سردیوں کے انتقامی نسخے۔۔گلِ نوخیز اختر

اگر آپ ڈاکو ہیں تو یاد رکھیے کہ موجودہ سرد ترین موسم میں ہر قسم کا ہتھیار بے کار ہے۔بلاوجہ گولیاں ضائع مت کریں اور ریوالور کی بجائے ٹھنڈے پانی کا جگ ساتھ رکھیں۔ جس بندے کو بھی لوٹنا ہو اسے صرف یہ دھمکی لگا دیں کہ ’جلدی سے سب کچھ نکال دو، ورنہ یہ پانی کا جگ تمہارے اوپر انڈیل دوں گا‘۔ انشاء اللہ کوئی مزاحمت نہیں ہوگی۔اگر آپ بیگم ہیں اور آپ کے شوہر آپ پر جابجا تنقید کرتے رہتے ہیں تو یہی موسم ہے شوہر صاحب سے بدلہ لینے کا۔ کسی دن جب وہ گرم پانی سے غسل کرنے گئے ہوں تو گھر کے کچن کی ٹونٹی کا گرم پانی پورا کھول دیجئے۔ باتھ روم سے شوہر صاحب کی چیختی ہوئی آواز سے یقینا آپ کو اطمینان قلب نصیب ہوگا۔اگر آپ اُستاد ہیں اور سٹوڈنٹس کی بدتمیزیوں سے پریشان ہیں تو ڈانٹنے یا مارنے کی بجائے صرف کلاس میں یہ آرڈر جاری کردیں کہ آئندہ جو بھی طالبعلم شرارت کرے گا وہ ہاتھ منہ دھو کر دوبارہ کلاس میں شریک ہوگا۔اگر آپ والدہیں اور چاہتے ہیں کہ آپ کا بچہ باتھ روم میں موبائل لے کر نہ جایا کرے توایک پیڈسٹل فین باتھ روم میں رکھوا دیں اور سوئچ باہر کی طرف رکھیں۔ جونہی بچہ باتھ روم میں موبائل لے کر جائے فین فل سپیڈ سے چلادیا کریں۔اگر آپ والدہ ہیں اور چاہتی ہیں کہ بچہ صبح سکول جاتے وقت ٹائم پر اٹھ جایا کرے تو بچے کا موبائل فون اٹھا کر کچن میں رکھ دیں اور صبح ایک بیل کردیا کریں۔

میرا دعویٰ ہے کہ بچہ بیل سنتے ہی فوراً بیڈ کی بائیں طرف ہاتھ مارے گا اور فون نہ پاکر ایک دم سے چھلانگ لگا کر کچن کی طرف بھاگے گا۔اگر آپ رات گھر میں قیام کرنے والے مہمانوں کی بے جا آمد سے پریشان ہیں تو گدے پر تھوڑا سا پریکلی ہیٹ پاؤڈر چھڑک دیں۔ مہمان کو نہ صرف آدھے گھنٹے کے اندر کوئی ضروری کام یاد آجائے گا بلکہ ہوسکتا ہے وہ جون جولائی میں بھی سوئیٹر پہن کر پھرے۔اگرآپ شوہر ہیں اور آپ کی بیگم صبح آپ کو ناشتہ بنا کر دینے کی بجائے دیر تک لحاف اوڑھ کر سوئی رہتی ہیں تو ایک چھوٹا سا کام کیجئے۔ حسب معمول ناشتہ خود بنا کر جاتے وقت بیڈ روم کی کھڑکی کھول دیجئے اور آفس روانہ ہوجائیے۔اگر آپ کے ہمسائیوں نے گیس کمپریسر لگوایا ہوا ہے اورآپ کے حصے کی سوئی گیس بھی کھینچ کر اپنی طرف لے جاتے ہیں تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔چھت پر جائیں اوراُن کے سوکھنے کے لیے ڈالے ہوئے کپڑوں پر سرنج کی مدد سے نشانہ لگا لگا کہ پانی پھینکتے جائیں۔اگر آپ ڈاکٹر ہیں اور مریض آپ کی ہدایات کے مطابق گولیاں نہیں کھاتا بلکہ جھوٹ بولتا ہے کہ وہ ہمیشہ ٹائم پر گولیاں لیتا ہے لیکن آرام نہیں آرہاتو بڑا سادہ سا حل ہے۔ اُسے تسلی دیں کہ اگر دو دن تک بھی گولیوں سے آرام نہ آیا تو پندرہ منٹ کے لیے برف کا مساج کیا جائے گا جس سے سارے مسائل حل ہوجائیں گے۔ مریض سوا پانچ منٹ میں نہ ٹھیک ہو تو میرا نام بھی ارشد نہیں ……سوری نوخیز نہیں۔اگر آپ کے ملنے والے بہت زیادہ آتے ہیں تو اُنہیں چائے یا کافی کی بجائے ٹھنڈا شربت بمعہ تخ ملنگا پیش کریں۔ اگر آپ کمزور ہیں اور محلے میں کسی سے لڑائی ہوگئی ہے تو لڑنے بجائے اس سے سوری کریں، گلے لگیں اور اس کی ’کھتی‘ میں زور سے پھونک مار کر بھاگ جائیں۔اگر آپ کو شادی کی سالگرہ یاد نہیں رہی اور بیگم شکوہٰ کرے تو فوراً گھر سے باہر نکل جائیں۔ آٹھ دس منٹ تک ہاتھ ہوا میں لہرا لہرا کر خوب ٹھنڈے کریں، پھر گھر آکر یہ دونوں ہاتھ بیگم کے کانوں پر رکھ کر پیار سے کہیں ’سوری جان‘۔اگر بیگم مسلسل بجلی کا پنکھے والا ہیٹر اپنی طرف کیے رکھتی ہیں تو آپ کے علم میں ہونا چاہیے کہ اس ہیٹر میں بٹن کو الٹی طرف گھما دیا جائے تو یہ گرم کی بجائے ٹھنڈی ہوا دینے لگتاہے۔

اگر آپ دوکاندار ہیں اور آپ کاکوئی گاہک طویل عرصے سے آپ کا ادھار واپس نہیں کر رہا تو اُسے دوکان پر بلائیں اور پیار سے کہیں کہ آج فریزز میں سے اپنی پسند کی آئس کریم مفت کھا لو۔ بس جونہی وہ فریزر کھولے، اس کا سر پکڑ کر اندر کردیں اور تب تک نہ باہر نکالیں جب تک وہ اُدھا ر نہ چکتا کرے۔اگر آپ لڑکی ہیں اور کوئی لڑکا آپ کی خاطر جینے مرنے کی قسمیں کھاتا ہے۔کہتا ہے کہ میں تمہارے لیے چاند ستارے توڑ لاؤں گا تو اُس سے پیچھا چھڑانے اور چیک کرنے کا تیر بہدف نسخہ ہے کہ اُسے کہیں چاند ستارے توڑنے کی بجائے چھت پر جاکر آدھے گھنٹے کی وڈیو کال کرے۔تاہم اگر وہ یہ کر گذرے تواخلاق کا تقاضا ہے کہ آپ بھی اگلے روز احتراماً اُس کی قبر پر پھول ضرور چڑھانے جائیں۔اگر آپ کو محلے میں کوئی عزت نہیں دیتا، بات نہیں سنتا تو اپنے گھر کے دروازے کے باہر پندرہ بیس لکڑیاں جلا لیں۔تھوڑی سی دیر میں آدھا محلہ آپ کے سنہری اقوال سننے کے لیے آن موجود ہوگا۔ اگر آپ کو کسی سرکاری دفتر میں کوئی کام ہے اور متعلقہ بندہ رشوت مانگ رہا ہے تو کیش دینے کی بجائے ’سستا‘ گیس سلنڈر بھروا کے گفٹ کردیں۔ اُمید ہے دونوں کام ہوجائیں گے۔اگر آپ حجام ہیں اور کئی لوگ بلاوجہ آپ کی کٹنگ میں خامیاں نکالتے رہتے ہیں تو پانی کے سپرے والی ایک بوتل فریج میں رکھ دیں اور کٹنگ کے وقت ایسے گاہکوں پر استعمال فرمائیں۔اگر آپ کو شک ہے کہ آپ کے گھر کے کسی کمرے میں جنات کا بسیرا ہے تو کمرے میں پانی کاچھڑکاؤ کرکے پنکھا فل چھوڑ دیں۔اگر آپ کی بجلی کا بل زیادہ آتا ہے تو جس دن میٹر ریڈر نے آنا ہو، میٹر کے اردگرد زمین پر دو بالٹیاں پانی کی ڈال دیں۔اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کو کسی بندے سے سخت نفرت ہے تو اسے روزانہ ملاقات کریں اور دونوں ہاتھوں سے مصافحہ کریں۔اگر آپ کے دوستوں کو شکوہٰ ہے کہ آپ انہیں کھانا نہیں کھلاتے تو یہی دن ہیں ……اوپن ایئر میں اُنہیں پارٹی کی دعوت دے دیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

مکالمہ ڈونر کلب،آئیے مل کر سماج بدلیں

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply