• صفحہ اول
  • /
  • کالم
  • /
  • کیا ہم چوتھے صنعتی انقلاب کےلیے تیار ہیں ؟ ۔۔ پرویز بزدار

کیا ہم چوتھے صنعتی انقلاب کےلیے تیار ہیں ؟ ۔۔ پرویز بزدار

ایک ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں یہ بحث ہو رہی ہے کہ چوتھے صنعتی انقلاب سے ملکی معیشت اور عام آدمی کی زندگی پر کیا اثرات ہوں گے اس وقت پاکستان میں ہر سو  ایک “ففتھ جنریشن وار” نامی گم نام نظریے کے چرچے ہیں۔ اس نظریے کی باتیں شاید دل کو لبھانے کےلیے تو اچھی ہوں مگر تاریخ شاہد ہے کہ عام آدمی کی زندگی میں نظریاتی جنگوں سے ہمیشہ صنعتی انقلابوں کے اثرات زیادہ ہوئے ہیں۔ معاشی تاریخ دان اس بات پر متفق ہیں کہ لوگوں کے  معاشی حالات میں جیسا انقلاب پہلے صنعتی انقلاب سے برپا ہوا ،ویسا نہ اس سے پہلے کبھی ہوا تھا اور نہ اب تک ہو سکا۔

پہلے صنعتی انقلاب کا آغاز اٹھارویں صدی کے اختتام میں ہوا۔ اس انقلاب میں بہت سی نئی چیزیں ایجاد ہوئیں مگر  بھاپ سے چلنے والی انجن کی ایجاد اس انقلاب کی سب سے اہم چیز شمار کی جاتی ہے۔ دوسرے لفظوں میں یہ انقلاب توانائی کےلیے پانی کے استعمال کی دریافت تھی۔ اُس وقت تک سب سے زیادہ پیداوار لوگ زراعت سے حاصل کرتے تھے یوں بھاپ سے چلنے والی زرعی مشینری بنائی گئی جس سے مجموعی ملکی پیداوار میں اضافہ ہونے لگا۔ کوئلے کو نکالنے کا بھی آغاز اسی انقلاب کے دور میں ہوا اور یوں بھاپ سے چلنے والی مشینوں کے استعمال میں اور تیزی آ گئی۔ اس صنعتی انقلاب سے پہلے تقریباً دنیا کے تمام ملکوں کا جی ڈی پی پر کیپیٹا  گروتھ صفر تھا۔

کوئلے کے استعمال سے لوہے کو ڈھالنے کا کام بھی تیز ہوا اور یہی چیز دوسرے صنعتی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔ دوسرا صنعتی انقلاب تقریباً ایک صدی بعد انیسویں صدی کے آخر میں آیا۔  اس انقلاب میں اہم کرادر بجلی، گیس اور تیل کی دریافت کا رہا۔ لوہے کو ڈھالنے کا عمل تو پہلے ہی شروع ہو چکا تھا مگر توانائی کے ان دوسرے ذرائع سے سٹیل بنانے کا عمل بھی شروع ہوا۔ سٹیل کی انڈسٹری لگنے سے  نئی جدید مشینیں آسانی سے بنائی جانے لگیں ۔ اسمبلی لائن بھی اسی دور کا تحفہ تھا ،جس سے انڈسٹری میں بڑے پیمانے پر چیزوں کے بننے کا عمل شروع ہوا۔ کھادوں اور جدید زرعی مشینری کی وجہ سے زرعی پیداوار میں مزید اضافہ ہوا۔ ٹیکسٹائل کی صنعت میں مصنوعی دھاگے  کی ایجاد نے پیداوار میں بے انتہا اضافہ کیا۔ اس سب کے علاوہ بجلی کی وجہ سے ٹیلی فون اور ٹیلی گراف کی ایجاد بھی اسی عرصے میں ہوئی ، جس سے عمومی رابطوں کے علاوہ صنعت کاروں کے درمیان بھی رابطے میں آسانی آئی۔ ان سب چیزوں نے مل کر تاریخ میں پہلی بار  جی ڈی پی پر کیپیٹا گروتھ کو تین فی صد تک پہنچایا۔

تیسرا صنعتی انقلاب بیسویں صدی کے دوسرے نصف میں آیا۔ اس انقلاب میں سب سے زیادہ اہمیت  کمپیوٹر کے پروسیسر کی ایجاد کو حاصل ہے۔ اس کے علاوہ جوہری توانائی کی دریافت بھی بہت مفید ثابت ہوئی۔ مواصلات کے نظام میں مزید جدت آ گئی اور اس کی بدولت خلائی تحقیق کا آغاز ہوا۔ کمپیوٹر کی  ایجاد کی وجہ سے صنعتوں میں بہت سی مشینیں خود کار ہو گئیں۔ پی ایل سی ( پروگرام ایبل لاجک ڈیزائن) کی ایجاد سے ایک ہی مشین کو کئی مختلف کاموں کےلیے استعمال کرنا ممکن ہوگیا۔ یہ تو ماضی کی باتیں ہیں  اور ہم بھی کسی نہ کسی حد تک ان انقلابوں سے مستفید ہوئے ہیں۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا ہم آنے والے معاشی انقلابوں کےلیے تیار ہیں؟

آج کل ہر طرف چوتھے انقلاب کی باتیں ہو رہی ہیں اور اس انقلاب کی وجہ یہ ہے کہ آج کے دور میں کمپیوٹرز  خودکار ہونے کے علاوہ سوچنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایسے کمپیوٹرز کو روبورٹس کہا جاتا ہے اور اس علم کو آرٹیفیشل انٹیلی جینس (مصنوعی ذہانت) کا نام دیا جاتا ہے۔ پرانے انقلابوں میں جو اہمیت انرجی کو حاصل تھی اس دور میں وہی اہمیت ڈیٹا کو حاصل ہے کیونکہ مشینوں کی مصنوعی ذہانت دستیاب ڈیٹا کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ڈیٹا کو مصنوعی ذہانت کےلیے کیسے استعمال کیا جاتا ہے اس کےلیے ایک مثال آپ کی خدمت میں پیش کرتا ہوں۔ فرض کیا آپ کے گھر میں ایک خود کار ڈرون ہو اور آپ  اپنے گزشتہ پانچ سال کا سارا ریکارڈ اس ڈرون کو فراہم کرتے ہیں۔ اس  کے ریکارڈ میں یہ چیزیں ہیں کہ آپ نے کس دن کیا کھانا بنایا اور اس دن موسم کیسا تھا اور آپ نے چیزیں کس دکان سے خریدی تھی۔ اس سب ریکارڈ کو سامنے رکھ کر ڈرون آپ کے ہر دن کی ضرورت کی چیزیں آپ سے پوچھے بغیر دکان سے خرید کر لا سکے گا۔  یہ ایک گھر کی مثال ہے ہو سکتا ہے ہم انسان اپنے پرانے ریکارڈ سے ہٹ کر کچھ اور کرنا چاہیں مگر انڈسٹری میں چیزیں بننے کا پراسس کبھی تبدیل نہیں ہوسکتا اس لیے آپ اندازہ لگائیں کہ ان سوچنے والوں کمپیوٹرز سے انڈسٹری میں کیسا انقلاب برپا ہوگا۔

اس انقلاب کے ترقی پذیر ملکوں پر کیا اثرات ہوں گے اس حوالے  سے ماہرین کی رائے منقسم ہے۔ زیادہ تر کا گمان ہے کہ اس انقلاب سے امیر اور غریب ملکوں کے درمیان فرق مزید بڑھے گا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ غریب ممالک کے پاس معاشی غربت کے علاوہ علمی غربت بھی ہے۔ اس علمی غربت کی وجہ سے وہ جدید چیزیں بنا ہی نہیں سکیں گے۔ بہرحال ماہرین کے ایک چھوٹے طبقے کی رائے یہ بھی ہے کہ اگر  غریب ملکوں نے وقتی طور پر مثبت اقدام کیے تو وہ معجزاتی ترقی کر سکیں۔ ان اقدامات میں یقینی طور پر سب سے اہم چیز ڈیجیٹلائزیشن ہے اور خوش قسمتی سے ہماری حکومت دیر سے سہی مگر اس کی طرف توجہ دینے لگی ہے۔ گورنمنٹ کی ذمے داری صرف ڈیجیٹلائزیشن سے پوری نہیں ہوتی بلکہ تعلیمی نظام میں بھی انقلابی تبدیلیاں کرنی ہونگی۔ بد قسمتی سے پرائمری سے لیکر یونیورسٹیوں تک ہم صدیوں پرانا نصاب پڑھا رہے ہیں۔ نصاب میں تبدیلی کے علاوہ گورنمنٹ کی یہ بھی ذمے داری بنتی ہے کہ اس صنعتی انقلاب کےلیے درکار مہارتیں سکھانے کےلیے خصوصی پروگرام شروع کیے جائیں۔ اس طرح کے اقدامات ترقی یافتہ ممالک میں تو پہلے سے ہی کیے  جا چکے  ہیں۔  گورنمنٹ کے علاوہ ہماری صنعتوں پر بھی اہم ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے ہاں کام کرنے والے لوگوں کو درکار نئے سکلز سکھائیں۔

Advertisements
julia rana solicitors london

نئے سکلز نہ سکھانے کے دو خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ پہلا خطرہ تو معاشی عدم مساوات کا ہے۔ کیونکہ اس وقت پاکستان میں ایسے بہت کم لوگ ہیں جو اس صنعتی انقلاب کےلیے درکار سکلز سے لیس ہیں اس لیے وہ منہ مانگے پیسے لینے میں کامیاب ہونگے، جبکہ دوسری طرف ایسے لوگوں کو کوئی کم مزدوری پر بھی رکھنے کو تیار نہیں ہوگا جن کے پاس جدید سکلز نہیں ہونگے۔ اگر بغیر سکلز والے مزدوروں کو کسی نہ کسی طرح لازمی صنعتوں میں کام دینا پڑ گیا تو ہماری صنعتیں پیچھے رہ جائیں گی۔ صنعت یا صنعتی مزدوروں میں سے کسی کا بھی پیچھے رہ جانا ملکی مفاد میں نہیں ہو سکتا۔ صنعت کار اور گورنمنٹ کے علاوہ  ہر فرد کی بھی یہ ذمے داری بنتی ہے کہ وہ خود کو اس قابل بنائے کہ وہ اس صنعتی انقلاب سے بھر پور فائدہ اٹھا سکے۔ انفرادی طور پر کمپیوٹر سے متعلقہ سکلز خصوصاً پروگرامنگ کے سکلز سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہونگے۔

Facebook Comments

ڈاکٹر پرویز بزدار
مضمون نگار نے کائسٹ جنوبی کوریا سے پی ایچ ڈی کی ڈگری کر رکھی ہے اور اب جنوبی کوریا میں مقیم ہیں۔ وہ موبائل اور کمپیوٹر کے پروسیسرز بنانے میں آرٹی فیشل انٹیلیجنس (مصنوعی ذہانت) کو استعمال کرنے کے طریقوں پر تحقیق کر رہے ہیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply