وہ بھولی بھالی شکل وصورت والی معصوم بچی تھی جس کی عمر آٹھ سال تھی اس کا نام فروا تھی -اس کے والدین ملازمت پیشہ تھے -ماں ایک اسکول میں استانی تھی اور باپ ایک سرکاری محکمے میں ملازم تھا -اس نے گھر کا گیٹ کھولا اور کھیلنے کے لیے باہر نکلی -وہ ہمسایوں کے گھر سے اپنی ہم عمر کرن کو بلانے کے لیے بیل بجانے لگی – دروازہ کرن کے خانسامہ نے کھولا ۔ اسے دیکھ کر خانسامہ کی آنکھیں چمکنے لگی –
“کرن گھر پہ ہے ” ،فروا نے پوچھا
“ہاں ہاں “۔۔آجاؤ،خانساماں بولا
وہ اندر داخل ہوئی -گھر میں بہت خاموشی تھی ۔۔۔کرن ،کرن !
فروا نے صدا لگائی ۔۔
“ادھر آجاؤ! کرن یہاں ہے ” اخانساماں نے اسے بازو سے پکڑا اور گھر کی پچھلی طرف لے جانے لگا ۔
وہ اسے اپنے کوارٹر میں لے گیا اس نے دروازہ بند کیا اور فروا کو گود میں بٹھالیا۔
اس کے ہاتھ کسی چھپکلی کی طرح سے فروا کے بدن کی دیوار پر رینگنے لگے ۔۔۔آہستہ آہستہ،بے آواز مگر محتاط۔۔
“تم بہت پیاری ہو مجھے بہت اچھی لگتی ہو مجھ سے دوستی کرلو۔۔یہ پیسے لے لو ٹافیاں لے لینا۔”خانسامے نے جیب سے پیسے نکال کے اسے دیے ۔
“نہیں انکل مجھے نہیں لینے- مما نے منع کیا ہے مجھے چھوڑیں مجھے گھر جانا ہے ”
فروا بولی ۔۔
“ابھی تھوڑی دیر رکو پھر چلی جانا “۔۔ خانساماں بولا
فروا نے خود کو ِچھڑ وانے کی کوشش کی لیکن بے سُود –
وہ اپنی ہوس بھی پوری کرتا رہا اور فروا کو ڈراتا بھی رہا — فروا کی معصومیت اس جنسی ہرا سگی کو سمجھنے سے قاصر تھی جس کا وہ شکار ہورہی تھی۔۔
“انکل مجھے چھوڑیں ۔مجھے جانے دیں “۔۔فروا منمنائی۔۔
“ٹھیک ہے ابھی تم جاؤ مگر تم کسی کو یہ بات نہیں بتاؤگی کہ تم یہاں آئی تھی ورنہ میں تمہیں بڑی چھری سے مار دونگا جس سے میں گوشت کاٹتا ہوں ۔”خانسامے نے فروا سے کہا:
“کسی کو اگر بتایا تو سب تمہیں ماریں گے “۔اس نے فروا کو مزید ڈرایا۔۔۔اور چھوڑ دیا، فروا اپنے گھر کی سمت بھاگی ،
گھر جا کر وہ خاموشی سے بستر میں لیٹ گئی ۔اس کا معصوم ذہن کچھ بھی سمجھنے سے قاصر تھا لیکن جو بھی تھا اس کے لیےعجیب تھا ،بے حد عجیب ۔۔ماں سکول سے تھکی ہوئی آئی تھی سورہی تھی اسے علم ہی نہ ہوسکا بیٹی کسی بھیڑیے کے جال میں پھنسنے جارہی ہے ۔۔ فروا نے اب کرن کے گھر جانا چھوڑ دیا اب وہ گھر سے بھی بہت کم نکلتی ، وہ سہمی ہوئی سی رہتی ،ایک دن کرن اس کے گھر آئی اور اسے کھیلنے پر مجبور کرنے لگی ۔۔۔”یہیں پر کھیلتے ہیں “،فروا نے مشورہ دیا لیکن کرن نہ مانی اور اس کی مما کو شکایت لگانے پہنچی۔
“کرن اتنا اصرار کررہی ہے تو اس کے ساتھ چلی جاؤ “۔۔۔مما بولی،
“آنٹی میں اس کو اپنی نئی ڈول بھی دکھاؤ گی “۔کرن نے کہا
“تم نے تو فروا گھر سے نکلنا ہی چھوڑ دیا ہے کرن کے ساتھ جاؤ اور کھیلو “مما نے سختی سے کہا ۔۔
فروا مجبوراً کرن کے ساتھ چلی آئی ،
وہ دونوں گیٹ سے اندر داخل ہوئیں اور لان میں جھولے جھولنے لگیں،
خانساماں کچن سے نکلا تو ان کی آوازیں سن کر اس طرف آنکلا ،
فروا کو دیکھ کر اس کی آنکھیں ہوس سے چمکنے لگیں، اس کا ذہن منصوبہ بندی کرنے لگا کہ کیسے اسے اپنا نشانہ بناۓ –
اتنے میں کرن کو اپنی ڈول کا خیال آیا ۔۔اس نے فروا سے کہا “میں ڈول لے کے آتی ہوں “۔۔ یہ کہہ کر وہ اندر کی سمت بھاگی
خانساماں نے فروا کو گود میں اٹھایا اور اپنے کوارٹر کی سمت چلا ،اس نے کمرے کی کنڈی چڑ ھائی اور فروا کو بستر پر اپنے ساتھ لٹا لیا،اس کے ہاتھ فروا کے بدن پر کسی حشرات العرض کی مانند رینگنے لگے۔۔ اس نے فروا کو اپنے ساتھ چپکالیا ، خانسامے نے بہت ہوشیاری سے واردات بھی کی اور کوئی ثبوت بھی نہ چھوڑا ، اس نے تتلی کو بہت احتیاط سے پکڑا ،چھوا ،مَسلا لیکن ٹوٹنے نہیں دیا۔۔
اس نے فروا کو خوب ڈرایا اور کسی کو نہ بتانے کا کہا۔۔
فروا گھر چلی آئی ۔۔ماں نے اس کا اترا ہوا چہرا دیکھا تو پوچھا ۔۔
کیا ہوا کرن سے جھگڑا ہو گیا ہے جو منہ لٹکا ہوا ہے –
یہ سن کر فروا رونے لگی لیکن اس نے ماں کو کچھ نہیں بتایا ،البتہ اس کی ذہنی حالت بدلنے لگی ،وہ نیند میں ڈرنے لگی اور کھوئی کھوئی سی رہنے لگی ،پڑ ھائی میں بھی اس کے مارکس کم آنے لگے ۔۔
خانسامے نے کئی دفعہ موقع سے فائدہ اٹھایا اور فروا کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا،
فروا کی ماں کے پاس بچوں کو دینے کے لیے وقت نہیں تھا -وہ بیٹی میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں سے بے خبر تھی
ایک دن فروا کی ٹیچر نے اسکول میں بچوں کو گڈ اور بیڈ ٹچ کا فرق سمجھایا اور ایسے لوگوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ،اس کے بعد فروا نے گھر سے نکلنا بالکل چھوڑ دیا ۔۔
چند دن بعد کرن اس کے گھر آئی اور اسے کہا تمہیں چاچا (خانساماں )بلا رہے ہیں انہوں نے کہا “کہ اگر تم نہ آئی تو وہ تمہارے پاپا کو تمہاری شکایت لگائیں گے
فروا کو میم کی بات یاد آگئی اس نے بے خوف ہو کر کہا “لگادیں میں ان سے نہیں ڈرتی “۔۔
ٹیچر کے سمجھانے سے فروا اس وحشی درندے کی مزید دست برد سے تو بچ گئی -لیکن اس واقعے نے اسے ذہنی اور نفسیاتی طور پر توڑ پھوڑ کے رکھ دیا -وہ دوبارہ کبھی ہنستی مسکراتی بچی نہ بن سکی ،اس واقعے کے دور رس نتائج اس کے آنے والی زندگی پر اس طرح پڑے کہ ہوش سنبھالنے کے بعد وہ شادی سے متنفر ہوگی اور ساری زندگی تنہا گزار دی !
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں