• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • مقبوضہ کشمیر میں برمی مسلمانوں کی حمایت میں کینڈل مارچ

مقبوضہ کشمیر میں برمی مسلمانوں کی حمایت میں کینڈل مارچ

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)برما کے مسلمانوں پر ہو نے والے مظالم کے خلاف مقبوضہ کشمیر قصبہ راجوری کے نوجوانوں نے کینڈل مارچ جلوس نکالا۔ نوجوانوں نے عالمی برادری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی بات کرنے والی تنظیمیں آج کہاں مرگئی ہیں، جنہیں برما میں مسلمان معصوم بچوں اور مرد و زن کے قتل عام اور ان کی سسکیاں نہیں سنائی دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا اقوام متحدہ کو صرف مغربی ممالک میں کسی انہونی پر ہی بیانات جاری کرنا اور رونا پیٹنا آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلم ممالک کو برما کے مسلمانوں کے حق میں کھڑے ہونا ہوگا تاکہ اس بربریت کا قلع قمع ہوسکے۔ ان کا  مزیدکہنا تھا کہ مغربی ممالک میں اگر کسی پر کوئی مصیبت آن پڑتی ہے تو پوری دنیا میں شور مچایا جاتا ہے لیکن مسلمانوں پر برما، شام اور فلسطین سمیت کئی ممالک میں ظلم و زیادتیاں کی جارہی ہیں جن کا نوٹس لینے سے قاصر اقوام متحدہ مجرمانہ خاموشی میں ہے۔سماجی کارکن شفقت وانی نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالات اب اس قدر خراب ہوچکے ہیں کہ اگر بین الاقوامی طاقتیں اس کا نوٹس نہیں لیں گی تو اس کے منفی نتائج دیگر ممالک پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کے حکمرانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ برمی مہاجرین کو ملک بدر نہ کریں بلکہ انہیں پناہ دیں کیونکہ یہ صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے اور برمی مہاجرین کو انسانی بنیادوں پر تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ ظلم کے مارے ان مظلوموں کو سہارا مل سکے۔ انہوں نے مسلم ممالک سے بھی اپیل کی کہ وہ برمی مسلمانوں کو اپنے ممالک میں پناہ دیں تاکہ مسلمان ہونے کا حق ادا کیا جاسکے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply