ہماری کہکشاں (مِلکی وے)۔۔۔۔یاسر لاہوری

پچھلی کچھ دہائیوں کے اندر قابلِ مشاہدہ کائنات میں ہم انسانوں نے بے شمار ایسی چیزیں تلاش کر لی ہیں کہ ان کو کھوجنے کے بعد ہماری عقل ان مناظر اور معلومات کو حیرت کے سبب قبول بہت دیر بعد ہی کرتی ہے۔ یوں تو ہم نے بہت دور دور تک اس کائنات کے مناظر دیکھ لیے ہیں۔ لیکن مکمل جانکاری ہمیں ابھی اپنی کہکشاں کے متعلق بھی نہیں ہے۔ ہماری کہکشاں ملکی وے بہت وسیع و عریض ہے۔ اربوں کی تعداد میں ستارے رکھتی ہے، جن میں سے بہت سے ستارے اپنے ساتھ سیارے اور ان کے چاند بھی رکھتے ہیں۔

ہماری کہکشاں ملکی وے Spiral یعنی “چکر دار” چیز نما ہے، جو کہ اپنے مرکز میں موجود ایک بہت بڑے بلیک ہول Super massive black hole کا چکر لگا رہی ہے۔ ملکی وے کتنی بڑی ہے؟ اس سوال کا جواب انتہائی آسان طریقےسے جانیں۔

آپ اپنے گھر کے صحن میں ایک گول دائرہ لگائیں۔ اب آپ اس گول دائرے میں ایک طرف سے داخل ہو کر دوسری طرف سے نکل جائیں۔ آپ کو دائرے کے اندر داخل ہو کر باہر نکلنے میں کتنی دیر لگے گی؟ دو سیکنڈز، چار سیکنڈز یا زیادہ سے زیادہ پانچ سات سیکنڈز۔

ہماری کہکشاں ملکی وے بھی اربوں ستاروں اور سیاروں وغیرہ کو لے کر ایک گول دائرے میں پھیلی ہوئی ہے۔ یہ دائرہ کتنا بڑا ہے؟ یہ دائرہ اتنا بڑا ہے کہ “آپ اس گول دائرے میں ایک طرف سے داخل ہو گئے ہیں۔ اب آپ نے اس گول دائرے کے دوسری طرف سے نکلنا ہے۔ آپ تین لاکھ کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے چل رہے ہیں۔ اسی رفتار سے چلتے چلتے آپ کو ایک لاکھ سال بیت چکے ہیں۔

لیں جی آپ کی منزل آ گئی ہے۔ کہکشاں ملکی وے میں موجود ستاروں کے جھرمٹ اور ستاروں کی بہت گنجان آبادی والے محلے اب آپ کو اپنے پیچھے بہت دور دکھائی دے رہے ہیں۔ چونکہ ملکی وے کا کنارہ آ چکا ہے، اس لیے آپ کے اردگرد اِکا دُکا ستارے ہی ہیں، اور وہ بھی بہت فاصلوں پر۔ آپ نے تین لاکھ کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے چلتے ہوئے ملکی وے کہکشاں کے اس گول دائرے کو عبور کر لیا ہے جس دائرے میں ملکی وے کہکشاں پھیلی ہوئی ہے۔

یہ جو آپ نے ملکی وے کے گول دائرے میں (روشنی کی) رفتار سے ایک لاکھ سال میں فاصلہ طے کیا ہے، اسے پتہ ہے کیا کہتے ہیں؟ اسے ایک لاکھ نوری سال کہتے ہیں۔ اور کسی بھی گول چیز کے ایک طرف سے داخل ہو کر اس کے دوسری طرف سے نکلنے پر طے کیے جانے والے فاصلے کو “اس گول چیز کا قُطر (Diameter) کہتے ہیں۔ یعنی ہماری کہکشاں ملکی وے کا Diameter ایک لاکھ نوری سال ہے۔

ہم اپنی کہکشاں میں کہاں ہیں؟
ہم اپنی کہکشاں ملکی وے کے اندر ایک ایسے مقام پر ہیں کہ “اگر ہم اپنی کہکشاں کے مرکز (یعنی درمیان میں جہاں ایک سپر میسیو بلیک ہول Super massive black hole ہے، جس کے گرد ساری کہکشاں چکر لگا رہی ہے) کی طرف جانا چاہیں تو ہمیں روشنی کی رفتار سے سفر کرتے ہوئے تقریبا ًچھیس ہزار نوری سال لگ جائیں گے۔ اور اگر ہم اپنی جگہ سے روشنی کی رفتار سے سفر کرتے ہوئے ملکی وے کہکشاں سے باہر نکلنا چاہیں تو ہمیں تقریباً چوبیس ہزار نوری سال کا فاصلہ طے کرنا ہو گا۔

Advertisements
julia rana solicitors

نوٹ:
روشنی ایک سال میں  94 کھرب کلومیٹر کا سفر طے کرتی ہے۔ جسے ایک نوری سال کہا جاتا ہے۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply