ضروری باتیں !! ۔۔۔ مہرساجدشاد

عید الاضحی (عید قربان) اور یوم آزادی اکٹھے آ رہے ہیں۔
جھنڈا ضرور لگائیں لیکن کاغذ کی جھنڈیوں کو بھی اپنے پرچم کی عزت دیں انہیں گلیوں بازاروں میں لگائیں لیکن یہ زمین پر گر جائیں تو انہیں اٹھا کر بے حرمتی سے بچائیں۔
یوم آزادی مناتے ہوئے کم از کم ایک پودا ایسا ضرور لگائیے جس کی آپ پورا سال دیکھ بھال کر سکیں، پاکستان کو پودوں اور درختوں سے سرسبز کرنے کا عہد کریں۔
عید کی تیاریوں میں جانور کی خریداری اور اس کی دیکھ بھال اہم ہے، خریداری کیلئے جاتے ہوئے کوشش کریں بچوں کو ساتھ نہ لے جائیں ویسے انہیں جانوروں کی منڈیاں ضرور دیکھا لائیں، خریداری کے وقت بچوں کا ساتھ ہونا اکثر فیصلہ اور بھاؤ میں مسائل پیدا کر دیتا ہے۔ اگر بچے ساتھ ہوں تو صرف انہیں سنبھالنے خیال رکھنے کیلئے ایک فرد اضافی ضرور ساتھ ہو۔
خریداری کیلئے اکیلے نہ جائیں گروپ کی صورت میں جائیں نقد رقم پاس ہونے کے باعث حفاظتی اقدامات بہت ضروری ہیں۔ جانور کو ایک سے زائد لوگ دیکھیں اور پھر اسے ریوڑ سے الگ کھڑا کر لیں جانور کا بھاؤ کرتے ہوئے بھی اکیلے پیشہ ور بیوپاریوں کے گھرے میں کھڑے ہونے کی بجائے جانور والے بیوپاری کو اپنے سامنے کھڑا کر کے اس سے بات کریں۔
جانور کو گھر لانے والی گاڑی پر بھی اپناکم از کم ایک یا زیادہ افراد کو سوار کریں اور گاڑی کے نمبر پلیٹ اور ڈرائیور کی تصویر کھینچ لیں ،راستے میں جانور چھین لینے کی وارداتوں میں کئی دفعہ ڈرائیور ملوث پائے گئے ہیں یا وہ خود راستے میں ڈاکو بن جاتے ہیں۔
گھر جانور کو سایہ دار خشک جگہ پر باندھیں برسات کے اس موسم میں جانور جلد بیمار پڑ جاتے ہیں انہیں خشک اور کم صرف ضروری مقدار میں خوراک دیں۔
بچوں کو جانور کو سیر کروانے کا بہت شوق ہوتا ہے انہیں کسی بڑے فرد کے بغیر جانور باہر نہ لے جانے دیں، بچوں سے جانور چھیننے کے متعدد واقعات ہو چکے ہیں۔
عید کے روز نماز عید سے فارغ ہو کر قربانی کی تیاریوں میں بھی بچوں کو زبح کے عمل پر تفصیلی معلومات دیں اور بتائیں کہ یہ کوئی کھیل نہیں جو بچے مل کر کھیلیں، ایسے خطرناک واقعات بھی ہو چکے ہیں جن میں بچوں نے ایک دوسرے کو زبح کر دیا۔
گوشت کو بانٹا رکھنا آپ کا اپنا فیصلہ ہے آپ مکملُ بااختیار ہیں، جانور کی کھال کو بھی جہاں مناسب سمجھیں بروقت اور جلدبھیج دیں اگر اس میں کچھ تاخیر ہو تو خیال رہے کہ اسے خشک اور سایہ دار جگہ پر دھوپ سے بچا کر رکھیں، اگر ممکن ہو تو اسکے چھچھڑے والی سائیڈ پر نمک لگا دیں۔
پکوان بنا کر کھائیں باربی کیو کریں لیکن اگر ممکن ہو تو ایسے غریب گھرانے اور لوگ جو سارا سال گوشت خریدنے کے وسائل نہیں رکھتے انہیں یہ پکوان اور باربی کیو بنا کر اور مکمل لوازمات کیساتھ کھلائیں ۔ یقین جانیں یہ لوگ اس گوشت کو اچھے طریقے سے پکانے کیلئے درکار اشیا خریدنے کی مالی استطاعت بھی نہیں رکھتے، اپنے رشتہ داروں عزیزوں محلہ داروں میں ان غریب اور مستحق لوگوں کے علاوہ اولڈ ہوم ، چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز، ماڈل چلڈرن ہوم، ایدھی ہوم، یتیم خانے وغیرہ آپکی طرف سے ایسی خدمت کیلئے موجود ہیں۔
اللہ آپ کی قربانیوں کو قبول کرے اور پاکستان کو امن سلامتی اور ترقی عطا فرمائے، آمین۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply