ہم پاکستانی ہر چیز میں ایک خاص مزاج اور ذوق رکھتے ہیں۔ ہمارا ہر خوشی منانے کا ایک منفرد انداز ہے۔ ہمارا ہر تہوار ایک خاص رنگ لئے ہوتا ہے۔ ہم نے اپنے شوخ مزاج کے مطابق ہر خوشی اور تہوار میں کچھ ایسی چیزیں اپنالی ہیں کہ اگر وہ چیزیں نہ ہوں تو ہماری خوشی، خوشی نہیں رہتی اور ان چیزوں کے بغیر ہمارا وہ تہوار ایسا ہی پھیکا ہوجاتا ہے جیسا کھانا نمک کے بغیر۔ ہماری میٹھی عید کو شیرخورمہ کے علاوہ دنیا کی کوئی چیز میٹھا نہیں کرسکتی۔ وہ بارش ہی کیا جو پاکستان میں برسے اور بارش کے نتیجے میں پھیلنے والی مٹی کی مہک کے ساتھ پکوڑوں کی خوشبو کی بھینی بھینی آمیزش نہ ہو۔
اسی طرح عیدِ قرباں بھی ہمارے ملک میں ایسے انداز سے منائی جاتی ہے کہ دنیا میں کہیں اس طرح نہیں منائی جاتی۔ بقرعید سے پہلے گھروں کے باغیچوں میں اور گھروں کے سامنے آپ کو جانور بندھے نظر آئیں گے۔ بچوں کی تو عید ہی ان جانوروں کے ساتھ کھیلنا، ان کو ٹہلانا، ان کو خوب چارہ کھلانا اور ان کی خوب خدمت کرنا ہے۔ بچے ہی کیا، بڑوں میں سے بھی شوقین حضرات جانوروں کی خدمت اور ان کو ٹہلانے میں پیش پیش ہوتے ہیں۔
اگر ہمیں ان چیزوں میں خوشی ملتی ہے تو کوئی حرج نہیں کیونکہ قربانی کے جانور کو کچھ عرصہ پہلے خرید کر کھلا پلا کر فربہ کرنا تو ثواب کا کام بھی ہے۔
اس کے بعد اگلا مرحلہ جانوروں کی قربانی کا ہے، اس میں بھی ہمارے ہاں سڑکوں پر ذبح کرنے کا رواج ہے اور ہمیں اسی میں مزہ بھی آتا ہے۔
عید تو ہوتی ہی خوشی کے لئے ہے۔ اگر ہم اپنی ان خوشیوں میں چند چیزوں کا خیال رکھیں تو ہم بہت سے لوگوں کے لئے اپنے آپ کو تکلیف کا سبب بننے سے بچاسکتے ہیں۔
ہمیں چاہیے کہ ہم جانور ایسی جگہ باندھیں کہ گزرنے والوں کا رستہ بند نہ ہو اور گندگی پھیلنے کی وجہ سے کسی گزرنے والے کو تکلیف نہ ہو کیونکہ حدیث مبارکہ کی رو سے مسلمان کی تو شان ہی یہی ہے کہ وہ اپنے عمل سے کسی کو تکلیف نہیں پہنچاتا۔
جانور تو گندگی پھیلاتے ہی ہیں۔ اگر ہم گندگی نہ ہونے دیں اور صفائی کا خیال رکھیں تو یہ بھی ایک طرح سے اس جانور کی خدمت اور ثواب کا کام ہے، جبکہ مجموعی طور پر بھی ہم اپنی فضا کو گندا ہونے سے اور ماحولیاتی آلودگی سے بچاسکتے ہیں۔ قربانی کے وقت بھی خون اور آلائشوں کو مقررہ جگہ پر ٹھکانے لگا کر ماحول کو بدبو اور جراثیم سے پاک رکھا جاسکتا ہے۔
ان تمام باتوں کے ساتھ ساتھ ہمیں یہ بھی خیال کرنا چاہیے کہ ہمارے کھیل اور تفریح کے چکر میں قربانی کے جانور کو تکلیف نہ ہو کیونکہ ہمارا دین ہمیں جانوروں کے حقوق بھی بتاتا ہے اور ناحق کسی جانور کو تکلیف پہنچانے کو جائز نہیں کہتا۔
اللّٰہ تعالیٰ ہماری قربانیوں کو قبول فرمائے اور اس عید کی حقیقی خوشیاں نصیب فرمائے، آمین۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں