کمزور سیاسی حکومتیں اور رشوت خوروں کی اجارہ داری۔۔بدر غالب

ایک مضبوط اور مستحکم سیاسی نظام حکومت کا مقصد ایک ایسے ریاستی ڈھانچے کا قیام ہوتا ہے جس میں جمہور اور شخصی آزادیوں کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ایک پُرامن، خوشحال اور پُروقار نظامِ زندگی عوام الناس کی دہلیز پر مہیا کیا جا سکے۔

ایک آئیڈیل جمہوری نظام حکومت میں حکومت کی ایک مدت مقرر کی جاتی ہے اور اس کے بعد ایک دھاندلی سے پاک الیکشن کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس طرح سے وجود میں آنے والی پارلیمنٹ جو کہ منتخب ارکان پرمشتمل ہوتی ہے، اپنے میں سے وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لاتی ہے۔

اس جمہوری عمل کے متوازی ایک اور ریاستی نظام بھی اپنے فرائض انجام دے رہا ہوتا ہے اور وہ ریاستی نظام سرکاری ملازمین اور سول و ملٹری بیوروکریسی پرمشتمل ہوتا ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب یہ تمام ادارے، سول و ملٹری بیوروکریسی اپنا اپنا کام خودمختار طریقہ سے کر رہے ہیں تو پھر سیاسی نظام اور الیکشن وغیرہ کی کیا ضرورت ہے؟

حقیقت یہ ہے کہ دنیا کا بہترین سے بہترین ادارہ اور سسٹم بھی چیک اینڈ بیلنس کے بغیر ناکام ترین ثابت ہو جاتا ہے۔ اس کی ایک سادہ سی مثال کسی بہت ہی پائے کی کمپنی کی موٹر کار ہے۔ اگر آپ کو ایک ایسی مہنگی سے مہنگی گاڑی فراہم کر دی جائے تو پھر بھی آپ کو اس کی دیکھ بھال کمپنی کے بتائے گئے پیرامیٹرز کے مطابق ایک مسلسل عمل کے طور پر کرتے رہنا پڑے گی۔

بالکل اسی طرح سے ریاستی اداروں اور بیوروکریسی کا نظام جتنا بھی اچھا کیوں نہ ہو ان پر سویلین کنٹرول کے بغیر یہ ادارے اور ان میں کام کرنے والے افراد بے لگام ہوکر رشوت ستانی اور نا اہلی کا ایک ایسا راج قائم کر دیتے ہیں کہ ریاست تک کا وجود داؤ پر لگ جاتا ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors

اگر ہمارے پاس موجود نظام حکومت یا پھر مثال کے مطابق گاڑی کی حالت انتہائی نازک ہو تو پھر اس کی دیکھ بال کے لیے زیادہ  نگرانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ جس طرح گاڑی بنیادی طور پر گاڑی کے مالک کی ملکیت اور ذمہ داری ہے، گاڑی کے کاریگر کی نہیں، اسی طرح سے ریاست کی اصل ذمہ داری ریاست کے اصل مالکوں یعنی عوام اور عوامی نمائندوں کی ہے۔ جبکہ ریاست کے ملازمین کا کردار یہی ہے کہ وہ ریاست کے ساتھ کیے گئے معاہدے  کے مطابق ہی اپنی ذمہ داریوں کا فریضہ ادا کریں اور ریاست کی ملکیت کے اظہار سے اجتناب برتیں۔

Facebook Comments

بدر غالب
ماسٹر ان کامرس، ایکس بینکر، فری لانس اکاوٰنٹنٹ اینڈ فائنانشل اینیلسٹ

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply