• صفحہ اول
  • /
  • کالم
  • /
  • بے آواز گلی کوچوں سے۔۔۔ یہ سیاستدان کیا کھاتے ہیں؟/محمد منیب خان

بے آواز گلی کوچوں سے۔۔۔ یہ سیاستدان کیا کھاتے ہیں؟/محمد منیب خان

ملک معراج خالد کا نام یقیناً اس سوشل میڈیا سے بصیرت حاصل کرنے والی نسل کے لیے اجنبی ہوگا۔ ملک معراج خالد پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اراکین میں سے تھے۔ بھٹو کے قریبی ساتھی شمار ہوتے تھے۔ ستر کی دہائی میں جب پیپلز پارٹی کی حکومت تھی تو ملک صاحب مختلف وزارتوں پہ براجمان رہے۔ دو بار سپیکر قومی اسمبلی بنے۔ اور پھر جب سابق صدر فارق لغاری نے کرپشن کے الزامات پہ بینظیر کی دوسری حکومت کو گھر بھیجا تو ملک صاحب اگلے انتخابات تک کے لیے نگران وزیراعظم بنے۔ جس بندے کا یہ سیاسی سفر رہا ہو۔ جس نے اقتدار کے ایوانوں میں اس قدر وقت گزارا ہو اس کے باوجود وہ وزیر اعظم بن کر بھی کے۔ٹو کے سگریٹ پیا کرتے تھے۔ رکشہ میں اسمبلی پہنچ جاتے تھے۔ نگران وزیراعظم تھے تو ان کی گاڑی گورنر کے پروٹوکول کی وجہ سے ٹریفک میں پھنس گئی۔ عاجزی اور انکساری کا ایسا مظہر کہ سبزی لینے تک خود چلے جاتے۔ ہٹو بچو کی صداؤں، پروٹوکول، تصنع اور بناوٹ سے کوسوں دور سادگی کا بے مثال نمونہ ایک ایسا شخص جس کو پاکستان کی ماضی قریب کی سیاسی تاریخ کے سر کا تاج ہونا چاہیے تھا جسکی زندگی کو درسی کتب میں شام کیا جانا چاہیے تھا۔ اور جس کے سیاسی سفر کا تعارف نئی نسل سے ہونا چاہیے وہ آج لاہور کے مضافاتی علاقے میں اپنے گاؤں میں ابدی نیند سو رہا ہے۔ وہ کیسے ایک غریب گھرانے میں پیدا ہونے سے لے کر ملک کی وزرات تک پہنچا۔اور کس طرح اپنے دامن کو کرپشن کے الزامات سے بچا کر کامیاب سیاسی سفر کیا۔ اس پہ تحقیق موجودہ نسل کو بہت کچھ سکھا سکتی ہے۔ لیکن شاید سیاستدانوں کے اجلے کردار کو سامنے لانے کے لیے یہاں کوئی تیار نہیں۔

جاوید ہاشمی کا نام یقیناً کسی کے لیے اجنبی نہیں ہوگا۔ ستر کی دہائی سے طلبا سیاست سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کرنے والے جاوید ہاشمی ضیا کے مارشل لا کے دور میں نوجوان ترین وزیر بنے لیکن اس وزرات پہ عمر بھر ندامت کا اظہار کرتے رہے۔ نواز شریف کی نوے کی دہائی میں بننے ہونے والی دونوں حکومتوں میں وزیر رہے۔ ضیا کے مارشل لا کا ساتھ دینے کے گناہ کا کفارہ مشرف کو للکار کر ادا کیا۔ ن لیگ کی قیادت کو جب قید و بند کی صعوبتوں کے بعد مشرف نے جلا وطن کیا تو جاوید ہاشمی نے نا صرف پارٹی کی صدرات کا بوجھ اٹھائے رکھا بلکہ مارشل لا کے خلاف اس طرح میدان عمل میں رہے کہ بالآخر ان کی آواز کو دبانے کے لیے ان کو پسِ  زنداں رکھنا پڑا۔ مشرف کا مخصوص احتساب جب کر پشن کا کوئی کیس سامنے نہ لا سکا تو “غداری” کا کیس بنا دیا۔ جاوید ہاشمی نے 2002 کا الیکشن جیل سے جیتا۔ پھر 2008 کے عام انتخابات میں بیک وقت تین حلقوں سے کامیابی سمیٹی۔ زمانہ طالب علمی سے لے کر اب تک دو درجن بار جیل گئے۔ لیکن کرپشن کا کوئی کیس نہیں۔ جاوید ہاشمی فطرتاً باغی تھے۔ ن لیگ اور نواز شریف سے32 سالہ رفاقت 2011 میں ختم ہوئی۔ تحریک انصاف کے ساتھ بھی سیاسی رومانس زیادہ نہ چل سکا۔ چونکہ اب رواج کے مطابق کسی مخالف کی اچھائی اور بڑائی بیان کرنا ایک عیب سمجھا جاتا ہے۔ لہٰذا تحریک انصاف چھوڑنے اور دوبارہ ن لیگ میں شامل ہونے کے بعد جاوید ہاشمی کی  ذات تبدیلی کے خواہاں گروہ کے لیے معلون ہو گئی۔ ایک ایسا شخص جس کا سیاسی کیرئیر طلبا سیاست سے شروع ہو کر اقتدار کے ایوانوں تک پہنچا۔ اور جس کا جمہوریت سے عزم ایک مثال ہونا چاہیے تھا۔ کہ جس پہ کرپشن کا کوئی داغ نہیں وہ آج سیاسی مخالفت کی وجہ سے تقریباً گوشہ نشیں ہو چکا ہے۔ لوگ اب اس کی آواز پہ کان نہیں دھرتے۔

پروفیسر غفور احمد کا سیاسی سفر 1950 میں جماعت اسلامی یوتھ ونگ سے شروع ہوا۔ اس کے بعد وہ کراچی میٹرو پولیٹن   کے ممبر بنے۔ دو بار رکن قومی اسمبلی رہے پھر سینیٹر منتخب ہوئے اور وزیر بنے۔ پروفیسر غفور احمد تہتر کے متفقہ آئین کا مسودہ بنانے والے کمیٹی کے رکن تھے۔ کراچی کا ایک عام سیاسی کارکن مسند اقتدار کی سیڑھیاں چڑھا۔ اور پھر2012 میں زمین کی آغوش میں چلا گیا۔ لیکن اب شاید کتنے ہی لوگ ہوں گے جو اس بے داغ سیاستدان کو پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر کو یاد رکھے ہوئے ہیں۔

یہ محض تین مثالیں ہیں۔ صرف لوگوں کو جھنجھوڑنے کے لیے۔ ۔لسٹ بہت لمبی ہے۔ اس ملک کو ستر سالوں میں سیاستدان نے نا  صرف بہت کچھ دیا اور بدلے میں بہت کچھ بھگتا بھی۔ ہم نے آج سیاستدانوں کو ایک گالی بنا دیا ہے۔ سیاسی نفرت اور بدگمانی میں ہم اس مقام پہ پہنچ گئے ہیں (پہنچا دیے گئے ہیں) کہ ہمیں بحیثیت مجموعی سیاستدانوں کی پگڑیاں اچھال کر مزا آتا ہے۔ ہم راہ چلتے کہہ دیتے ہیں کہ فلاں کرپٹ ہے فلاں سمگلر ہے۔ فلاں قاتل ہے۔ وہ لوگ صفائیاں دیتے رہتے ہیں دہائیاں دیتے رہتے ہیں کہ میں فلاں عزت دار باپ کا بیٹا ہوں۔ میں فلاں خانوادے کا چشم و چراغ ہوں میں ایسا نہیں کر سکتا۔ لیکن بدگمانی کی انتہا پہ بیٹھے سیاسی مخالف بس یہی کہتے ہیں جاؤ عدالتوں سے صاف ہو کر آ جاؤ۔ ان نا سمجھو کو کون سمجھائے کہ جہاں عدالتی بینچ واٹس ایپ کال پہ بنتے ہوں۔ جہاں احتساب ادارے کا چئیرمین احتساب کے بہانے خواتین کو جنسی طور پہ ہراساں کرتا ہو۔ جہاں احتساب عدالت کا جج فیصلہ دینے کے بعد ضمیر کی آواز پہ معافیاں مانگتا ہو۔ جہاں احتساب کا ادارہ ایک سال سے مقید بیوروکریٹس پہ ریفرنس نہ دائر کر سکا ہو۔ وہاں خواجہ محمد رفیق کا بیٹا ہو۔ یا خواجہ صفدر کا۔ خاقان عباس کا چشم و چراغ ہو یا میاں محمد شریف کا۔ یا کوئی دوسرا ایماندار سرکاری افسر۔ یہ سب کبھی بھی اپنی بیگناہی ثابت نہیں کر سکتے۔

Advertisements
julia rana solicitors

لیکن یہ سب سیاستدان ڈٹے ہوئے ہیں۔ ملک کو بہت کچھ لوٹانے کی سزا پا کر بھی ڈٹے ہوئے ہیں۔ ان کے جھڑتے ہوئے بال اور نمک مرچ ہوتی داڑھیاں ان کے عزم کو متاثر نہیں کر سکیں۔ عقوبت خانے، جیل کی صعوبتیں اور قید و بند کا تشدد ان کے ارادوں کو اور نظریات کو نہیں توڑ سکا۔ نجانے ایمانداری کے خمیر میں ایک کونسا عنصر ہے جو ان کے عزم کو جوان رکھے ہوئے ہے۔ نجانے یہ سیاستدان کیا کھاتے ہیں؟

Facebook Comments

محمد منیب خان
میرا قلم نہیں کاسہء کسی سبک سر کا، جو غاصبوں کو قصیدوں سے سرفراز کرے۔ (فراز)

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply