• صفحہ اول
  • /
  • کالم
  • /
  • سپین میں پانچ سو سال بعد اذانوں کا گونجنا۔۔سلمیٰ اعوان

سپین میں پانچ سو سال بعد اذانوں کا گونجنا۔۔سلمیٰ اعوان

ہم پاکستانیوں کے لیے کرونا کی یہ افتاد کچھ اتنی نئی تو نہیں ہاں البتہ اس کی سنگینی بہت گھمبیر ہے۔دہشت گردی جیسے عفریت کو کِس طرح اِس قوم نے بھگتا ہے یہ کوئی ہم ماؤں سے پوچھے جن کے دلوں کی ہر دھڑکن اور سانسوں کی ہر تار میں عافیت اور خیر کی دعائیں پروئی ہوتی تھیں۔بات کو لمبی کیا کروں اِن بڑی طاقتوں کے مفادات غلبے اور حرص و ہوس کے ہتھکنڈے کیسے ہم کمزور ملکوں کو خون میں نہلاتے رہے ہیں۔خدا تو انہیں کہیں یاد ہی نہیں تھا۔

پچھلے دنوں مذہبی رواداری اور یگانگت کے بہت سے مظاہرے دیکھنے کو ملے۔اِن میں ٹرمپ کا تلاوت سُننا،بل گیٹس کا کہنا یہ ہمیں سکھانے آیا ہے۔ روحانی طاقت کا اعتراف،ویٹی کن سٹی میں سورہ رحمن کا گونجنا اور سپین میں صدیوں بعد اذان کی آواز۔اخبارات نے اسپین میں اذان کو جس طرح نمایاں جگہ دی وہ کہیں اس کرب کی تسکین کا اظہار تھا جو ہم عام بے عمل سے مسلمانوں کی جذباتیت سے جڑا ہوا ہے۔جہاں انہوں نے صدیوں حکومت کی تھی۔

سپن سیاحت کے حوالے سے اہم ملک ہے۔مورش تہذیب کا نمائندہ جس نے صدیوں مور مسلمانوں کے اُس علمی،ادبی فکری،سائنسی،تعمیری،تہذیبی و تمدنی اثاثوں کو نظرانداز کیا۔یہاں بریفالٹ کو خراج تحسین پیش کرنا پڑے گا کہ جس نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ عربوں نے کوئی نیوٹن اور کوپرنیوکس پیدا نہیں کیے۔ لیکن انہوں نے جو کچھ یورپ کو دیا اس کے بغیر کوپر نیوکس اور نیوٹن پیدا ہی نہیں ہوسکتے تھے۔تاہم گزشتہ صدی نے اہل  سپین کو اس کا احساس دلایا اور انہوں نے اِس کا اعتراف کیا۔

آٹھ جولائی 2003کا یہ حبس آلود سادن تھا۔ اخبارات اور ٹی وی نے ایک ایسی خبر نشر کی تھی جس نے آنکھیں گیلی کردی تھیں۔
خبر الجزیرہ ٹیلی ویژن لائیو نشر کررہا تھا۔غرناطہ کی اِس نئی تعمیر شدہ مسجد کے موذن کا مینا ر پر چڑھنا اور نصف ملینیم کے طویل عرصے بعد اللہ اکبر کی صدا کا گونجنا کیسا ایمان افروز واقعہ تھا۔
اس کو بنانے کے لیے کتنا انتظار کرنا پڑا۔اس کی تفصیل بڑی لمبی ہے۔
تعریف و تحسین کے لفظ بہت چھوٹے ہیں اُن پندرہ سولہ ہزار ہسپانوی مسلمانوں کے لیے جن کے اندر عزم صمیم کی لو اُنہیں سرگرم رکھتی تھی۔ مسلسل جدوجہد،مسلسل کوشش۔حکومتی سطح پر ارکان کی مخالفت بہت شدید تھی۔
تاہم ایک وقت ایسا آیا کہ سیاسی طور پر مسلسل بلند ہونے والی اِس آواز کو دبانا مشکل ہوگیا تھا۔ یواے ای اور شارجہ کے حکمران نے اِس کے کم و بیش سارے اخراجات اٹھائے تھے۔
نصف صدی سے بھی زیادہ کی کاوش کا یہ حسین تحفہ اس کی خوبصورت اپنی طرز کے منفرد اکلوتے مینار کی چھوٹی سی جگہ پر جب موذن نے اللہ اکبر کی صدالگائی تو غرناطہ کی پہاڑیوں، غرناطہ کے میدانوں،اس کی ہواؤں،اس کی فضاؤں میں وہ آواز گونجی تھی جسے سُنتے ہوئے آنکھوں سے آنسو جاری ہوئے تھے۔
اور اب البیازین کے گھروں کی چھتوں پر اذانیں گونجی تھیں۔پروردگار عزتیں اور ذلتیں دینا صرف تیرا ہی کام ہے۔

تین سال قبل اکتوبر کی ایک میٹھی سی دوپہر جب میں غرناطہ میں تھی تو اُس مسجد کو دیکھنے کے لیے مری جارہی تھی۔ اب شہرہ آفاق الحمرا محل کی ڈھلانوں پر بکھری مسلمانوں کی عرب تہذیب و ثقافت کی نمائندہ بستی البیازین جانے اور اس کی مسجد میں ظہر کی نماز پڑھنے کے لیے جارہی ہوں۔

سیاہ آہنی گیٹ سے اندر داخل ہوئے۔دعائیں ہونٹوں پر تھیں۔درختوں سے گھری خوبصورت روشن اور فوارے سے سجی اپنی پشت پر الحمرا اور پہاڑوں کے منظر دکھاتی یہ کیسی دل کو بھائی تھی۔
اور جب اذان کی آواز گونجی۔یہ وجد کی سی کیفیت تھی جو ہم دوستوں پر طاری ہوئی۔اندر ایک روح پرور منظر ہمارا منتظر تھا۔حددرجہ خوبصورت اور پرکشش محراب و منبر بھی اپنی نوعیت میں منفرد لگے۔نماز ادا کی۔شکر تھا۔دعائیں تھیں اور گہری عبودیت کا اظہار تھا۔

پلازہ سان نکولس کے کشادہ ٹیرس کی منڈیر پر بیٹھنا،موروں کے اِس شاہکار محل کی برجیوں،میناروں کو چمکتے سونے جیسی دھوپ میں دیکھنا اور عقب میں سیرا نویدا کے کہیں کہیں برف میں ڈھنپے پہاڑوں کو سائبانوں کی طرح مستعد محسوس کرنا جیسا مسرور کرنے والا کام بھی ہم نے وقت کی قید سے جیسے بے نیاز ہوکر کیا۔

اوپر والے کی احسان مندی تو ساتھ ساتھ چل رہی تھی۔بھلا جو جگہ بل کلنٹن کی یادوں میں کھلبلی مچاتی رہی ہو اور جسے وہ دنیا کا بادشاہ بن جانے پر بھی دیکھنے کے لئے آئے کہ وہ اِس سے بہت متاثر ہوا تھا۔ تو کہنا پڑے گا کہ سارا منظر کسی شاہکار پینٹنگ کی طرح لگتا تھا کہ جسے دیکھتے جاؤ اور دل نہ بھرے۔

حسین اور موہ لینے والا تو سب کچھ تھا مگر پس منظر میں جو دکھ اور کرب تھا اس کا احساس تو اِس دل کو ہی تھا کہ چرچ تو کبھی مسجد تھی جہاں سجدہ دیا جاتا تھا اور درختوں سے سجا یہ کشادہ سا پلازہ کبھی قلعہ تھا۔ Alcazaba Kadimaجس کا کوئی ٹوٹا پھوٹا نشان تو نظرآتا ہے۔باقی سب صفایا ہوگیا ہے۔

دراصل Alcazaba کے ساتھ بھی تو بڑی تلخ سی یاد وابستہ ہے کہ جب غرناطہ کا سقوط ہوا تو پہلا کام تو گھنٹی کا نصب کرنا تھا جو رومن کیتھولک عقیدے کے مطابق ایمان کا حصّہ ہے۔لاویلا اسی کو کہتے ہیں۔
2جنوری کو گھنٹی کا بجنا 1492غرناطہ کو واپس لینے کا دن ہے کے طورپر منایا جاتا ہے۔

سچی بات ہے یہ البیازین ایسا حسین و جمیل ٹکڑا  ہے کہ جسے جتنا دیکھو اُتنا کم۔اسے جب تک انسانی آنکھ سے نہ دیکھا جائے اس کے حُسن کا اندازہ ہی نہیں ہوسکتا۔تنگ تنگ خم دار گلیوں والا یہ البیازین جو مورش تہذیب و تمدّن کے آغاز سے سجا قرون وسطیٰ کا حُسن آنکھوں کے سامنے مجسم کرتا ہے۔
البیازین کے جس محرابی دروازے سے ہم اندر داخل ہوئے وہ گیٹ افPuerta Elvira قدرے سرخی مائل بھورا تھا۔ نام کے بارے بہت سی روایات ہیں۔مجھے تو صرف ایک حقیقت کے قریب تر لگی تھی کہ جب لگ بھگ کوئی تیرھویں صدی کے کم و بیش وسط میں مسلمانوں کو بیازاBaezaشہر سے عیسائیوں نے دیس نکالا دیا تو وہ بھاگ کر غرناطہ کی اِن شمالی پہاڑیوں پر آباد ہوگئے اور انہوں نے اِس مضافات کو اپنے پرانے شہر کا نام دیا۔جسے آج البیازین کہا جاتا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ یہ ال کذا باAlcazaba تھا۔اور قرطبہ کے زوال کے بعد مسلمانوں کی طاقت کا سارا مرکز غرناطہ بن گیا۔شہر خوبصورت مسجدوں سے سج گیا۔ یہ کوئی آٹھ دس نہیں،پچیس تیس کے لگ بھگ تھیں۔خوبصورت مکانات،بازار محرابی بڑے بڑے چوبی پٹوں والے گیٹ یا باب، ڈھلانی گلیاں۔ سچ تو یہ ہے کہ یہ ایک ایسی بستی کا روپ دھار گئی جو آج بھی اپنی اسی انفرادیت کے ساتھ قائم ہے۔

یہاں کے بہت سارے چرچ تو وہ ہیں جو مسلمانوں کی مسجدوں پر بنائے گئے ہیں۔بعض خوبصورت مینار بیل ٹاور بنا دئیے گئے۔اِن میں سب سے خوبصورت اور حسین Al Minar de San Colegita اور اس کا صحن تھا جو کہ کبھی مسلمانوں کی بہت بڑی مسجد تھی۔جو چرچ آف del Salvadorسے منسلک کردیا گیا تھا۔

چرچ کی یہ کہانی اس ظلم و زیادتی کو بہت اچھی بتاتی ہے کہ اسلام کو عیسائیت میں بدلنے کے کیا کیا جتن ہوئے۔اور ان کے اپنے شہر میں مسلمانوں اور ان کے ساتھ ساتھ یہودیوں پر بھی ظلم و ستم کے کون کون سے پہاڑ نہیں ٹوٹے۔

اس گیٹ سے اندر داخل ہونا گویا اس عہد قدیم میں داخل ہونے کے مترادف تھا۔یہاں کہیں کہیں دیواروں پر بکھری خستگی اور کہنگی بھی نظرآئی۔کہیں بلندوبالا پتھریلی اینٹوں اور پتھروں کی سیڑھیاں جو گھروں کے ساتھ ساتھ اوپر چڑھتی چلی جاتی تھیں۔پھول پتے بیلیں گملے بھی آنکھوں کو طراوت دیتے تھے۔جس گلی میں جاتے کچھ نہ کچھ وہاں مختلف ہی نظرآتا۔ کہیں کوئی محرابی دروازہ توجہ کھینچتا۔کہیں گلی یا تنگ دہانہ کسی الف لیلوی داستان کی طرح پھولوں سے چمکتے کِسی میدان میں دھکیل دیتا۔کہیں چونے اور گچ میں گندھے مکان نظر پڑتے۔

البیازین۔یہ کیسا جہان اور کیسی دنیا تھی۔قدامت کے حسن میں پورم پور ڈوبی۔ نئے رنگ کے پینٹ پالش رنگ و روغن کے غاز ے میں لپٹی ہوئی۔ورلڈ ہیرٹیج کی گود لی ہوئی۔عربوں کے شاندار ورثے کی مالک۔

شائقین کا ہجوم تھا۔بیگ کندھوں سے لٹکائے جتھوں کی صورت پروانوں کی طرح اس کی گلیوں میں منڈلاتے پھرتے تھے۔کہیں گھروں کی بالکونیاں اور فرنٹ کی دیواریں آرائشی نوادرات سے سجی آپ کی آنکھوں سے اشارے بازیاں کرتی تھیں۔کہیں کشادگی اور کہیں اتنی تنگی کہ دو منزلہ سہ منزلہ گھروں کی بالکونیوں اور دریچوں سے ذرا سا ہی ہاتھ بڑھانے سے سالن اور چائے کے کپ کا لین دین ہوجائے۔مکانوں کی چھتیں اور چوباروں کی کھڑکیاں ایک دوسر کے گھر میں گویا کھلتی تھیں۔گلیوں کے نام کہیں چونکاتے تھے۔ گو بگڑے ہوئے تھے مگر ذرا سا زور دینے اور تھوڑی سی فکر ماضی سے ناطہ جوڑ دیتی تھی۔

کہیں پیڑوں پر سجے سنگترے،مالٹے۔ہائے جی چاہتا تھاتوڑ کر کھائیں۔کہیں سے لون مرچ مل جائے تو چٹخارے بھرتے ہوئے بچپن آنکھوں کے سامنے آجائے گا۔کہیں چڑھائی،کہیں اُترائی،کہیں پھول،کہیں بیلیں،کہیں پیڑ، کہیں درخت۔سب اس کا حسن بڑھانے کا باعث ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

سب سے زیادہ لُطف سان نکولس چرچ کے احاطے میں آیا جہاں اونچی منڈیر پر ٹورسٹوں کے پُرے بیٹھے ان رنگ رنگیلے جپسیوں کے فلیمنکو گیت اُن کے گٹاروں پر سُنتے تھے۔اِس منظر کا حصّہ بننے میں ہم نے لطف اٹھایا۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply