کتابوں کی منڈی میں کیا ہو رہا ہے؟۔۔۔حسیب خان

کتابوں کی منڈی میں کیا ہو رہا ہے؟

سنا ہے یہاں کچھ نیا ہو رہا ہے
زمانے سے ہٹ کر ، جدا ہو رہا ہے
فریضہ مقدس ادا ہو رہا ہے
ذرا غور سے دیکھنا ہو رہا ہے
کتابوں کی منڈی میں کیا ہو رہا ہے

بڑا ہی مقدس بیوپار ہے یہ
جہالت سے لڑنے کو تلوار ہے یہ
نئی جنگ ہے یہ نیا وار ہے یہ
روایت سے ہٹ کر جدا ہو رہا ہے
کتابوں کی منڈی میں کیا ہو رہا ہے

پشیمان سا آگیا ہوں یہاں پر
میں یہ سوچتا ہوں کہ میں ہوں کہاں پر
زمیں پر ہوں میں یا میں ہوں آسماں پر
خدا جانے کیا ماجرا ہو رہا ہے
کتابوں کی منڈی میں کیا ہو رہا ہے

سجی ہیں یہاں ہر دکاں میں کتابیں
یہاں بھی کتابیں وہاں بھی کتابیں
ملیں گی یہاں ہر زباں میں کتابیں
یہ کتنا حسیں سلسلہ ہو رہا ہے
کتابوں کی منڈی میں کیا ہو رہا ہے

کتابوں کی اک انجمن بیچتے ہیں
سخن ور بھی اپنا سخن بیچتے ہیں
یہاں پر سبھی اپنا فن بیچتے ہیں
اور اس میں سبھی کا بھلا ہو رہا ہے
کتابوں کی منڈی میں کیا ہو رہا ہے

عجب سا سماں ہے عجب سا ہے میلہ
کوئی آگیا ہے یہاں پر اکیلا
یہ موجیں نہیں ہیں یہ ہے ایک ریلہ
سماں دیکھیے دلربا ہو رہا ہے
کتابوں کی منڈی میں کیا ہو رہا ہے

یہ قیمت نہیں ہےیہ ہدیہ ہے صاحب
تری جیب میں کتنا پیسہ ہے صاحب
یہ مہنگا ہے صاحب یہ سستہ ہے صاحب
نشہ علم کا سب ہوا ہو رہا ہے
کتابوں کی منڈی میں کیا ہو رہا ہے

بڑے پبلشر کی الگ ہے کمائی
یہ شاعر ہے اسکی کمائی ہوائی
سبھی نے ہے قسمت یہاں آزمائی
کچھ اچھا یہاں کچھ برا ہو رہا ہے
کتابوں کی منڈی میں کیا ہو رہا ہے

اگر آگیا ہوں تو بنوا لوں سیلفی
مجھے چینج کرنی ہے آج اپنی ڈی پی
ہے تحدیث نعمت نہیں خود نمائی
تمہیں کیوں اب اتنا گلا ہو رہا ہے
کتابوں کی منڈی میں کیا ہو رہا ہے

تصنع جھلکتا ہے لیکن یہاں کیوں
بنایا گیا ہے یہ سارا سماں کیوں
حقیقی نہیں لگ رہا یہ جہاں کیوں
یہ احساس کیوں بے وجہ ہو رہا ہے
کتابوں کی منڈی میں کیا ہو رہا ہے

سبھی کے لیے ہے یہ اک آزمائش
کسی کا تماشہ کسی کی نمائش
کتابیں خریدو اگر ہے کشائش
کہ پڑھنے کا موسم جدا ہو رہا ہے
کتابوں کی منڈی میں کیا ہو رہا ہے

یہ الماریاں کتنی مہنگی بنی ہیں
جو رکھی ہوئی ہیں وہ رکھی ہوئی ہیں
کتابوں سے الماریاں ہی سجی ہیں
اسی بات سے فیصلہ ہو رہا ہے
کتابوں کی منڈی میں کیا ہو رہا ہے

چلو پھر سے جوڑیں کتابوں سے رشتہ
تعلق کتابوں سے ہے کتنا گہرا
مگر یاد رکھنا نہیں ہو دکھاوا
اگر یوں ہے تو کچھ بھلا ہو رہا ہے
کتابوں کی منڈی میں کیا ہو رہا ہے

Advertisements
julia rana solicitors

حسیب احمد حسیب

Facebook Comments

مہمان تحریر
وہ تحاریر جو ہمیں نا بھیجی جائیں مگر اچھی ہوں، مہمان تحریر کے طور پہ لگائی جاتی ہیں

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply