• صفحہ اول
  • /
  • نگارشات
  • /
  • سوئنگ کیا ہے اور یہ کیوں ہوتی ہے۔ اور اس پر کون سے عوامل اثرانداز ہوتے ہیں؟۔۔۔مصباح شاہ

سوئنگ کیا ہے اور یہ کیوں ہوتی ہے۔ اور اس پر کون سے عوامل اثرانداز ہوتے ہیں؟۔۔۔مصباح شاہ

سوئنگ دراصل کرکٹ بال کا اپنے متعین راستے سے کچھ خاص عوامل کی بنا پر ہٹ جانا ہے۔ عمومی طور پر سوئنگ کی دو اقسام ہیں۔

روایتی سوئنگ یعنی سیم موومنٹ

ریورس سوئنگ

روایتی سوئنگ

روایتی سیم موومنٹ عام طور پر  کرکٹ بال کا ایسا سوئنگ ہونا ہے جو کہ کرکٹ بال کی سیم(Seam انگریزی زبان کا لفظ ہے جس کا اردو میں مطلب ہے سلائی۔ یعنی وہ چیز جو کہ سلی ہوئی ہو۔ اور جیسا کہ آپ جانتے ہیں کرکٹ بال کی سلائی کی گئی ہوتی ہے۔ اور اسی کی پوزیشن کی وجہ سے اس کو سیم موومنٹ کہتے ہیں) کی پوزیشن کی وجہ سے ہوتی ہے۔ کرکٹ بال کی سوئنگ میں فزکس کے کچھ اصول استعمال ہوتے ہیں جو کہ فزکس کی aerodynamics برانچ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ایک تعریف کے مطابق سوئنگ دراصل ہوا کے فلو کی باؤنڈری لیئر سیپریشن کے دورانیہ میں دیر کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ باؤنڈری لئیر کسی بھی فلوئیڈ کی وہ سطح ہے جو کہ زمین کی سطح کے ساتھ درجہ حرارت،نمی یا مومینٹم کے تبادلے سے متاثر ہوتی ہے۔ باؤنڈری لئیر کی سیپریشن میں دیر کرکٹ بال کی سیم کی پوزیشن سے پیدا ہوتی ہے۔ اگر ایک نئی کرکٹ بال کی پوزیشن فرسٹ سلپ فیلڈ کی جانب رکھی جائے تو وہ اپنے راستے سے کچھ یوں رخ بدلے گی کہ بجائے سیدھا جانے کے وہ بیٹسمین سے دور جائے گی۔ اس کو آؤٹ سوئنگ کہا جاتا ہے۔

جبکہ اگر کرکٹ بال کی سیم کی پوزیشن لیگ فیلڈ کی جانب رکھی جائے تو وہ بال سیدھا جانے کی بجائے بیٹسمن کی جانب مڑے گی اور ایسی بال کو ان سوئنگ کہا جاتا ہے۔

بال کی پوزیشن کے حساب سے سوئنگ کا نام باؤلر کے دائیں ہاتھ یا بائیں ہاتھ کی وجہ سے نہیں دیا جاتا بلکہ اس کو بال کے بیٹسمن کی جانب یا بیٹسمن سے دور جانے کی وجہ سے نام دیا جاتا ہے۔

جب روایتی سوئنگ کروانے کے لئے بالر سیم کی ایک خاص پوزیشن رکھتا ہے تو اس پوزیشن کی وجہ سے اندر آنے والی ہوا بال کی ایک طرف ٹرپ ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے مائیکرو ٹربیولینس پیدا ہوتا ہے۔ٹربیولینس ہوا کی حرکت میں بگاڑ کو کہتے ہیں۔اس مائکرو ٹربیولینس کی وجہ سے ائیر فلو کی سیپریشن میں زیادہ وقت لگتا ہے جس کی وجہ سے یہ ہوا کو بال کی ایک جانب سے دوسری جانب موڑ دیتی ہے اور بال اس دباؤ کی وجہ سے اپنا راستہ تبدیل کر لیتی ہے۔

روایتی سوئنگ میں کچھ اور عوامل بھی اثر پذیر ہوتے ہیں جیسا کہ پچ میں نمی کا موجود ہونا، بادلوں کا آسمان کو ڈھانپ لینا،دھیمی رفتار میں ہوا کا چلنا، بالر کی ریلیزنگ پوزیشن وغیرہ۔

نمی کا اثر۔Sheffield Hallam Universty کے سپورٹس انجینئرنگ رسرچ سینٹر کے co-author ڈیوڈ جیمز کا کہنا ہے کہ جب نمی والا دن ہوتا ہے تو یہ نمی بال کی سیم کو پھُلا دیتی ہے جس کی وجہ سے ہوا کا فلو متاثر ہوتا ہے اور یہ بال کو سوئنگ ہونے میں اور زیادہ مدد دیتی ہے۔

بادلوں کا اثر۔

انہی کا مزید کہنا یہ ہے کہ جب گرم دن ہوتا ہے اور زمین گرم ہوتی ہے تو یہ کنویکشن کرنٹ پیدا کرتی ہے جس کی وجہ سے ہوا میں ٹربیولینس پیدا ہوتا ہے۔جو کہ بال کی دونوں جانب ہوا کی رفتار کو متاثر کر دیتا ہے اور سوئنگ پیدا نہیں ہوتی۔(کنویکشن کرنٹ ہوا کی وہ حرکت ہوتی ہے جو کہ حرارت کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔)

جبکہ جس دن بادلوں نے آسمان کو ڈھانپ رکھا ہوتا ہے تو ہوا کی رفتار دھیمی ہوتی ہے اور ہوا ٹھہری ہوئی محسوس ہوتی ہے کیونکہ زمین کی حرارت کی وجہ سے کنویکشن کرنٹ پیدا نہیں ہوتا۔ اس ٹھہری ہوئی ہوا کی وجہ سے بال کی دونوں جانب سے ہوا کی سموتھ اور رف موومنٹ متاثر نہیں ہوتی جس کی وجہ سے بال زیادہ سوئنگ کرتی ہے۔

بالر کی ریلیزنگ پوزیشن۔ اس میں بال کی سیم کا اتنا کردار نہیں ہوتا بلکہ اگر بالر سٹمپس سے دور جا کر بال کو بیٹسمن کی جانب(یعنی اندر کی جانب) پھینکے توبال بالر کے بالنگ ہاتھ کے باہر کی جانب یعنی رائٹ ہینڈ بالر کی دائیں جانب اور اگر سامنے دائیں ہاتھ کا بلے باز ہے تو اس کے اندر کی جانب جائے گی اور اس سے ان سوئنگ پیدا ہوگی۔ جبکہ اگردائیں ہاتھ کا بالر سٹمپس سے قریب ہو کر بال کو کچھ یوں پھینکے کہ وہ بال بالر کے بالنگ ہاتھ سے نان بالنگ ہاتھ کی جانب جائے تو وہ بال دائیں بلے باز سے دور کی جانب جائے گی اور اس سے آؤٹ سوئنگ پیدا ہوگی۔

2۔ریورس سوئنگ

ریورس سوئنگ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے ریورس کا معنی الٹا کے ہیں۔

رویتی سوئنگ میں کرکٹ بال کی شائن چونکہ دونوں طرف ہوتی ہے اس لئے یہ دونوں طرف سوئنگ ہوتی ہے۔ جبکہ ریورس سوئنگ ہمیشہ پرانے بال سے ہوتی ہے۔ جب بال کئی اوورز پرانا ہو چکا ہو اور اگر فیلڈرز،کپتان اور بالرز نے بال پر محنت کی ہو تو بال کی ایک طرف شائننگ رہتی ہے اور دوسری سائیڈ لگاتار رگڑ کھا کھا کر رف ہو چکی ہوتی ہے۔ جب ہوا بال سے گزرتی ہے تو سموتھ یعنی شائننگ سائیڈ سے تیزی سے گزر جاتی ہے برنالی کے تھیورم کے مطابق فلوئیڈ کی جب سپیڈ بڑھتی ہے تو اس کا پریشر کم ہو جاتا ہے۔ اسی وجہ سے سموتھ سائیڈ سے چونکہ ہوا تیزی سے گزرتی ہے اس لئے اس طرف کا پریشر کم ہو جاتا ہے اور مخالف سمت کا زیادہ پریشر بال کو کم پریشر کی جانب دھکیلتا ہے۔ چونکہ بال سموتھ یعنی شائننگ سائیڈ کی جانب مڑتی ہے۔ریورس سوئنگ کے دوران عموماً سیم سیدھی رکھی جاتی ہے ایک تو اس سے ہوا کا فلو اچھے سے ہوتا ہے اور دوسرا اس سے بال کی رفنس یا شائن خراب نہیں ہوتی۔

اگر ریورس سوئنگ میں دائیں ہاتھ کے بیٹسمن کو دائیں ہاتھ کے بالر نے آؤٹ سونگ کروانی ہو تو وہ شائننگ سائیڈ کو باہر کی جانب رکھے گا اور ان سوئنگ میں اندر کی جانب۔

ریورس سوئنگ کرواتے وقت بالر بال کو چھپا کر رکھتا ہےاورہر ممکن کوشش کرتا ہے کہ بیٹسمین کو معلوم نہ ہو کہ شائننگ سائیڈ کس طرف ہے تاکہ ریلیزنگ پوائنٹ تک بیٹسمین کو معلوم نہ ہو کہ بال کس جانب سوئنگ ہوگی اور بیٹسمین عین وقت دھوکے میں رہے اور ڈبل مائنڈڈ ہو کر غلطی کر دے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

چونکہ اس میں ہوا کی سپیڈ کا زیادہ عمل دخل ہے اسی لئے ریورس سوئنگ کے لئے بالر جتنی زیادہ رفتار سے بال کروائے گا اتنی زیادہ سوئنگ ہوگی۔ جبکہ کنونشنل سوئنگ کم رفتار پر زیادہ کارآمد ہوتی ہے اسی لئے سوئنگ کروانے والے بالرز کی رفتار کم ہوتی ہے۔اسی لئے سوئنگ کے بہترین بالرز میں گلین مکگراہ شامل ہیں۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply