سرمایہ دارانہ نظام اور اس کے مکاتب فکر۔۔ (قسط 2) پرویز بزدار

کسی ملک کا سیاسی نطام جو بھی ہو مگر آج کے دور میں اس کا معاشی نطام سرمایہ دارنہ (کیپٹلسٹ اکانومی) ہی ہے، فرق بس اتنا ہے کہ مختلف ملکوں میں سرمایہ دار مختلف ہیں۔ سرمایہ دارانہ نظام آسان لفظوں میں ایک ایسے معاشی نظام کو کہتے ہیں جس میں سرمایہ دار (کیپٹلسٹ) اپنے استعمال کےلیے چیزیں بنانے کی بجائے خالصتاً منافع کمانے کےلیے چیزیں بناتا ہے۔ سوشلسٹ خیال کے حامل لوگ سمجھتے ہیں کہ عام لوگوں (پرائیویٹ کیپٹلسٹس) کی بجائے صرف سرکار کو سرمایہ دار ہونا چاہیے۔ تاکہ سرکار منافع کمائے اور پھر اس منافع کو مساوی طور پر عوام میں تقسیم کرے۔ ہر دونوں صورتوں میں سرمایہ دار ہی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔ عام طور پر سرمایہ سے مراد وہ مشینیں (ٹولز) لی جاتی ہیں جن سے منافع بخش چیزیں بنائی جاتی ہیں۔ اس کے برعکس خام مال (رامٹیریل) کو نہ سرمایہ سمجھا جاتا ہے اور نہ ہی خام مال رکھنے والوں کو سرمایہ دار۔ مثال کے طور پر ٹیکسٹائل کی صنعت میں ٹیکسٹائل مل کا مالک تو سرمایہ دار ہے مگر کپاس کا مالک سرمایہ دار نہیں۔ پیسے کو عام طور پر صرف سرمایہ کہنے کی بجائے مالی سرمایہ (فنانشل کیپٹل) کہا جاتا ہے۔

سرمایہ کار اپنی سرمایہ (مشینوں) سے چیزیں بنانے کےلیے لوگوں کو ایک مقررہ تنخواہ پر نوکری دیتا ہے، یہ لوگ مزدور  (ویج لیبر) کہلاتے ہیں۔ سرمایہ دار اپنی سرمایہ سے مزدوروں کے ذریعے سے بنائی ہوئی چیزیں بیچ کر منافع کماتے ہیں۔ منافع کی شرح کا انحصار سرمایہ داروں کے درمیان مقابلے پر ہے۔ جس چیز کا مقابلہ مارکیٹ میں زیادہ ہو اس پر سرمایہ دار کو کم منافع ملتا ہے اور اس کے برعکس جس چیز کا بنانے والا صرف ایک ہی سرمایہ دار ہو  اس میں اس کی من مانی ہوتی ہے اور وہ زیادہ منافع کماتا ہے۔ اس کے علاوہ بعض اوقات ایسے بھی ہوتا ہے کہ کوئی چیز ایک سے زیادہ سرمایہ کار بنا رہے ہوتے ہیں مگر آپس کی ملی بھگت سے مقابلہ ختم کرکے من مانی کی فضا بنائی جاتی ہے۔ ان دونوں صورتوں میں ساری مارکیٹ پاور سرمایہ داروں کے پاس آجاتی ہے اور وہ جان بوجھ کر ایسے حربے استعمال کرتے ہیں جن سے منافع بڑھائی جا سکے۔ مثال کے طور پر سرمایہ دار سپلائی (رسد) کم کرکے مصنوعی طور پر ڈیمانڈ (طلب) بڑھا کر قیمتوں میں اضافہ کرتے ہیں۔ اس طرح کی من مانی کو معیشت کی توازن کےلیے بہت خطر ناک تصور کیا جاتا ہے۔ زیادہ تر ممالک میں مقابلے کا قانون (کمپٹیشن لاء) کے ذریعے اس قسم کی منافع خوری روکنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

آج کے دور میں سرمایہ دار عام طور پر اشخاص نہیں بلکہ تجارتی ادارے (کارپوریٹس) ہوتے ہیں۔ ان کارپوریٹس میں شامل ہر فرد کے پاس سرمایہ کا ایک حصہ ہوتا ہے۔ کارپوریٹس میں سرمائے کا حصہ سٹاک مارکیٹ میں فنانشل کیپٹل کے بدلے شیئرز خرید کر حاصل کی جاتی ہے۔ شیئر کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ کسی شخص کے پاس سرمایہ کا کتنا حصہ ہے۔ اس سرمایہ دارانہ نظام میں توازن کو بگاڑے بغیر معیشت کیسے ترقی کر سکتی ہے اس حوالے سے لاتعداد فلسفے ہیں۔ ان سب کا احاطہ نہ تو میں کر سکتا ہوں اور نہ ہی کسی ایک مضمون میں ان کا احاطہ ممکن ہے، اس لیے صرف فلسفوں کا ذائقہ آپ تک پہنچانے کےلیے تین مشہور مکاتب فکر (سکول آف تھاٹ)، کلاسیکل، نیوو کلاسیکل، اور مارکسٹ، کا تعارف پیش کرونگا۔

کلاسیکل سکول کو جدید معیشت کا سب سے قدیم فلسفہ مانا جاتا ہے۔ اس فلسفے کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ سرمایہ دار کو ہر قسم کی بندشوں سے آزاد ہونا چاہیے۔ اس طرح معیشت خودبخود متوازن ہوگی جو تمام طبقوں کےلیے سود مند ہوگی۔ اس کے پیچھے دراصل یہ سوچ کار فرما ہے کہ جب سرمایہ دار آزاد ہونگے تو آپس میں مقابلے کی وجہ سے سستی سے سستی چیزیں بنائیں گے اور خریدنے والوں کو معیاری اور سستی چیزیں دستیاب ہونگی۔ بنانے والوں کے اس مقابلے اور خریدنے والے کی سستی اور معیاری چیز کی تلاش کو معیشت میں خفیہ ہاتھ (انویزیبل ہینڈ) کہا جاتا ہے۔ کلا سیکل فلسفے میں چیز کی قیمت کا تعین اس پر لگنے والے اخراجات (کاسٹ) سے کیا جاتا ہے۔ کلاسیکل فلسفے میں ایک اور قانون “سیز لاء” کو اہم مقام حاصل ہے۔ اس قانون کے مطابق سپلائی اپنی ڈیمانڈ خود بناتی ہے، اس لیے کسی چیز کی سپلائی نہ روکی جائے۔ نظریہ یہ ہے کہ زیادہ سپلائی پیدا کرنے کےلیے سرمایہ دار کو زیادہ مزدور رکھنے ہونگے جس سے زیادہ لوگوں کے پاس پیسے آ جائیں گے اور نتیجتاً خریدنے والے لوگ خود بخود بڑھ جائیں گے۔ کلاسیکل سکول میں آزاد مارکیٹ کی طرح آزادانہ تجارت کا فلسفہ بھی ہے۔ اس فلسفے کے مطابق اگر اپنے ملک میں جو چیز سستی نہیں بن سکتی وہ دنیا میں جہاں کہیں بھی سستی مل سکتی ہو وہیں سے لینی چاہیے۔

کلاسیکل سکول میں معاشی ترقی کا یہ طریقہ بتایا جاتا ہے کہ منافع کا زیادہ حصہ سرمایہ دار کے پاس جانا چاہیے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سرمایہ دار پھر سرمایہ کاری (انویسٹ) کرے گا جس سے مزید منافع اور مزید نوکریاں پیدا ہونگی۔کلاسیکل فلسفہ میں یہ سمجھا جاتا ہے کہ معیشت کی ترقی میں ورکرز  کوئی کردار نہیں ادا کر سکتے۔ ان کے پاس منافع کا زیادہ حصہ جانا پیسے کا ضیاع ہے کیونکہ وہ سارا پیسہ اپنی ضروریات پوری کرنے میں خرچ کریں گے اور اس کا کوئی فائدہ ملکی یا قومی معیشت کو نہیں ہو گا۔

دور حاضر میں معیشت کا ایک مشہور مکتب نیوو کلاسیکل سوچ ہے۔ اس فلسفے کی بنیاد اس بات پر ہے کہ سرمایہ کار کو آزاد کرنے کی بجائے خریدنے والے فرد کو آزادی دی جائے۔ فرد کی آزادی کے پیچھے مفروضہ یہ ہے کہ وہ خود غرض اور عاقل ہوتا ہے اس لیے وہ اپنے فائدے کا ہی فیصلہ کرے گا۔ اس فلسفے میں بھی گورنمنٹ یا کسی بھی اور ایکٹر کی معیشت پر اثرانداز ہونے کی گنجائش اس وقت تک نہیں ہوتی جب تک مارکیٹ میں کوئی خرابی (مل فنکشنیلٹی) نہ آجائے۔ کلاسیکل سوچ کے برعکس اس فلسفے میں چیز کی قیمتوں کا تعین یہ بات کرے گی کہ اس چیز کی مارکیٹ میں کتنی اہمیت ہے۔ قطع نظر اس سے کہ اس کے بنانے میں خرچہ کتنا آیا؛ اس لیے مزدوروں کو بھی اس بات کی بنیاد پر تنخواہیں نہ دی جائیں کہ انہوں نے کام کتنا کیا یا محنت کتنی کی بلکہ تنخواہوں کا تناسب مارکیٹ میں بننے والی چیز کی اہمیت پر ہونی چاہیے۔ اس طرح اس مکتب میں توجہ کا مرکز پیداوار (پروڈکشن) کی بجائے کھپت (کنسمپشن) ہے۔ ڈیمانڈ اور سپلائی کے بارے میں اس سکول کے لوگ بھی خودکار توازن (ایکیولبریم) پر یقین رکھتے ہیں۔

معیشت کا ایک اور مشہور فرقہ مارکسٹ سوچ کے حامل لوگوں کا ہے۔ اگرچہ اس سکول کا بھی بنیادی نکتہ یہ ہے کہ سرمایہ دارانہ نطام سے ہی معیشت ترقی کر سکتی ہے مگر ان کے خیال میں نجی سرمایہ کاری (پرائیویٹ کیپٹلسٹس) ترقی کو صرف ایک طبقے تک محدود کرتی ہے۔ اس فلسفہ کو اس پہلو میں کلاسیکل سکول سے بہت مماثلت ہے کہ یہ بھی فرد کی بجائے طبقوں کی بات کرتا ہے۔ یہ بھی مزدوروں کو ان کے کام کی بنیاد پر مراعات دینے (لیبر تھیوری آف ویلیو) پر یقین رکھتا ہے، اور کلاسیکل تھیوری کی طرح پیداوار پر فوکس کرتا ہے۔ جو چیز اس تھیوری کو کلاسیکل سے مختلف بناتی ہے وہ طبقوں کے درمیان فرق کی اہمیت ہے۔ یہ فلسفہ طبقوں کے درمیان تفاوت کو انتہائی سنگین قرار دیتا ہے۔  کلاسیکل تھیوری کے برعکس اس سکول کے لوگ مزدور کو معاشی ترقی کےلیے ایک غیر فعال طبقہ نہیں سمجھتے۔ ان کے خیال میں سرمایہ دار کے علاوہ مزدور بھی معیشت کی ترقی میں یکساں اہم ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors london

ان تین فلسفوں کی طرح بقیہ مکاتب کے حدود بھی آپس میں غیر واضح ہیں۔ بہت سی چیزیں ایک دوسرے میں مشترک بھی ہیں اور بہت سی چیزیں مختلف۔ کسی بھی فلسفے کو کسی دوسرے پر نہ کوئی برتری ہے اور نہ کسی ایک کے اپنانے سے معیشت کے سارے مسائل حل ہو سکتے ہیں، کیونکہ ہر فلسفہ کچھ مخصوص حالات کو فرض کرکے بنایا گیا ہوتا ہے۔ اس لیے مختلف حالات میں اس کے فوائد اور نقصانات مختلف ہوتے ہیں۔

Facebook Comments

ڈاکٹر پرویز بزدار
مضمون نگار نے کائسٹ جنوبی کوریا سے پی ایچ ڈی کی ڈگری کر رکھی ہے اور اب جنوبی کوریا میں مقیم ہیں۔ وہ موبائل اور کمپیوٹر کے پروسیسرز بنانے میں آرٹی فیشل انٹیلیجنس (مصنوعی ذہانت) کو استعمال کرنے کے طریقوں پر تحقیق کر رہے ہیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply