لکھاری

بات یہ ہے کہ آپ اچھا لکھتے ہیں یا سچا لکھتے ہیں؟
اللہ جانتا ہے کہ جب سے قلم کمرشل ہوا ہے۔ اچھا لکھنے والوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوا ہے اور آج کل مارکیٹ کا رجحان کچھ یوں ہے کہ بدلتے زمانے کے ساتھ ساتھ سچا لکھنے والوں نے بھی اب اچھا لکھنا شروع کردیا۔
ویسے سچ کے بارے میں یہ مفروضہ عام ہے کہ سچ کڑوا ہوتا ہے اس حساب سے اگر ہم سچے لکھاری کو کڑوا لکھاری کہہ لیں تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔ اچھے لکھاری کی تحریر میں ایک سحر ہوتا ہے جو قاری کو اپنی تحریر سے جلد فرار ہونے نہیں دیتا، وہ قاری کو انٹرٹین کرتا ہے اچھا لکھاری انٹرٹینر ہوتا ہے۔ جبکہ سچے لکھاری قاری کو انٹرٹینمنٹ سے نکال کر حقیقی دنیا میں لانے کی اپنی سی کوشش کرتے ہیں، اس لیے سچے لکھاری ہمارے لیےشاید تھوڑے بورنگ ہوسکتے ہیں۔ اچھا لکھ کر آپ اچھا خاصا کماسکتے ہیں لیکن سچا لکھ کر آپ بہت کچھ گنوا بھی سکتے ہیں۔
جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے، قاری اور لکھاری کا رشتہ اور گہرا ہوتا چلا جا رہا ہے۔ ایک زمانہ تھا کہ لوگ صرف پڑھتے تھے، کتب، اخبارات، میگزین رسالے وغیرہ وغیرہ۔ یہ ون مین شو کا زمانہ تھا لیکن اب جب سے سوشل میڈیا آیا ہے، اس نے قاری اور لکھاری کے درمیان کمیونیکیشن گیپ ختم کردیا ہے۔ آج کا قاری صرف پڑھنا ہی نہیں بلکہ تبصرہ اور اچھی خاصی تنقید کرنا بھی خوب جانتا ہے۔ اگر سچ کہیں تو آج کے دور میں لکھاری جتنی شہرت لکھ کر حاصل نہیں کرتے قاری اس سے کئی گنا زیادہ شہرت مختلف لکھاریوں کے بلاگز اور سوشل میڈیا سائیٹس پر کمنٹس لکھ کرحاصل کر لیتے ہیں۔ جیسے لکھاریوں میں کالمسٹ، ناول نگار ادیب شاعر اور اب بلاگر ہوتے ہیں۔ اسی طرح لکھنے والوں کی ایک جدید قسم کمنٹیٹر بھی اب منظر عام پر آچکی ہے جو مختلف لکھاریوں کے بلاگز اور سوشل میڈیا سائیٹس پہ باقاعدگی سے تنقیدی یا تعریفی کمنٹس کرتی ہے۔
کچھ سوال ہیں جو میرے ذہن میں اکثر گردش کرتے رہتے ہیں کہ ایک اچھی تحریر کسے کہتے ہیں ؟
1۔ایک ایسی تحریرجسے بہت زیادہ لائیکس ملے ہوں ؟
2۔یا ایک ایسی تحریرجس پر بہت زیادہ تبصرے آئے ہوں؟
3۔یاایک ایسی تحریر جو بہت زیادہ پڑھی اور پسند کی گئی ہو اور جو ایک اچھی تحریر تو ضرور ہو پرکسی طور بھی ایک سچی تحریر نہ ہو؟
4۔یا پھر وہ تحریر جو ایک اچھی تحریر نہ بھی ہو تو ایک سچی تحریر ضرور ہو؟
میں اس بارے میں کسی نتیجے پر نہیں پہنچا، آپ کا کیا خیال ہے؟

Facebook Comments

فرقان علی
اپنے بارے میں بس اتنا کہہ سکتا ہوں کہ عام سا آدمی ہوں اور عام سی باتیں کرتا ہوں گزشتہ دس سالوں سے کویت میں مقیم ہوں یہاں ایک انٹرنیشنل فیشن برانڈ میں سیلز ایڈوائزر اپنی خدمات نبھا رہا ہوں

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply