علینہ !
گلابی پری مائرن
جس نے میری دلہن کو
نئی زندگی کی عروسی عطا کی
مری ساری نظموں سے بڑھ کر حسیں ہے
وہ نرسیں
جو بیمار جسموں کا دکھ
ابنِ مریم کی پوروں سے محسوس کرتی ہیں
آنکھوں میں اُن کی خدا مسکراتا ہے
خود زندگی اُن کے ملبوس پہنے
کرسمس مناتی ہے
دکھ بھول جاتی ہے
عیسیٰ کی سولی سے رِستے لہو کا
شفایاب آدم کے ہونٹوں پہ
ایسی دعا کے پرندے اُترتے ہیں
جن کو رسولوں سے پہلے
زمیں پر اُتارا گیا
کن پرندوں کے بیمار دکھ میں
زمیں دق زدہ لڑکیوں کی طرح
زندگی کی طرف دیکھتی ہے
مسیحا کی آمد کے سب منتظرہیں
الٰہی ! الٰہی ! کی تکرار میں
خلق اپنے لہو کی
صداقت کی پہچان سے منحرف
آسماں کی طرف دیکھتی ہے
جہاں ایک چپ کی
گھٹا میں
کسی حرفِ کُن کا
نشاں تک نہیں
کان سنتے رہیں گے ’’نہیں‘‘
اپنے ہاتھوں پہ
جب تک
ریاضت کا اعجاز کُھلتا نہیں
Facebook Comments
اسلامد علیکم ۔
مکالمہ تخلیق و تخلیقیت سے بھرپور ہے ۔
ہنر اور سلیقہ سلامت رہے