ٹراٹسکی ازم کا سامراجی کردار: ہوچی من۔۔شاداب مرتضٰی

ویتنام، چین اوربین الاقوامی سطح پرٹراٹسکی ازم اورٹراٹسکائیوں کے سامراجی اورردانقلابی کردارکے حوالے سے کامریڈ ہوچی من نے انڈوچین کمیونسٹ پارٹی کوتین خطوط لکھے تھے۔ اس سلسلے کا پہلا خط مئی 1939 میں لکھا گیا تھا جس کا ترجمہ ذیل میں پیش کیا جا رہا ہے:

ہوچی من کی جانب سے انڈوچینی کمیونسٹ پارٹی کولکھا گیا خط:
انگریزی سے اردو ترجمہ: شاداب مرتضی

بنام کیولن، 10 مئی 1939

عزیزساتھیو!

ماضی میں میرے اوربہت سے دوسرے ساتھیوں کے نزدیک ٹراٹسکی ازم کا معاملہ چینی کمیونسٹ پارٹی کے اندر موجود مختلف رجحانوں کے درمیان جدوجہد کا معاملہ تھا۔ یہی وجہ تھی کہ ہم نے بمشکل ہی اس پرکوئی توجہ دی۔ لیکن جنگ چھڑ جانے سےذرا پہلے ہی خصوصا ًسال 1936 کے اختتام سے اورجنگ کے دوران، ٹراٹکسائیوں کے مجرمانہ پروپیگنڈہ نے ہماری آنکھیں کھول دیں۔ تب سے ہی ہم نے اس مسئلے کے مطالعے کا عزم کیا۔ اورہمارا مطالعہ ہمیں مندرجہ ذیل نتائج تک لے گیا:

1: ٹراٹسکی ازم سے جڑے مسائل کا تعلق چینی کمیونسٹ پارٹی کے اندر موجود مختلف رجحانوں کے درمیان جدوجہد سے نہیں ہے، کیونکہ کمیونسٹوں اورٹراٹسکائیوں کے درمیان کوئی جوڑ نہیں ہے۔ اس سوال کا تعلق تمام عوام سے ہے: مادروطن کے خلاف جدوجہد کرنے والے لوگ۔

2: جاپانی فاشسٹ اورغیرملکی یہ جانتے ہیں۔ اسی لیے وہ رائے عامہ کو دھوکہ دینے کے لیے اورکمیونسٹوں کی ساکھ خراب کرنے کے لیے تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ لوگوں کویقین دلاسکیں کہ ٹراٹسکائی اورکمیونسٹ ایک ہی کیمپ کا حصہ ہیں۔

3: چینی ٹراٹسکائی (دوسرے ملکوں کے ٹراٹسکائیوں کی طرح) کسی سیاسی گروہ کی نمائندگی نہیں کرتے اورسیاسی پارٹی کی توبالکل بھی نہیں۔ یہ کچھ نہیں ہیں سوائے بدکاروں کے اورجاپانی فاشزم اور(بین الاقوامی فاشزم) کے تابعداروں (running dogs) کے۔

4: ہرملک میں ٹراٹسکائی اپنے گھٹیا کام اوررہزنی کوچھپانے کے لیے خود کواچھے نام دیتے ہیں۔ مثلاً،سپین میں وہ خود کو”متحدہ مارکسی مزدورپارٹی (United Marxist Workers Party – POUM)” کہتے ہیں۔ کیا آپ یہ بات جانتے ہیں کہ یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے فرانکو کی خدمت کے لیے میڈرڈ اوربارسلونا میں جاسوسی کا جال بچھایا؟ یہی وہ لوگ ہیں جو بدنام زمانہ “پانچواں ستون” منظم کررہے ہیں، جو کہ جرمن اوراطالوی فاشسٹوں کی فوجوں کا جاسوسی کے لیے بنایا گیا ادارہ ہے۔ جاپان میں یہ خود کو مارکس-اینگلز-لینن انجمن کہتے ہیں۔ جاپانی ٹراٹسکائی نوجوانوں کواپنی اس انجمن میں شامل کرتے ہیں اورپھر ان پرالزام لگا کر انہیں پولیس کے ہاتھوں پکڑوادیتے ہیں۔ یہ جاپانی کمیونسٹ پارٹی میں گھسنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ اسے اندرسے تباہ کرسکیں۔ میری معلومات کے مطابق، فرانسیسی ٹراٹسکائی جنہوں نے خود کومزدورانقلابی گروہ (Proletarian Revolutionary Group)” میں منظم کیا ہے وہ “پاپولرفرنٹ” کوبرباد کرنے کے مقصد پرکاربند ہوچکے ہیں۔ اس معاملے پر، میرا خیال ہے کہ آپ مجھ سے بہترمعلومات رکھتے ہیں۔ یہاں چین میں، ٹراٹسکائی جاپانیوں۔ کلچراورسرخ پرچم کے خلاف جدوجہد (The Struggle Against Japanese, Culture and Red Flag)” کے تحت دوبارہ منظم ہورہے ہیں۔

5: ٹراٹکسائی نہ صرف کمیونزم کے بلکہ جمہوریت اورترقی پسندی کے بھی دشمن ہیں۔ یہ بدنام ترین غداراورجاسوس ہیں۔

شاید آپ نے سوویت یونین میں ٹراٹسکائیوں کے خلاف مقدمے کے الزامات کا مطالعہ کیا ہو۔ اگرنہیں تومیں تجویز کروں گا کہ آپ خود بھی انہیں پڑھیں اوراپنے ساتھیوں کوبھی پڑھائیں۔ یہ مطالعہ بہت کارآمد ہوگا۔ اس سے آپ کوٹراٹسکی ازم اورٹراٹسکائیوں کا ناگوارچہرہ دیکھنےمیں مدد ملے گی۔ یہاں میں چین سے متعلق کچھ اقتباسات پیش کررہا ہوں۔

عدالت کے سامنے، 1930 میں، ٹراٹسکائی رائیکوفسکی نے گواہی دی کہ جب وہ ٹوکیو میں (سوویت ریڈ کراس کے نمائندے کے طورپر) موجود تھا توجاپانی حکومت کے ایک اعلی عہدیدارنے اسے کہا: “اس وقت ہم ٹراٹسکائیوں کی جانب سے حکمتِ عملی میں تبدیلی کی توقع کررہے ہیں۔ میں تفصیل میں نہیں جاؤں گا۔ میں تمھیں صرف اتنا بتانا چاہتا ہوں کہ ہم ٹراٹسکائیوں سے توقع کررہے ہیں کہ وہ اس طرح کام کریں جس سے ہمیں چین کے معاملات میں مداخلت کرنے میں آسانی ہو۔”

جاپانی نمائندے کوجواب دیتے ہوئے رائیکوفسکی نے کہا:”میں اس بارے میں ٹراٹسکی کولکھوں گا۔” دسمبر1935 میں، ٹراٹسکی نے چین میں اپنے مقلدوں کوہدایات جاری کیں جن میں اس جملے کے نیچے باربارلائن کھینچی گئی تھی: “چین پرجاپان کے حملے میں رکاوٹ مت ڈالنا۔”

چنانچہ، روسی ٹراٹسکائی اپنی مادروطن کا حصہ – سائیبیریا اورمیری ٹائم صوبے- جاپانیوں کو بیچنے کی خواہش رکھتے تھے۔ اب وہ انہی لوگوں کوہماری مادروطن – چین- بیچنا چاہتے ہیں۔

اورچینی ٹراٹسکائیوں کا عمل کیا ہے؟ آپ اس بارے میں بہت جلد جاننا چاہتے ہیں ناں؟

لیکن عزیز کامریڈ، میں اپنے اگلے خط تک آپ کوکچھ نہیں لکھ سکتا۔ آپ نے ہی مجھے مختصرخطوط لکھنے کی ہدایت کی تھی ناں؟

آپ سے جلد ملاقات کا منتظر،

ہوچی من۔

حوالہ:

https://www.marxists.org/history/etol/document/vietnam/pirani/hochiminh.htm

https://espressostalinist.com/2011/07/30/ho-chi-minh-on-trotskyites/

Advertisements
julia rana solicitors london

Ho Chi Minh on Trotskyites

Facebook Comments

شاداب مرتضی
قاری اور لکھاری

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply