کا دن ہے اور آپ کے لیے کون سا تحفہ خریدوں؟ کہنے لگیں پتر مجھے یہ بتاؤ یہ بیٹوں کا دن کب ہوتا ہے؟ میرے لیے تو وہی خوشی کا دن ہوگا ۔

Advertisements
julia rana solicitors

ہماری مائیں دنیا کی انوکھی ترین مائیں ہیں، جن کو سمجھنا کبھی بھی ممکن نہیں ہو پایا،آپ ان کو دیکھیں گے، موقع خوشی کا ہو یا غم کا، ان کی آنکھوں سے آنسو اور  لبوں سے دعائیں جاری ہوجاتی ہیں ۔ میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں  دنیا کی ساری مائیں ایک ہی جیسی ہوتی ہیں اور ان سب میں آپ کو اپنائیت محبت اور دعا کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ اللہ ہم سب کی ماؤں کو خوش رکھے اور صحت والی لمبی زندگی عطا فرمائے،آمین۔میرے جن قارئین کی مائیں حیات نہیں ہیں’ ان کو اللہ صبر عطا فرمائے اور ان سے التماس ہے کہ وہ پریشان ہونا چھوڑ دیں،کیوں کہ میرا یہ گمان ہے کہ دنیا سے جانے کے بعد ساری مائیں جنت میں چلی جاتی ہیں۔ اللہ پاک آپ سب کی ماؤں کے درجات بلند فرمائے ۔آمین جزاک اللہ ۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply