سنستھیزیا۔۔۔۔۔بنت الہدیٰ

سنہرا رنگ مجھ سے بات کرتا ہے،
اپنی داستان بیان کرتے ہوئے
کبھی زرد ہوجاتا ہے۔۔۔
تو کبھی آفتاب کی مانند اسقدر روشن کہ آنکھیں تاب نہیں لاسکتیں  اور بند ہوجاتی ہیں۔۔۔
مگر منظر نظروں سے اوجھل نہیں ہوتا۔
میرا ایقان ہے۔۔۔
سنہرے گنبد بند آنکھوں سے بھی دیکھے جاسکتے ہیں
اور بنا آواز کے سُنائی بھی دیتے ہیں۔۔۔
جیسے اس گنبد کا سنہرا رنگ
مجھ سے باتیں کرتا ہے۔۔۔
سائنس تسلیم کرتی ہے
رنگوں کو سُنا اور محسوس کیا جاسکتا ہے
سارے ہی رنگ اپنی زبان رکھتے ہیں۔۔
اور ہر رنگ سے جڑا علیحدہ احساس۔۔
رنگوں کو سننے اور محسوس کرنے کے لئے
“سنستھیزیا” ہونا ضروری ہے۔۔
مگر میں اور مجھ جیسے کئی لوگ
بنا سنستھیزیا کے ہی
طلائی گنبد سے گھنٹوں باتیں کرسکتے ہیں۔۔
سرخ پھریرے سے نکلنے والی صدائے استغاثہ کی لہروں کو دیکھ سکتے ہیں
سیاہ رنگ کا احتجاج سن سکتے ہیں
اور تو اور۔۔۔۔۔
سبز رنگ کی خوشبو کو بھی محسوس کیا جاسکتا ہے
دوران طواف سفید رنگ کے ذائقے کو چکھا جاسکتا ہے۔۔۔
ویسے ہی جیسے زندگی سے بھرپور نوجوان نے
موت کا ذائقہ بتایا تھا۔۔۔
سائنس ثابت کرتی ہے کہ
رنگوں کو سننے اور محسوس کرنے کے لئے
دماغ میں بچھی
نیورون کی تاروں کا الجھنا ضروری ہے۔۔
مگر عزادار جانتے ہیں
انہیں ‘سنستھیزیا’ نہیں۔۔۔
ان کے لئے
فرش عزا پر بچھی چاندنی میں سوچ کا الجھنا ہی کافی ہے۔۔۔!

Advertisements
julia rana solicitors london

Synesthesia: A neurological condition that results in joining of senses that are not normaly connected. synesthesia may hear colors, taste and see sounds… ))

Facebook Comments

بنت الہدی
کراچی سے تعلق ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply