طاہر چوہدری کے قانونی مشورے

سوال:میں نے عدالت سے خلع کی ڈکری لی تھی۔لیکن اسے یونین کونسل میں جمع نہیں کروایا تھا۔نہ ہی یہاں سے خلع موٹر ہونے کا سرٹیفکیٹ لیا تھا۔اس دوران میری خاوند سے صلح ہوگئی تھی۔تعلقات بھی قائم ہوئے۔تاہم کچھ عرصہ بعد دوبارہ لڑائی جھگڑا بڑھ گیا۔کیا میں عدالت سے لی گئی وہی خلع کی ڈکری اب یونین کونسل میں جمع کروا کر خلع کا سرٹیفکیٹ لے سکتی ہوں؟
جواب:عدالت سے خلع کی ڈکری لینے کے بعد اسے یونین کونسل میں جمع کروانا ہوتا ہے۔تین مہینے کے اندر صلح صفائی ہوجائے تو اس ڈکری کی حیثیت ختم ہوجاتی ہے۔ورنہ یونین کونسل خلع کا سرٹیفکیٹ جاری کردیتی ہے۔یہ خلع ایک طلاق کے برابر ہوتی ہے۔
آپ کے معاملے میں چونکہ صلح ہوگئی تھی۔کوئی سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہوا تھا لہذا عدالت سے جاری کردہ اس وقت کی خلع کی ڈکری کی کوئی حیثیت نہ رہی۔ابھی اگر آپ دوبارہ خلع لینا چاہتی ہیں تو دوبارہ عدالت سے رجوع کرنا پڑے گا۔پچھلی ڈکری کی بنیاد پر یونین کونسل سے سرٹیفکیٹ نہیں لے سکتیں۔ آپ پچھلی ڈکری کی بنیاد پر سرٹیفکیٹ لیں گی تو یہ دھوکہ دہی ہوگی۔ آپ کے چونکہ دوبارہ تعلقات بھی قائم ہوئے تھے۔ پریگنینسی بھی ہوگئی تھی۔جس کا کہ میڈیکل ریکارڈ آپ کے شوہر کے پاس موجود ہے تو وہ آپ کیخلاف قانونی کارروائی کروا سکتا ہے۔

سوال:پولیس نے ہمارے ملزم کیساتھ ساز باز کرکے اس کے خلاف ایف آئی آر خارج کردی۔ ہمارے پاس کیا ریمیڈی ہے۔کیا کرسکتے ہیں؟
جواب:آپ متعلقہ علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں استغاثہ دائر کرسکتے ہیں۔ملزم کیخلاف ثبوت عدالت کو دکھائیے اور بتائیے۔عدالت پولیس کی جانب سے ایف آئی آر خارج کیے جانے کے باوجود آپ کے ملزم کیخلاف مقدمہ چلائے گی۔
کئی مقدمات میں ایسا بھی ہوتا ہے کہ اگر آپ پولیس کی تفتیش سے مطمئن نہیں تو ملزم کیخلاف ایف آئی آر ہونے کے باوجود آپ اسکے خلاف عدالت میں بھی کیس/استغاثہ دائر کرسکتے ہیں۔

سوال:میرے خاوند نے مجھے طلاق کا نوٹس بھیجا۔ اس کے ایک مہینے بعد ان کی وفات ہوگئی۔کیا میں ان کی وراثت سے حقدار ہوں؟
جواب:عام طور پر تو طلاق یافتہ خاتون اپنے سابقہ شوہر کی وراثت سے حقدار نہیں ہوتی۔ تاہم آپ کے کیس میں صورتحال مختلف ہے۔یہ طلاق ابھی موثر نہیں ہوئی تھی۔جو کہ نوٹس کے 90 دن گزرنے کے بعد موثر ہوتی ہے۔چونکہ طلاق موثر نہیں ہوئی تھی لہذا آپ اپنے شوہر کی جائیداد سے وراثت کی حقدار ہیں۔لے سکتی ہیں۔اس ایشو پر کئی اعلی عدلتی نظائر بھی موجود ہیں۔

سوال:میرے بھائی کو لڑائی میں زخم آئے۔ہم نے پولیس کے ذریعے میڈیکل کروایا۔ میڈیکل کرنے والا ڈاکٹر ملزم کا رشتہ دار تھا۔اس نے یہ رپورٹ جانبداری سے تیار کی ہے۔ملزم کو فائدہ دیا گیا ہے۔ہم کیا کریں؟
جواب:قانون کہتا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کو 21 دن کے اندر اندر چیلنج کیا جاسکتا ہے۔اپنے علاقہ مجسٹریٹ کو درخواست دیں۔وہ اس پر ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے گا اور رپورٹ نئے سرے سے تیار ہوگی۔اگر کچھ مختلف ہوا تو۔
ڈاکٹر کی جانبداری ثابت ہوئی تو اسکے خلاف بھی پھر کارروائی کی درخواست دی جاسکے گی۔

Advertisements
julia rana solicitors

سوال:میرے شوہر ایک ایجنٹ کے ذریعے ملک سے باہر گئے تھے۔8 سال ہوگئے۔ان کا کچھ اتہ پتہ نہیں۔کسی نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر کسی دوسرے ملک میں داخل ہوتے ہوئے ان کی موت ہوگئی۔ہمیں ان کی اب کوئی خبر نہیں۔میرے 2 بچے ہیں۔خاوند کے نام جائیداد کیسے بیچی جاسکتی ہے؟
جواب:جس شخص کے بارے میں 7سال سے کوئی خبر نہ ہو،لاپتہ ہو وہ مردہ تصور کیا جاتا ہے۔آپ ان کی جائیداد کی وراثت کے طور پر تقسیم کروا سکتی ہیں۔اسے بیچ کر اپنے بچوں کی تعلیم وغیرہ کا خرچہ چلائیے۔

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply