طاہر چوہدری ایڈووکیٹ کے قانونی مشورے

سوال:میری سابقہ بیوی نے عدت پوری کیے بغیر دوسری شادی کرلی ہے۔اس پر کوئی سزا مقرر ہے؟کوئی قانون ہے؟
جواب:عدت پوری کیے بغیر دوسری شادی کرنا ایک بےقاعدگی تو ہے تاہم یہ کوئی جرم نہیں ہے۔ایسا کوئی قانون نہیں کہ عدت پوری کیے بغیر شادی کرنے والی خاتون کو سزا دی جائے۔

سوال:میرے بھائی کا کسی کے ساتھ لین دین تھا۔قرض خواہ نے بھائی کیخلاف ایف آئی آر درج کروا دی۔بھائی مفرور ہے۔ہمارا اس سے کوئی رابطہ نہیں۔لیکن پولیس والے آئے روز ہمیں ہراساں کرتے ہیں۔کبھی والد صاحب کو گھنٹوں تھانے میں بٹھائے رکھتے ہیں کبھی مجھے۔پولیس والوں کو وقتا فوقتا پیسے بھی دیے۔لیکن یہ مزید کا تقاضا کرتے ہیں۔پیسے نہ دو تو یہ گھر زیادہ چکر لگانا شروع ہوجاتے ہیں۔ہراساں کرتے ہیں۔کیا کریں؟
جواب:کسی ایک شخص کے جرم کی سزا اسکے باپ،بھائی یا کسی دوسرے رشتہ دار کو نہیں دی جا سکتی۔نہ ہی ان میں سے کسی کو اس کے جرم کی وجہ سے حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔2008 YLR 1981۔ہر شخص اپنے فعل کا صرف خود ذمہ دار ہے۔پولیس اگر ایسا کر رہی ہے تو جرم کررہی ہے۔آپ ان پولیس اہلکاروں کیخلاف ہراساں کرنے کی درخواست دے سکتے ہیں۔

سوال:میرے والد کی وفات ہمارے دادا سے پہلے ہوگئی۔ہمارے دادا نے جائیداد اپنے کسی بیٹے یا بیٹی کے نام نہیں لگوائی تھی۔ان کا بھی انتقال ہوگیا۔ہم3 بہن بھائی ہیں۔چچا ہمارے دادا کی ساری جائیداد اپنے نام لگوانا چاہتے ہیں۔کیا ہمارا کوئی حصہ بنتا ہے؟
جواب:اگر آپ کے دادا نے اپنی زندگی میں اپنی جائیداد کسی کے نام نہیں لگوائی تھی تو اس جائیداد میں آپ کے مرحوم والد کا حصہ بھی بنتا ہے۔آپ کے والد کا حصہ اب آپ کو ملے گا۔قانوناً آپ حقدار ہیں۔چچا اور پھپھو وغیرہ کو پارٹی بنا کر وراثت کی تقسیم کا کیس دائر کریں۔عدالت آپ کو آپ کے والد کے حصے کی جائیداد دلوانے کی پابند ہے۔

سوال:میرا کرایہ دار نوٹس کے باوجود مکان خالی نہیں کر رہا۔ کسی عدالت سے سٹے لے آیا ہے۔کرایہ داری معاہدہ کی مدت بھی ختم ہوگئی ہے۔وہ کیسے زبردستی میرے گھر پر قابض رہ سکتا ہے، کیا کروں؟
جواب:کرایہ داری معاہدے اور مکان خالی کرنے کے نوٹس کو ساتھ اٹیچ کرکے فوری طور پر رینٹ ٹریبیونل میں درخواست دیں۔سٹے وغیرہ سب اڑ جائے گا۔اس طرح کے تنازعات کے فوری حل کیلئے ہر ضلع میں سپیشل جج (رینٹ) موجود ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

سوال:ہم نے چچا سے سٹامپ پیپر پر زمین خریدی۔اب وہ انتقال سے مکرگئے ہیں۔کیا میں ان کیخلاف عدالت میں کیس دائر کرسکتا ہوں؟ یہ کیس کتنا مضبوط ہوگا؟
جواب:اس سٹامپ پیپر پر جو تاریخ لکھی ہوئی ہے اس کے 3 سال کے اندر اندر عدالت میں دعویٰ تعمیل مختص کا کیس دائر کرسکتے ہیں۔سٹامپ پیپر پر درج ‏گواہان کو بھی عدالت طلب کیا جائے گا۔اگر یہ گواہی اور ثبوت مضبوط اور آپ کے حق میں ہوئے تو فیصلہ بھی آپ کے حق میں ہوگا۔چچا کو جائیداد آپ کے نام منتقل کرنے کا حکم دیا جائے گا۔

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔